Inquilab Logo Happiest Places to Work
Ramzan 2025 Ramzan 2025

خانہ کعبہ سے بیت المقدس تک نماز ِ عید میں  مظلوموں کیلئے دُعائیں

Updated: March 31, 2025, 10:57 AM IST | Makkah

عرب ممالک میں عید جوش وخروش کے ساتھ منائی گئی، سربراہان مملکت نے مبارکباد پیش کرتے ہوئے اسے امت مسلمہ کیلئے خوشی، غور و فکر اور اتحاد کاموقع قرار دیا۔

Saudi Crown Prince Mohammed bin Salman meets his father and Saudi King Salman on Eid. Photo: INN.
سعودی ولی عہد محمد بن سلمان اپنے والد اور سعودی فرمانروا شاہ سلمان سے عید ملتے ہوئے۔ تصویر: آئی این این۔

خانہ کعبہ سے بیت المقدس تک اتوار کو عید الفطر کے روح  پرور اجتماعات کے دوران مسلمانوں   نے جہاں   اللہ رب العزت کے اس انعام پر خوشیوں  کا اظہار کیا وہیں  غزہ اور دنیا بھر کے مظلوم مسلمانوں   کیلئے نماز عید الفطر کے بعد دعاؤں  کا اہتمام بھی کیا گیا۔ اس موقع پر عرب سربراہان مملکت نے عالم اسلام کو عید کی مبارکباد پیش کرتے ہوئے یاد دہانی کرائی کہ عید خوشی، غور و فکر اور اتحاد کا موقع ہوتی ہے۔ تہنیتی پیغامات جاری کرنے والوں میں سعودی عرب کےشاہ سلمان اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے علاوہ اردن کے شاہ عبداللہ دوم، بحرین کے شاہ حمد بن عیسیٰ الخلیفہ اور متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زید النہیان شامل تھے۔ 
اتوار کو کن ممالک میں  عید منائی گئی
سعودی عرب، فلسطین، متحدہ عرب امارات، قطر، کویت، بحرین، عراق، لبنان، یمن، ترکی، انڈونیشیا، سوڈان، صومالیہ، امریکہ، روس، فرانس سمیت متعددیورپی ممالک ، کنیڈا اور مالدیپ میں اتوار کو عید الفطر منائی گئی۔ خانہ کعبہ اور مسجد نبوی ؐسے بیت المقدس تک نماز عید کے روح پرور مناظر دیکھنے کو ملے۔  اسرائیل کی سختیوں  کے باوجود ہزاروں   کی تعداد میں  فلسطینی مسلمانوں نے بیت المقدس میں پہنچ کر نماز عید الفطر ادا کی۔ عمان، ایران، اردن، مصر، ملائشیا، برونئی، پاکستان، بنگلہ دیش، سری لنکا اور دیگر ملکوں میں   عید الفطر ۳۱؍ مارچ کو ہندوستان کے ساتھ منائی جائے گی۔ 
حرمین شریفین کی روح پرورعید
مکہ مکرمہ میں مسجدالحرام اور مدینہ منورہ میں مسجد نبویؐمیں عید الفطر کی نماز کی ادائیگی کے اجتماع میں ہزاروں مقامی اور غیر ملکی زائرین نماز عید کے اجتماعات میں شریک ہوئے۔ خادم حرمین شریفین شاہ سلمان نے عیدالفطر کے موقع پر ملت اسلامیہ کو مبارک باد پیش کرتے ہوئے اپنے پیغام میں کہا کہ ’’اللہ کا شکر ہے کہ رمضان میں لاکھوں عمرہ زائرین کی خدمت کا موقع ملا۔ ‘‘مسجد الحرام اور مسجد نبویؐ کے انتظامات کے ذمہ دارادارہ کے سربراہ نے بتایا ہے کہ اس سال رمضان کے ۲۹؍ دنوں   میں ۱۲؍کروڑ ۲۲؍ لاکھ ۸۶؍ ہزار ۷۱۲؍ افراد نے مسجد الحرام اور مسجد نبویؐ کا دورہ کیا۔ 
مسجد الحرام میں نماز عید کی امامت الشیخ عبدالرحمن السدیس نے کی۔ مسجد نبویؐ شیخ عبداللہ کی امامت میں  نماز عید ادا کی گئی۔ لاکھوں افراد نے ان دونوں  کی اقتدا میں نماز عید ادا کی۔ مسجد نبوی ؐ میں  عید کے خطبہ میں   شیخ  عبداللہ نے مسلمانوں کو اخوات، اتحاد اور خیر خواہی کی تلقین کی۔ مدینہ منورہ میں ملحقہ علاقوں میں نماز عید کے بعد باران رحمت برس پڑی مسجد نبویؐ میں بھی بارش ہوئی جس پر زائرین نے اللہ کا شکر ادا کیا۔ بارش کی وجہ سے مدینہ منورہ کا موسم خوشگوار ہوگیاعیدالفطر کے خطبے کے بعد عالم اسلام کی سلامتی اور خوشحالی کیلئے دعائیں کی گئیں جبکہ فلسطینیوں کیلئے بطور خاص دعا کی گئی۔ 
فلسطینیوں نے کھلے آسمان تلے عید منائی
ادھر اسرائیل کے ظلم اور بمباری کے بیچ فلسطین میں عیدالفطر بے گھر فلسطینی مسلمانوں   نے کھلے آسمان تلے، خوراک کی شدید قلت اور بے پناہ مسائل کے دوران منائی۔ نماز عید الفطر کسی بھی وقت بمباری کے اندیشوں کے بیچ کھنڈرات کے درمیان ادا کی گئی۔ مسجد اقصیٰ میں نماز عیدالفطر کا اجتماع ہوا، جس میں ہزاروں مسلمانوں نے شرکت کی، نماز کی ادائیگی کے بعد دعا بھی کروائی گئی۔ حماس نے عید کے ایام میں  جنگ بندی کیلئے یرغمالوں  کی رہائی کی پیشکش کی تھی جسے تل ابیب نے تسلیم نہیں  کیا۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK