• Thu, 09 January, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo

’ایچ ایم پی وی‘ سےطلبہ کی حفاظت کیلئے اسکولوں میں احتیاطی تدابیر

Updated: January 09, 2025, 1:50 PM IST | Saadat Khan | Mumbai

وبا سےمتعلق اسکولوں میں میٹنگ کا انعقاد۔ کھانسی، سردی اور بخار میں مبتلا بچوں کو اسکول نہ بھیجنے کی ہدایت۔ ماسک لگاکر آنےکی درخواست۔

People have started wearing masks in view of the `HMPV`. (Photo: Ashish Raje)
’ایچ ایم پی وی ‘کے پیش نظرلوگوں نے ماسک لگانا شروع کردیا ہے۔ (تصویر: آشیش راجے)

چین میں پھیلنے والی کورونا وائرس جیسی وبا ’ہیومن میٹانیومووائرس ( ایچ ایم پی وی )‘ سے خاص طورسے بچے متاثرہورہےہیں۔ اس لئے شہر ومضافات کے اسکولوں میں بچوں کی صحت سے متعلق احتیاطی تدابیر پرعمل کرنے کی ہدایتیں جاری کی جا رہی ہیں۔ انجمن اسلام کے سبھی اسکولوںمیں کھانسی، سردی اور بخار میں مبتلا بچوں کو اسکول نہ آنے کی اور جوطلبہ اسکو ل آرہے ہیں،  انہیں ماسک لگاکرآنےکی ہدایت دی گئی ہے ۔ اسی طرح دیگر اسکولوںمیں بھی طلبہ کے والدین سے بچوں کے بیمار ہونےپرانہیں اسکول نہ بھیجنے اور احتیاطی تدابیر پر عمل کرنے کی درخواست کی گئی ہیں۔
  اس تعلق سےمنگل کوانجمن اسلام اسکول  کےوہاٹس ایپ گروپ پر والدین کو مخاطب کرتے ہوئے کہا گیا کہ ’’ جیسا کہ آپ جانتے ہیں چین میں ایچ ایم پی وی وائر س کی وباء پھیلی ہے۔ اس وبا سے بالخصوص بچے متاثر ہو رہے ہیں لہٰذ ا اپنے بچوںکی صحت اور اس وبا سے انہیں محفوظ رکھنےکیلئے  ضروری احتیاطی تدابیرپر عمل کریں ساتھ ہی انہیں حفظا ن صحت کے تعلق سے اہم معلومات فراہم کریں۔ اگر آپ کے بچوںکو سردی ، کھانسی اور بخار کی شکایت ہو توانہیں اسکول نہ بھیجیں ، اس سے بچوںکومحفوظ اور انہیں صحت مند رکھنےمیں مدد ملے گی۔ بچوںکو ماسک پہن کر اسکول آنےکی ہدایت بھی دی گئی ہے۔
انجمن اسلام ڈاکٹر محمد اسحاق جمخانہ والا گرلز ہائی اسکول، باندرہ کی پرنسپل صباپٹیل نے بتایا کہ ’’ایچ ایم پی وی کے تناظرمیں ہیڈآفس سے ہمیں مذکورہ ہدایات موصول ہوئی ہیں جس کےتحت بدھ سے اسکول میں ضروری احتیاطی تدابیر پر عمل شروع کردیا گیاہے۔ جو طالبات سردی ،کھانسی اور بخار میں مبتلا ہیں، انہیں گھر پر پڑھائی کرنےکی ہدایت دی گئی ہے۔جو طالبات اسکول آرہی ہیں،  ان سے احتیاطی تدابیرپر عمل کرنے کے ساتھ ماسک پہن کر آنے کی درخواست کی گئی ہے، حالانکہ ماسک پہننا لازمی نہیں ہے، اس کےباوجود بدھ کو بیشتر طالبات ماسک پہن کر اسکول آئیں۔ ‘‘
 کرلا  کے انجمن اسلام الانا انگلش اسکول میں بھی اسی طرح کا نظم کیاگیاہے جس کی وجہ سے متعدد طلبہ ماسک پہن کراسکول آئے ساتھ ہی بدھ کو اس تعلق سے والدین کی ایک میٹنگ بھی منعقد کی گئی گئی جس میں والدین کو ’ایچ ایم پی وی‘ کے بارے میں معلومات فراہم کرنے کے علاوہ اس وبا سے بچوں کو محفوظ رکھنے کیلئے ضروری احتیاطی تدابیر پر عمل کرنے کی تلقین کی گئی۔  گوونڈی کے ایک اسکول کے معلم نے بتایا کہ ’’شہر ومضافات کے متعدد اسکولوں میں ’ایچ ایم پی وی‘ سے طلبہ کو محفوظ رکھنے کیلئے ضروری اقدامات کئے جا رہے ہیں لیکن ابھی گوونڈی کے اسکولوں میں اس تعلق سے پیش رفت نہیں ہوئی ہے۔ ‘‘

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK