ٹاٹا اسپتال کینسر کے مریضوں کے علاج اور انہیں دیگر بیماریوں کیلئے طبی سہولیات فراہم کرنے کیلئے کھارگھر میں ۱۵۰؍بیڈ کا پہلا سپر اسپیشلٹی اسپتال شروع کرنےکی تیاری کررہا ہے۔
EPAPER
Updated: February 02, 2025, 3:13 PM IST | Saadat Khan | Mumbai
ٹاٹا اسپتال کینسر کے مریضوں کے علاج اور انہیں دیگر بیماریوں کیلئے طبی سہولیات فراہم کرنے کیلئے کھارگھر میں ۱۵۰؍بیڈ کا پہلا سپر اسپیشلٹی اسپتال شروع کرنےکی تیاری کررہا ہے۔
ٹاٹا اسپتال کینسر کے مریضوں کے علاج اور انہیں دیگر بیماریوں کیلئے طبی سہولیات فراہم کرنے کیلئے کھارگھر میں ۱۵۰؍بیڈ کا پہلا سپر اسپیشلٹی اسپتال شروع کرنےکی تیاری کررہا ہے۔ یہاں سے دل، پھیپھڑوں اور گردے جیسی بیماریوں میں مبتلا مریضوں کو راحت ملے گی جو کینسر کےمرض میں مبتلا ہیں۔
واضح رہے کہ کینسر کے مریضوں کو علاج کے دوران دی جانے والی کیمو تھیراپی سےجسم کے مختلف اعضاء مثلاً دل، پھیپھڑے اور گردے متاثر ہوتے ہیں ۔ ان مریضوں کوہائی بلڈ پریشر اور ذیابیطس جیسی بیماریوں سے بھی نمٹنا پڑتا ہے۔ ایسے میں ان مریضوں کو دیگر بیماریوں اور اعضاء پر پڑنے والے اثرات کے علاج کیلئے دوسرے اسپتالوں میں بھیجا جاتا ہے۔ اس کے باعث مریضوں کو ذہنی اور جسمانی اذیت کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ اس بات کو ذہن میں رکھتے ہوئے، ٹاٹا اسپتال نے نوی ممبئی کے کھارگھر میں ایک ۱۲؍ منزلہ سپر اسپیشلٹی اسپتال بنانے کا فیصلہ کیا ہے۔ ۱۵۰؍ بستروں پر مشتمل یہ اسپتال اگلے ۳؍برسوں میں تعمیر کیا جائے گا۔ اس اسپتال میں مختلف بیماریوں سے پیدا ہونے والی پیچیدگیوں کے علاج کیلئے الگ الگ شعبے ہوں گے۔ یہاں کے ڈائریکٹر ڈاکٹرپنکج چترویدی نے بتایا کہ اٹریکٹ کےتحت جاری ہونےوالے اس اسپتال میں کینسر کے مریضوں میں دیگر بیماریوں کے علاج اور ان کی صحت کو بہتر بنانے میں مددملے گی۔
سپر اسپیشلٹی اسپتال کے ساتھ، ٹاٹا اسپتال مریضوں کی دیکھ بھال اورتحقیق کو وسعت دینے اور علاج کی سہولیات بہتر بنانے پر بھی توجہ دے گا۔ اس مقصد کیلئے، ۱۱؍ منزلہ سینٹ جارج چلڈرن کینسر سینٹر۲۰۲۵ءکے وسط تک کھلنے والا ہے تاکہ۳۰۰؍ مریضوں اور ان کی دیکھ بھال کرنے والوں کیلئے مفت یا سبسڈی والے مکانات کے ساتھ ۲۲۰؍ بچوں اور ان کے والدین کیلئےرہائش فراہم کی جا سکے۔ اس کے علاوہ بلڈ کینسر میں مبتلا بچوں اوربڑوں کیلئے ۴۰۰؍ بستروں پر مشتمل ایک علاحدہ اسپتال بھی قائم کیاجائےگا۔ یہ اسپتال دسمبر ۲۰۲۵ء تک مکمل ہونے کی امید ہے چونکہ خون کا کینسر قابل علاج کینسروں میں سے ایک ہے، اس لئے یہ نیا یونٹ زیادہ سے زیادہ بچوں کو اس سے فائدہ اٹھانے میں مدد دے گا۔