Inquilab Logo

دو ہزار چوبیس کی تیاری، بی جے پی کا ۴ ؍ ہزار ٹفن میٹنگ اور۵۱؍ ریلیوں کا منصوبہ

Updated: June 10, 2023, 9:40 AM IST | New Delhi

ووٹرس تک پہنچنے کیلئے’مہا سمپرک ابھیان‘ چلایا جائے گا، ۱۵؍ لاکھ پارٹی کارکنان شامل ہوں گے ، وزیر اعظم مودی ، امیت شاہ اور جے پی نڈا قیادت کریں گے

JP Nadda, Prime Minister Modi and Amit Shah will lead the Abhiyan
جے پی نڈا ، وزیر اعظم مودی اور امیت شاہ ابھیان کی قیادت سنبھالیں گے

 کرناٹک میں بری طرح سے شکست ملنے کے بعد بی جے پی الرٹ ہو گئی ہے اور اس نے ۲۰۲۴ء کے پارلیمانی الیکشن کی تیاری ابھی سے شروع کردی ہے۔ اسی کے تحت پارٹی نے مہا سمپرک ابھیان چلانے کا منصوبہ بنایا ہے جس کی قیادت وزیر اعظم مودی ، وزیر داخلہ امیت شاہ اور بی جے پی صدر جے پی نڈا کریں گے ۔ اس ابھیان میں پارٹی نے ۴؍ ہزار ٹفن میٹنگ کرنے کا منصوبہ بھی بنایا ہے۔ یہ ٹفن میٹنگیں پارٹی ورکروں اور ووٹرس کےساتھ ضلع عہدیداروں کی قیادت میں منعقد ہوں گی۔  اسے ’لنچ پر چرچا ‘ کا نام بھی دیا جارہا ہے جس میں بی جے پی کے ضلع عہدیدار پارٹی ورکروں اور ووٹرس کو مودی حکومت کی کامیابیوںکے  بارے میں بتائیں گے۔ٹفن میٹنگ ۳؍گھنٹے کا ایک پروگرام ہو گا جس میں مودی سرکار کی مختلف اسکیموں کی کامیابی کا پریزینٹیشن دکھایا جائے گا۔ ٹفن میٹنگوں کے ذریعے بی جے پی کم از کم ۲۰؍ لاکھ ووٹرس تک پہنچنے کا منصوبہ بنارہی ہے۔ اس کے تحت پارٹی صدر نڈا نوئیڈا میں ایک میٹنگ پہلے ہی کرچکے ہیں۔ اس کے ساتھ ہی  بی جے پی نے ۵۱؍ ریلیاں کرنے کا منصوبہ بھی بنایا ہے۔ یہ ریلیوں مختلف شہروں میں منعقد ہوں گی۔ ان ریلیوں کے لئے مختلف اضلاع سے پارٹی کارکنوں کو لانے اور پھر انہیں ووٹرس سے رابطہ قائم کرنے کی ذمہ داری دی جائے گی۔
 بی جے پی نے اس مہا سمپرک ابھیان کو کامیاب بنانے کے لئے جہاں پارٹی ورکروں کو مختلف ذمہ داریاں سونپی ہیں وہیں ان ورکروں کا حوصلہ بڑھانے کے لئے بھی منصوبہ بنایا ہے۔ بتایا  جارہا ہے کہ پارٹی کے اہم لیڈران اس ابھیان کے دوران ہی اہم مذہبی مقامات کا دورہ بھی کریںگے تاکہ یہاں پر بھی ووٹرس سے رابطہ کیا جاسکے۔ اس سلسلے میں وزیر داخلہ امیت شاہ ۱۰؍ جون کو ناندیڑ میںسکھوں کے گردوارے کا دورہ کریں گے ۔ اس کے بعد وہ یہاں ایک بڑی ریلی سے بھی خطاب کریں گے ۔ جے پی نڈا کے تعلق سے اطلاعات ہیں کہ وہ جون میں ۳؍ دن  اپنی آبائی ریاست ہماچل میں موجود رہیں گے اور یہاں کے مختلف مندروں اور مٹھوں کا دورہ کریں گے ۔ان کا ایک دورہ تروپتی کا بھی ہو گا۔
 واضح رہے کہ بی جے پی کا یہ ابھیان تقریباً ایک ماہ تک جاری رہے گا۔ اس دوران پارٹی لیڈران اپنے اپنے حلقوں میں رابطے بنانے کے ساتھ ساتھ پڑوسی حلقوں پر بھی اثر انداز ہونے کی کوشش کریں گے ۔ زعفرانی پارٹی کا منصوبہ یہی ہے کہ  ایک مہینے تک چلنے والے اس ابھیان  کے ذریعے وہ ۲؍ کروڑ سے زیادہ ووٹرس تک پہنچ جائے۔ ان میں بھی  نوجوان اور پہلی مرتبہ ووٹ کرنے والے ووٹرس زیادہ ہوں تاکہ ان تک پارٹی کا ’نیشنلزم ‘ کا فلسفہ پہنچایا جاسکے۔ اس کی ذمہ داری امیت شاہ کو دی گئی ہے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK