قلمدانوں کیلئے زبردست رسہ کشی، وزارت داخلہ پر بات نہیں بن رہی ہے، ایکناتھ شندے اسپتال داخل، ایم آر آئی کے بعد ڈسچارج کردئیے گئے۔
EPAPER
Updated: December 04, 2024, 1:22 PM IST | Inquilab News Network | Mumbai
قلمدانوں کیلئے زبردست رسہ کشی، وزارت داخلہ پر بات نہیں بن رہی ہے، ایکناتھ شندے اسپتال داخل، ایم آر آئی کے بعد ڈسچارج کردئیے گئے۔
مہاراشٹر کے نئے وزیر اعلیٰ کی حلف برداری کی تقریب ۵؍ دسمبر کو ممبئی کے تاریخی آزاد میدان پر ہونے والی ہے۔ اس کی تیاریاں زوروں پر ہے لیکن اب تک یہ واضح نہیں ہوا ہے کہ حلف آخر کون لے گا ؟ اس ریس میں فرنویس کا نام سب سے آگے ہے لیکن گزشتہ کچھ دنوں میں ایکناتھ شندے نے جس طرح کے تیوروں کا مظاہرہ کیا ہے اس سے اب تک کچھ بھی طے نہیں ہو سکا ہے۔ اب تک مہایوتی میں قلمدانوں کی کھینچ تان جاری ہے۔ شندے کی پارٹی وزارت داخلہ پر بضد ہے اور اس کا کہنا ہے کہ اگر وزارت اعلیٰ نہیں دی جارہی تو وزارت داخلہ ملنی ہی چاہئے۔ اس درمیان نئی دہلی میں بی جےپی ہائی کمان سےملاقاتوں کا سلسلہ بھی جاری ہے۔
اس دوران نگراں وزیر اعلیٰ ایکناتھ شندے کی طبیعت زیادہ خراب ہوئی تو انہیں تھانے کے جوپیٹر اسپتال میں داخل کیا گیا تھا جہاں اسپتال کے ذرائع کے مطابق ان کا معمول کا چیک اپ کیا گیا لیکن اس میں حیرت انگیز طور پر ایم آر آئی کی بات بھی سامنے آئی ہے۔ ایکناتھ شندے تقریباً ۴؍ سے ۵؍ گھنٹے اسپتال میں رہے اور اس دوران سیاسی حلقوں میں چہ میگوئیوں کا دور بھی جاری رہا۔ حالانکہ اسپتال سے ڈسچارج کے بعد ایکناتھ شندے سیدھا منترالیہ پہنچے جہاں انہوں نے ۶؍ دسمبر کی مناسبت سے لاء اینڈ آرڈر کی صورتحال کا جائزہ لیا۔
دریں اثناء حکومت سازی اور حلف برداری کے سلسلے میںمہا یوتی کا کوئی بھی لیڈر صاف گوئی سے کام نہیں لے رہا ہے کہ کس پارٹی کو کتنے اور کون کون سے قلمدان دیئے جائیں گے۔ اسی دوران اجیت پوار کا خیمہ بھی داخلہ اور ہاؤسنگ قلمدان حاصل کرنے کا متمنی ہے اور اسی اجیت پوار منگل کو امیت شاہ سے ملاقات کیلئے دہلی پہنچے تھے۔