• Sun, 22 December, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

نوی ممبئی ایئر پورٹ شروع کرنے کی زوروشور سے تیاری

Updated: October 11, 2024, 11:18 PM IST | Shahab Ansari | Mumbai

فضائیہ کے ایک طیارے نے لینڈنگ کی اوردوسرے نے اڑان بھری۔ اس موقع پر وزیر اعلیٰ ایکناتھ شندے اور نائب وزیراعلیٰ دیویندر فرنویس بھی موجود تھے

Chief Minister Shinde and Deputy Chief Minister Farnavis next to the plane.
طیارے کے پاس وزیراعلیٰ شندے اور نائب وزیراعلیٰ فرنویس۔(تصویر:کیرتی سروے)

ممبئی کے ایئرپورٹ پر مسافروں کے بوجھ کو کم کرنے کیلئے نوی ممبئی میں نیا ایئرپورٹ بنایا جارہا ہے جسے شروع کرنے کی   زوروشور سے تیاری کی جارہی ہے۔  جمعہ کو وزیراعلیٰ ایکناتھ شندے، نائب وزیر اعلیٰ دیویندر فرنویس ، دیگر  لیڈران اور سرکاری افسران کی موجودگی میں نئے ایئر پورٹ پر فضائیہ کے طیاروں کی لینڈنگ اور پرواز کا کامیاب  تجربہ کیا گیا۔ اس طرح نوی ممبئی  ایئرپورٹ کے رَن وے کے افتتاح کے ساتھ اس کی جانچ بھی کی گئی۔
رن وے کی جانچ 
   فضائیہ میں ٹرانسپورٹ کیلئے استعمال ہونے والے جہاز ’سی ۲۹۵‘ نےگجرات کے گاندھی نگر سے پرواز کیا  اور نوی ممبئی کے ایئر پورٹ پر جنوبی سمت کے رَن وے نمبر ۲۶؍ پر ۱۲؍ بج کر ۲۴؍ منٹ پر لینڈنگ کی۔ دوسری جانب لڑاکا جہاز سکھوئی ۳۰؍ پونے سے نوی ممبئی لایا گیا اور اس طیارے  نے نئے ایئر پورٹ سےاڑان بھری۔  
  لینڈنگ کرنے والا طیارہ پہلے آیا   اس لئے اس پر واٹر ٹینکر کے ذریعہ پانی کا فوارہ چھوڑ کر سلامی دی گئی اور اس کے پائلٹ کی وزیر اعلیٰ کے ہاتھوں عزت افزائی بھی کی گئی۔
 اس تقریب میں شہری ہوا بازی کے مرکزی وزیر مرلی دھر موہول، وزیر اعلیٰ ایکناتھ شندے، نائب وزیر اعلیٰ دیویندر فرنویس، سڈکو کے سربراہ سنجے شرساٹ ، دیگر لیڈران اور سرکاری افسران بھی موجود تھے۔ افتتاحی تقریب کے بعد ان سب نے طیارے میں جاکر تصویریں کھنچوائیں۔ اس موقع پر وزیر اعلیٰ شندے نے نامہ نگاروںسے گفتگو کے دوران کہا کہ ان کی اتحادی پارٹی الیکشن میں انتخابی لڑائی اور جیت دونوں کیلئے تیار ہے۔  انہوں نے یہ بھی اعلان کیا کہ اس ایئرپورٹ کے شروع ہونے سے ہزاروں افراد کو روزگار ملنے کا امکان ہے۔ انہوں نے یہاں ایک آئی ٹی پارک اور تجارتی مرکز کی تعمیر کا بھی اعلان کیا۔
 واضح رہے کہ نوی ممبئی کے اس ایئر پورٹ کو سیوڑی -نہوا شیوا سی لنک، ممبئی اور نوی ممبئی میٹرو اور ۲؍ کھاڑیوں پر پل کی تعمیر سے جوڑ دیا جائے گا اس لئے یہ ملک کا اہم ایئر پورٹ ثابت ہوگا۔
ایئرپورٹ کی تعمیر اگلے سال مکمل ہونے کا امکان
 وزیر اعلیٰ ایکناتھ شندے نے یہ بھی کہا کہ کوشش کی جارہی ہے کہ ایئر پورٹ کی تعمیر مقررہ تاریخ ۳۱؍ مارچ ۲۰۲۵ء سے قبل مکمل کرلی جائے۔  انہوں نے یہ بھی کہا کہ اس ایئر پورٹ پر بہت بڑی تعداد میں مسافروں کو خدمات پیش کرنے کی گنجائش ہوگی۔ ان کے مطابق ۲۱ء۸؍ کلومیٹر طویل اٹل سیتو کی تعمیر کی وجہ سے یہ ایئر پورٹ ممبئی اور نوی ممبئی دونوں سے قریب ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK