بہار کےوزیراعلیٰ نتیش کمار نے نومنتخب ۶۳۴۱؍جونیئر انجینئروں اور محکمہ محنت وسائل کے تحت ۴۹۶؍ انسٹرکٹروں کےدرمیان تقرر نامہ تقسیم کیا۔ مختلف اضلاع کے مسائل کو بھی حل کرنے کا وعدہ کیا۔
EPAPER
Updated: February 05, 2025, 1:03 PM IST | Javed Akhtar | Bihar
بہار کےوزیراعلیٰ نتیش کمار نے نومنتخب ۶۳۴۱؍جونیئر انجینئروں اور محکمہ محنت وسائل کے تحت ۴۹۶؍ انسٹرکٹروں کےدرمیان تقرر نامہ تقسیم کیا۔ مختلف اضلاع کے مسائل کو بھی حل کرنے کا وعدہ کیا۔
بہار کے وزیراعلیٰ نتیش کمارنےمنگل کو کہاکہ سرکاری دفاترمیں بڑے پیمانےپر تقرری کی تیاری چل رہی ہے۔ مختلف محکموں میں خالی عہدوں کی نشاندہی کی جارہی ہے۔ وزیراعلیٰ نےسیکریٹریٹ واقع سنواد ہال میں منگل کوتقرر نامہ تقسیم کی ایک تقریب میں مختلف محکموں کے تحت نومنتخب ۶۳۴۱؍جونیئر انجینئروں اور محکمہ محنت وسائل کے تحت ۴۹۶؍ انسٹرکٹروں کےدرمیان تقرر نامہ تقسیم کیا۔ اس تقریب میں وزیر اعلیٰ نتیش کمار نے خود اپنے ہاتھوں سے ۱۰؍ نو تقرر امیدواروں کو علامتی طور پر تقرر نامہ تقسیم کیا۔
وزیر اعلیٰ نےاس موقع پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس تقریب کے ذریعے مختلف محکموں کےلئے منتخب ہونے والے ۶۸۳۷؍ جونیئر انجینئر وں اور انسٹرکٹر وں کو تقرر نامہ دیا جا رہا ہے۔ اس کے تحت ۶۳۴۱؍ جونیئر انجینئروں میں آبی وسائل محکمہ کے ذریعہ نو منتخب ۲۳۳۸؍انجینئر، منصوبہ اور محکمہ ترقیات کے تحت منتخب ۱۲۷۳؍ امیدواروں، دیہی ترقیات محکمہ کے تحت۷۵۹؍ امیدواروں، سڑک تعمیر محکمہ کے ذریعہ منتخب۳۰۵؍ امید واروں ، چھوٹے آبی وسائل محکمہ کے تحت نو منتخب ۴۸۴؍امیدواروں ، محکمۂ تعمیرات عمارت کے تحت۴۳۰؍ منتخب امیدواروں اور شہری ترقیات و رہائش محکمہ کے ذریعہ نو منتخب ۴۹؍ امیدواروں کوتقررنامہ دیا جارہا ہے۔
وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ہم ایک بار پھر بہار کے سبھی اضلاع کا دورہ کر رہے ہیں اور وہاں کے مسائل اور ضروریات سے واقفیت حاصل کررہے ہیں۔ جن مسائل یا ضروریات کے بارے میں ہمیں معلومات مل رہی ہیں، ان کو جلد از جلد حل کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ریاست میں بڑے پیمانے پر تقرری بھی کی جائے گی۔ اس کے لئے محکموں میں خالی اسامیوں کی نشاندہی کی جا رہی ہے۔ وزیر اعلیٰ نے آرجے ڈی کا نام لئے بغیر ۲۰۰۵ءسے قبل بہار کی صورتحال کا ذکر کیا اور کہا کہ اس سے بہار کے عوام بخوبی واقف ہیں۔ ہم شروع ہی سے بہار کوآگے لے جانے کی کوشش کررہےہیں جس میں مرکزی حکومت سے بھی ہمیں تعاون مل رہاہے۔ مجھے امیدہے کہ آپ اپنی ذمہ داریاں بخوبی نبھائیں گے۔
تقررنامہ تقسیم کی اس تقریب میں آبی وسائل محکمہ کے پرنسپل سیکریٹری سنتوش کمار مل، دیپک آنند، نائب وزیر اعلیٰ سمراٹ چودھری، نائب وزیر اعلیٰ وجے کمار سنہا، آبی وسائل اور پارلیمانی امور کے وزیر وجے کمار چودھری، توانائی، منصوبہ بندی اور ترقی کے وزیر بیجیندر پرساد یادو، وزیر اشوک چودھری، شہری ترقیات اوررہائش کے وزیر نتن نوین، پبلک ہیلتھ انجینئرنگ کے وزیر نیرج کمار سنگھ، چھوٹے آبی وسائل کے وزیر سنتوش کمار سمن، وزیر سنتوش کمار سنگھ، وزیر جینت راج، پنچایتی راج کے وزیر کیدار پرساد گپتا، چیف سیکریٹری امرت لال مینا، وزیر اعلیٰ کے پرنسپل سیکر یٹری ڈاکٹر ایس سدھارتھ، وزیر اعلیٰ کے سیکر یٹری انوپم کماروغیرہ بھی موجود تھے۔