Updated: November 18, 2023, 4:34 PM IST
| New Delhi
صدر جمہوریہ دروپدی مرمو نے راج بھون میں آئی پی ایس ۲۰۲۲ء بیچ کے افسران سے خطاب کرتے ہوئے مجرمین کے ذریعے ٹیکنالوجی کے استعمال اور ڈیپ فیک کے بڑھتے مسائل کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ پولیس کو ٹیکنالوجی کے میدان میں مسلسل محتاط رہنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے ملک کی ترقی کے حوالے سے کہا کہ آئی پی ایس افسران اور پولیس ملک میں قانون اور احکام کی بالادستی کو برقرار رکھنے اور ملک کی ترقی میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔
صدر جمہوریہ دروپدی مرمو۔ تصویر: آئی این این
صدر جمہوریہ دروپدی مرمو نے مجرمین کے ذریعے مصنوعی ذہانت کا استعمال کرنے اور ڈیپ فیک کے مسئلے کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ پولیس کو ٹیکنالوجی کی دنیا میں مسلسل آگاہ رہنے کی ضرورت ہے۔ مرمو نے آئی پی ایس کے ۲۰۲۲ء کےنوآموز افسران کو راج بھون میں طلب کیاتھا اور ان سے ملاقات کی جس کے درمیان انہوں نے کہا کہ پولیس کو متعدد چیلنجز کا سامنا کرنا پڑتا ہے جیسے سائبر کرائم، دہشت گردی اورمنشیا ت کے کاروباروغیرہ۔ ٹیکنالوجی اور سوشل میڈیاکے سبب حالات بدل رہے ہیں۔مجرمین کی جانب سے مصنوعی ذہانت کا استعمال کیا جا رہا ہے اور ڈیپ فیک جیسے مسائل میں بھی اضافہ ہو رہا ہے۔ ان حالات میں پولیس افسران کو ٹیکنالوجی کی دنیا میں مسلسل محتاط رہنے اور مجرمین پراپنا زور برقرار رکھنے کی سخت ضرورت ہے۔انہوں نے پروبیشنرز سے خطاب کرتے ہوئے صدر نے کہا کہ پولیس انتظامیہ اور لاء اینڈ آرڈر کی اہم ذمہ داری ریاستی حکومتوں پر عائد ہوتی ہے۔
لیکن آئی پی ایس افسران ریاست حکومتوں کی جانب سے تعینات کئے گئے پولیس افسران کی قیادت کرتے ہیں۔اس کے ذریعے پورے ملک کے پولیس سسٹم کو کنٹرول کرنے کا کام آئی پی ایس آفیسر کرتے ہیں۔صدر جمہوریہ نے مزید کہاکہ سماجی اور معاشی ترقی کیلئے قانون اور احکام کی بالادستی کو مستحکم رکھنا سب سے اہم ہے۔ عالمی ، قومی اور مقامی طور پر سرمایہ کار ان مقامات پر سرمایہ کاری نہیں کرتے جہاں قانون و احکام کی بالا دستی مضبوط نہ ہو۔اسی لئے کسی بھی مقام کی ترقی میں وہاں کے پولیس افسران اہم کردار ادا کرتے ہیں۔پولیس افسران قانون اور احکام کی بالادستی اور ملک کے اتحاد اور شناخت کوبرقرار رکھنے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔انہوں نے دعویٰ کیاکہ حکومت کا مقصد ہر شہری کی صلاحیتوں اور طاقتوں کی ترقی کیلئے مواقع فراہم کرنا ہے۔یہ ہماری قومی ذمہ داری ہے کہ ہر شہری ملک کی ترقی میں حصہ لے۔ انہوں نے کہا کہ پولیس افسران امرت کال کے دوران ملک کو ترقی یافتہ بنانے میں بھی اہم کردار اداکریں گے۔