ایوان کے قانون سازوں نے پیر کے روز الیکٹورل کالج کے ووٹوں کی گنتی کی اور پھر ان کی کامیابی پر مہر ثبت کر دی۔
EPAPER
Updated: January 08, 2025, 3:23 PM IST | Agency | Washington
ایوان کے قانون سازوں نے پیر کے روز الیکٹورل کالج کے ووٹوں کی گنتی کی اور پھر ان کی کامیابی پر مہر ثبت کر دی۔
امریکی صدارتی انتخاب میں کامیابی حاصل کرنیوالے ڈونالڈ ٹرمپ کی جیت پر امریکی کانگریس نے بھی مہرثبت کردی ہے۔ نومنتخب صدر ڈونالڈ ٹرمپ۲۰؍ جنوری کو ایک بار پھر سے امریکی صدر کے طور پر حلف اٹھائیں گے۔ ۲۰۲۰ء کے انتخابات کے بعد کیپیٹل ہل کے ہنگامہ خیز واقعے کے برعکس ٹرمپ کی تصدیق کا یہ عمل بالکل پر امن رہا۔ امریکی کانگریس نے نومبر۲۰۲۴ء میں ہونے والے صدارتی انتخابات میں ٹرمپ کی جیت کی تصدیق کر دی ہے اور اس طرح۲۰؍ جنوری کے روز ان کے حلف اٹھانے کا راستہ صاف ہو گیا ہے۔ ایوان کے قانون سازوں نے پیر کے روز الیکٹورل کالج کے ووٹوں کی گنتی کی اور پھر ان کی کامیابی پر مہر ثبت کر دی۔ ووٹوں کی گنتی مکمل ہونے کے بعد تمام قانون سازوں کی موجودگی میں نائب صدر کملا ہیرس نے بذات خود اعلان کیا کہ’’ریاست فلوریڈا سے تعلق رکھنے والے ڈونالڈ جے ٹرمپ نے ۳۱۲؍ ووٹ حاصل کئے ہیں، جبکہ ریاست کیلیفورنیا کی کملا ڈی ہیرس نے۲۲۶؍ ووٹ حاصل کئے ہیں۔‘‘ نائب صدر نے اپنے فرائض کے طور پر تصدیق کرنے کے عمل کی نگرانی کی۔ انہوں نے کہا کہ ٹرمپ اور منتخب نائب صدر جے ڈی وینس کے۲۰؍ جنوری کے روز اپنے عہدے کا حلف اٹھانے کیلئے سرکاری گنتی کا یہ اعلان ہی کافی سمجھا جانا چاہیے۔
خیال رہے کہ امریکی صدارتی انتخابات میں جیت کی حتمی تصدیق روایتی طور پر ایوان کرتا ہے اور اس بار کا یہ عمل ۶؍ جنوری ۲۰۲۱ء کے پچھلے عمل سے بالکل برعکس رہا۔ اس وقت ٹرمپ کے حامیوں کے ایک ہجوم نے ووٹوں کی گنتی اور تصدیق کے اس عمل کے خلاف بطور احتجاج کیپیٹل ہل پر دھاوا بول دیا تھا۔۲۰۲۰ء کے انتخابات میں ٹرمپ جو بائیڈن سے ہار گئے تھے، جس کے بعد ہنگامہ آرا ئی ہوئی تھی، جب ٹرمپ نے الزام لگایا تھا کہ ووٹ میں دھاندلی ہوئی تھی۔ ااس لیے اس بار ووٹوں کی گنتی اور تصدیق کا اعلان سخت سیکوریٹی کے درمیان ہوا۔ یو ایس کیپٹل کے سیکڑوں گز کے فاصلے پر ہی بیریکیڈزسے میدان کو گھیر دیا گیا تھا۔ اس کی وجہ سے پولیس افسران کی حفاظت میں چوکیوں کے ذریعے تلاشی کے بعد ہی عمارت تک رسائی ممکن تھی۔ پولیس علاقے میں گشت کر رہی تھی، جبکہ سیاہ پولیس کی گاڑیوں کے قافلے بھی وہیں موجود تھے۔