انتخابی شیڈول کا اعلان متوقع ، چیف الیکشن کمشنر راجیو کمار اور ان کی ٹیم نے ریاست میںانتخابات کی تیاریوں کا جائزہ لیا ، چیف سیکریٹری اور ڈی جی پی سے ملاقات کی
EPAPER
Updated: September 27, 2024, 10:46 PM IST | Mumbai
انتخابی شیڈول کا اعلان متوقع ، چیف الیکشن کمشنر راجیو کمار اور ان کی ٹیم نے ریاست میںانتخابات کی تیاریوں کا جائزہ لیا ، چیف سیکریٹری اور ڈی جی پی سے ملاقات کی
الیکشن کمیشن آف انڈیا کے چیف الیکشن کمشنر راجیو کمار، الیکشن کمشنر گنیش کمار اور الیکشن کمشنر ڈاکٹر سکھبیر سنگھ سندھو کا ایک وفد آئندہ مہاراشٹر اسمبلی کے عام انتخابات کی تیاریوں کا جائزہ لینے کیلئے مہاراشٹر کے سہ روزہ دورے پر ہے۔ سنیچر کو ان کی جانب سے باقاعدہ پریس کانفرنس میں منعقد کی جائے گی جس میں انتخابات کا تاریخ کا اعلان ہو سکتا ہے کیوں کہ سیاسی حلقوں میں اسی تعلق سے چہ میگوئیاں ہو رہی ہیں لیکن الیکشن محکمہ سے منسلک ایک افسر سے رابطہ قائم اور یہ پوچھنے پر کہ کیا اس پریس کانفرنس میں اسمبلی انتخابات کی تاریخوں کااعلان کیاجاسکتا ہے ، افسر نے نفی میں جواب دیا اور کہا کہ الیکشن سے پہلے کی تیاریاں لینے کے لئے فی الحال میٹنگیں منعقد کی جارہی ہیں اور جیسے ہی جائزہ مکمل ہو جائے گا الیکشن کی تاریخوں کا اعلان کردیا جائے گا۔
منترالیہ سے حاصل کردہ اطلاعات کے مطابق الیکشن کمیشن کے وفد نے جمعہ کو ٹرائیڈنٹ ہوٹل میں الیکشن کے تعلق سے مختلف امور پر کام کرنے والی ایجنسیوں سےاسمبلی انتخابات کی تیاریوں پر فیڈ بیک لیا۔ اس موقع پر چیف سیکریٹری کے ساتھ ساتھ تمام متعلقہ محکموں کے سربراہان کی طرف سے تفصیلی جائزہ پیش کیا گیا۔ کمیشن کے اراکین نے مہاراشٹر کے ڈی جی پی سے بھی ملاقات کی ۔ اسی طرح کمیشن نے سیاسی جماعتوں کے نمائندوں سے بھی بات چیت کی اور ان کی تجاویز حاصل کیں۔حکومتی پارٹیوں کی جانب سے یہ تجویز پیش کی گئی ہے کہ مہاراشٹر میں الیکشن ایک ہی مرحلے میں کروایا جائے۔ واضح رہے کہ مختلف سیاسی جماعتوں کی جانب اسمبلی انتخابات کی تیاریاں تیز کر دی گئی ہیں اور ان کے ورکروں کو بوتھ کی سطح پر کام کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔