جلگائوں میں گزشتہ اسمبلی انتخابات میں مہا یوتی میں بغاوت ہوئی تھی اس مرتبہ مہا وکاس اگھاڑی کیلئے ایسی ہی صورتحال نظر آرہی ہے۔
EPAPER
Updated: October 21, 2024, 1:46 PM IST | Sharjeel Qureshi | Jalgaon
جلگائوں میں گزشتہ اسمبلی انتخابات میں مہا یوتی میں بغاوت ہوئی تھی اس مرتبہ مہا وکاس اگھاڑی کیلئے ایسی ہی صورتحال نظر آرہی ہے۔
اسمبلی انتخابات میں ٹکٹ پانے کیلئے بر سر اقتدار مہایوتی اور مہا وکاس اگھاڑی میں خواہشمندوں کی تعداد بڑھ گئی ہے۔ کئی امیدواروں کی جانب سے پارٹی کے سینئر لیڈروں سے ملاقات کرکے امیدواری فارم کے حصول کیلئے’فیلڈنگ‘ کی جارہی ہے۔ تاہم ہر حلقے میں ایک نشست ہے اور انتخاب لڑنے کے متمنی بہت زیادہ ہیں۔ اسلئے سیاسی پارٹیوں کی جانب سے امیدواروں کی حتمی فہرست جاری ہونے کے بعد ’دَل بدلی‘ کا ماحول بن سکتا ہے۔
سوشل میڈیا اور سیاسی حلقوں میں سیٹ الاٹمنٹ کے خبریں گشت کررہی ہیں لہٰذا بڑے پیمانے پر بغاوت کااندیشہ ہے۔ جلگائوں ضلع میں اسمبلی کی ۱۱؍نشستیں ہیں۔ یہاں پر مہا وکاس اگھاڑی اور مہا یوتی دونوں ہی کے لئے بغاوت کا چیلنج ہے۔ خیا ل رہے کہ ۲۰۱۹ء کے انتخابات میں مہایوتی کواس صورتحال سے دوچار ہونا پڑا تھا۔ تاہم اس مرتبہ مہاوکاس اگھاڑی کے سامنے اپنے ہی لوگوں کے ذریعے بغاوت کا اندیشہ ہے۔ سیاسی حلقوں میں جاری بحث و قیاس آرائیوں کے مطابق جلگائوں ضلع میں مہا وکاس اگھاڑی (کانگریس ،این سی پی شرد پوار ،اُدھو سینا ) کو جلگائوں شہر ،پاچورا ،چوپڑا ،جلگائوں دیہی اور ایرنڈول ان۵؍اسمبلی حلقوں میں بغاوت روکنے کے لئے توانائی صرف کرنی ہوگی ۔جبکہ مہا یوتی (بی جے پی ،شندے سینا، این سی پی اجیت پوار ) کو جلگاؤں شہر، پاچورہ، ایرنڈول، املنیران چار حلقوںمیں بغاوت کو روکنے کا چیلنج درپیش ہوگا۔
۲۰۱۹ءکے اسمبلی انتخابات میںجلگاؤں ضلع میں موجودہ کانگریس اور غیر منقسم این سی پی کو۱۱؍ نشستوں میں سے چند ہی پر بغاوت کا سامنا کرنا پڑا تھا ۔اسکے برخلاف بی جے پی اور شیوسینا (غیر منقسم )میں بڑی بغاوت ہوئی تھی۔جلگائوں دیہی ، پاچورہ ،مکتائی نگر میں مہا یوتی کے امیدوار کے مقابلے میں اپنے ہی لوگوں نے بغاوت کی تھی ۔ جلگائوں ضلع کے کس حلقے میں مہا وکاس اگھاڑی اور مہا یوتی سے الیکشن لڑنے کے خواہش مندوں کی تعداد کتنی ہے، اس کیلئے دیا گیانیلا باکس دیکھئے۔
حلقے مہایوتی مہاوکاس اگھاڑی
جلگائوں شہر ۷ ۶
جلگائوں دیہی ایک ۴
پاچورہ ۔بھڑگائوں ۲ ۴
چالیس گائوں ۲ ۳
املنیر ۳ ۴
ایرنڈول ۔پارولہ ۳ ۵
جامنیر ایک ۳
چوپڑا ۲ ۶
بھساول ایک ۸
راویر ایک ۳
مکتائی نگر ۲ ۳