• Sat, 05 October, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

آج وزیر اعظم کی تھانے آمد، دن بھر کیلئے ٹریفک نظام میں تبدیلیاں

Updated: October 05, 2024, 9:51 AM IST | Mumbai

رات ۱۲؍ بجے تک بڑی گاڑیوں کی نوی ممبئی سے تھانے آمدورفت پرپابندی۔ وزیر اعظم میٹرو- ۳؍ کا افتتاح کریں گے اور ۳۲؍ ہزار ۸۰۰؍ کروڑ روپے مالیت کے مختلف پروجیکٹوں کا سنگ بنیادبھی رکھیں گے

Kotak-BKC Metro Station. Today Prime Minister Modi will inaugurate Metro-3. (Photo: Atul Kamble)
’کوٹک-بی کے سی‘میٹرو اسٹیشن۔ آج وزیراعظم مودی میٹرو-۳؍ کاافتتاح کریں گے۔ (تصویر: اتل کامبلے)

 وزیر اعظم نریندر مودی  سنیچر (آج)کو تھانے کا دورہ کریں گے جس کی وجہ سے یہاں ٹریفک نظام میں بڑی تبدیلیاں کی گئی ہیں جس کے تحت جمعہ کی شب سے سنیچر کی شب ۱۲؍ بجے تک بڑی گاڑیوں کو نوی ممبئی سے تھانے آمدورفت پرپابندی رہے گی۔ اس دوران نوراتری تہوار اور ہفتہ کے اختتام پر چھٹیوں کی وجہ سے گاڑیوں کی تعداد میں اضافہ کے سبب ٹریفک جام کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔ وزیر اعظم میٹرو- ۳؍ سمیت ۳۲؍ہزار ۸۰۰؍ کروڑ مالیت کے مختلف پروجیکٹوں کا افتتاح کریں گے۔ واضح رہے کہ اسمبلی انتخابات کیلئے ضابطہ اخلاق نافذ ہونے سے قبل برسراقتدارپارٹیاں ممبئی اور مہاراشٹرکے دیگرعلاقوں کے متعدد پروجیکٹوں کا افتتاح کرنا چاہتی ہیں ۔ وزیر اعظم نریندر مودی سنیچر کو تھانے میں واقع کاسروڈولی  میں ریاستی حکومت کے پروگرام میں شرکت کریں گے۔
ٹریفک جام ہونے کا اندیشہ
 ٹریفک محکمہ کے ایک افسر کے مطابق وزیر اعظم کی آمد کی وجہ سے نوی ممبئی سے تھانے کیلئے بڑی گاڑیوں کا داخلہ بند کیا گیا ہے جس کی وجہ سے کئی اہم سڑکوں بشمول تھانے- پنویل روڈ پر ٹریفک بہت زیادہ بڑھ جائے گا۔ مذکورہ افسر کے مطابق ’’وزیر اعظم ایسے وقت میں ممبئی آرہے ہیں جب نوراتری کا تہوار جاری ہے جس سے پونے اور گوا ہائی وے پر بہت زیادہ گاڑیاں ہوتی ہیں۔ بہر حال ٹریفک کا مسئلہ بہت زیادہ نہ بڑھے اس لئے نوی ممبئی سے تھانے کے درمیان بڑی گاڑیوں کو گزرنے نہیں دیا جارہا ہے۔‘‘
متبادل راستے
 نوی ممبئی ٹریفک محکمہ نے بڑی گاڑیوں کیلئے جو متبادل راستے طے کئے ہیں ، اس کے مطابق  ناسک جانے والی گاڑیوں کو جے این پی ٹی جنکشن سے کرجت، مرباڈ، شاہ پور، کسارا اور پھر اگت پوری سے ہوتے ہوئے جانا ہوگا۔
 اسی طرح گجرات جانے والی بڑی گاڑیوں کو جے این پی ٹی جنکشن سے کرجت، مرباڈ، شاہ پور اور پھر واڑہ، منور ٹول ناکہ سے ہوتے ہوئے پنویل کے قریب جے این پی ٹی جنکشن سے گزرنا ہوگا۔
 اس کے علاوہ احمد نگر اور ناسک کیلئے ایک دیگر راستہ یہ بھی طے کیا گیا ہے کہ گاڑیاں جے این پی ٹی جنکشن سے پونے ایکسپریس وے اور پھر چَکّن ہوتے ہوئے جائیں۔ البتہ افسران نے یقین دہانی کرائی ہے کہ ان تبدیلیوں کی وجہ سے ضروری اشیاء پہنچانے والی گاڑیاں متاثر نہیں ہوں گی۔
 بڑی گاڑیوں کو نوی ممبئی سے تھانے جانے سے روکنے کیلئے کھرپاڑہ، ٹی پوائنٹ، رَبالے، تلوجہ، مہاپے-شیل پھاٹا، نہوا شیوا میں چاندنی چوک، اُرن اور گوہان پھاٹا پر چیک پوائنٹ قائم کئے گئے ہیں۔
پروجیکٹوں کی تفصیل
 وزیر اعظم تھانے میں آرے سے بی کے سی کے درمیان زیر زمین میٹرو-۳؍ کا افتتاح کریں گے۔ اس پروجیکٹ پر ۱۴؍ ہزار ۱۲۰؍ کروڑ روپے خرچ آیا ہے۔
 وہ ۱۲؍ہزار ۲۰۰؍ کروڑ روپے لاگت کے ’تھانے اِنٹیگرل رِنگ میٹرو ریل پروجیکٹ‘ کا سنگ بنیاد بھی رکھیں گے۔ اس پروجیکٹ کی کُل مسافت ۲۹؍ کلو میٹر ہے اور اس پر ۲۰؍ اسٹیشن اونچائی پر جبکہ دیگر ۲؍ اسٹیشن زیر زمین ہوں گے۔ اس پروجیکٹ سے تھانے کے کمرشیل علاقوں میں پبلک ٹرانسپورٹ کے بڑھتے مطالبے کو پورا کیا جاسکے گا۔
 ایک دیگر پروجیکٹ جس کا سنگ بنیاد رکھا جائے گا، وہ چھیڈا نگر سے تھانے کے آنند نگرمیں ۳؍ ہزار ۳۱۰؍ کروڑ روپے کی لاگت کا ’ایلیویٹڈایسٹرن فری وے‘ ہے۔ اس پروجیکٹ سے جنوبی ممبئی سے تھانے کے درمیان سفر آسان ہوجائے گا۔
 ’نوی ممبئی ایئر پورٹ اِنفلوئنس نوٹیفائیڈ ایریا‘ (نینا) کے پہلے مرحلے کا سنگ بنیاد رکھا جائے گا۔ اس پروجیکٹ کو ۲؍ ہزار ۵۵۰؍ کروڑ کی لاگت سے تیار کیا جانا ہے جس میں اہم سڑکوں، پلوں، فلائی اوور، اَنڈر پاس اور اِنٹیگریٹڈ یوٹیلٹی انفرا اسٹرکچر کی تعمیر شامل ہے۔
 یہاں تھانے میونسپل کارپوریشن (ٹی ایم سی)کی نئی عمارت  کا سنگ بنیاد بھی رکھا جائے گا۔ اس نئی عمارت کی تعمیر پر ۷۰۰؍ کروڑ روپے لاگت کا اندازہ لگایا گیا ہے۔ اس کثیر منزلہ عمارت کی تعمیر سے عوام کو یہ فائدہ ہوگا کہ   اہم میونسپل دفاتر ایک ہی عمارت میں دستیاب ہوسکیں گے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK