• Wed, 15 January, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo

آج وزیراعظم کی آمد، قلابہ میں فٹپاتھ سے اسٹال ہٹا دیئے گئے

Updated: January 14, 2025, 11:04 PM IST | Shahab Ansari | Mumbai

نوی ممبئی میں ٹریفک کے راستوں میں بڑے پیمانے پرتبدیلیا ںکی گئی ہیں۔ وزیراعظم نیول ڈاکیارڈ آئیں گے اورپھر کھارگھر میں’اسکان‘ کےایک مندرکا افتتاح کریں گے

Banners are displayed in Qalaba to welcome the Prime Minister, while the sidewalks are empty of hawkers. (Photo: Inqilaba)
قلابہ میں وزیراعظم کے استقبال کیلئے بینر آویزاں نظر آرہے ہیں جبکہ فٹ پاتھ ہاکرس سے خالی ہے۔ (تصویر: انقلاب)

وزیر اعظم نریندر مودی مختلف پروگراموں میں شرکت کیلئے بدھ کو نوی ممبئی میں کھار گھر اور جنوبی ممبئی میں قلابہ کا دورہ کریں گے جس کی وجہ سے ایک طرف   بڑے پیمانے پر ٹریفک نظام میں تبدیلیاں کی گئی ہیں تو دوسری طرف قلابہ میں سیکڑوں افراد کا روزگار متاثر ہوا ہے کیونکہ پیر کی رات سے یہاں فٹ پاتھ پر لگائے جانے والے اسٹالوں کو بند کروادیا گیا اور اب انہیں جمعرات سے قبل یہاں کاروبار کی اجازت نہیں ہوگی۔
قلابہ کے ہاکرس اور اسٹال والوں کو دشواریاں
 قلابہ میں اسٹال لگانے والے ایک شخص نے بتایا کہ ’’پیر کی شب تقریباً ۹؍ بجے قلابہ پولیس اسٹیشن کی جانب سے تمام اسٹال والوں کو کاروبار بند کرنے کی ہدایت جاری کی گئی تھی  ساتھ ہی یہ بھی کہا گیا تھا کہ اب جمعرات سے قبل اسٹال نہ لگائے جائیں۔‘‘ قلابہ میں فٹ پاتھ پر لگنے والے اسٹال سے سیکڑوں گھر چلتے ہیں۔ تاہم وزیر اعظم کی سیکوریٹی کے پیش نظر ہاکرس اور اسٹال والوں کو ہٹا دیا گیا ہے جس سے وہ پریشان ہیں۔
 وزیر اعظم مودی کی آمد کے پیش نظر منگل کو جنگی پیمانے پر یہاں ڈیوائیڈروں اور سڑکوں پر زیبرا کراسنگ وغیرہ کو رنگ و روغن کیا جارہا تھا۔ اس کے علاوہ بی جے پی کی جانب سے قلابہ میں وزیر اعظم کو خوش آمدید کہنے والے کئی غیرقانونی پوسٹرس بھی لگائے گئے ہیں۔
نوی ممبئی میں نوپارکنگ زون اور راستوں میں تبدیلیاں
 اسی طرح نوی ممبئی کے کھارگھر میں وزیراعظم  نریندر مودی    ایک مندر کا افتتاح کریں گے۔ ان کی آمد کے پیش نظر کھارگھر میں کئی سڑکوں کو نو پارکنگ قرار دیا گیا ہے اور کئی راستوں کو گاڑیوں کی آمدورفت کیلئے تبدیل کیا گیا ہے۔ ان میں اوے گائوں پولیس چوکی سے جے کمار سرکل تک، پھر گرو دوارہ چوک سے بی ڈی سومانی اسکول سے ہوتے ہوئے جے کمار سرکل تک اور اسکان مندر کے گیٹ نمبر ایک اور گیٹ نمبر ۲؍ پر جانے والی سڑکوں پر عام گاڑیوں کی آمدورفت بدھ ۱۵؍ جنوری (آج) کو ممنوع ہوگی۔ ان سڑکوں پر صرف وی آئی پی گاڑیوں، پولیس کی گاڑیوں، ایمرجنسی خدمات کی گاڑیوں اور تقریب میں شرکت کرنے والوں کو آنے جانے کی اجازت ہوگی۔ 
 محکمہ ٹریفک کے مطابق ان راستوں کے بند ہونے کی وجہ سے پرشانت کارنر اور اوے گائوں پولیس چوکی، اوے گائوں چوک سے جے کمار سرکل جانے والی گاڑیوں کو پرشانت کارنر سے دائیں جانب کی سڑک پر مڑ کر اپنی منزل پر جانا ہوگا۔
 اسی طرح شلپ چوک سے جے کمار سرکل یا اوے گائوں پولیس چوکی جانے والی گاڑیوں کو گرین ہیریٹج چوک سے دائیں یا بائیں جانب سڑک پر مڑ کر اپنی منزل پر جانا ہوگا۔دیگر کئی سڑکوں پر راستوں کو تبدیل کیا گیا ہے جہاں رہنمائی کیلئے پولیس اہلکار موجود ہوں گے۔
وزیراعظم کن پروگراموں میں شرکت کریں گے؟
   وزیراعظم نریندر مودی بدھ (آج)کو صبح ساڑھے ۱۰؍ بجے قلابہ میں واقع ’نیول ڈاک یارڈ‘ پر آئیں گے جہاں وہ ۳؍ بحری جنگی جہازوں کو نیوی کی خدمات میں شامل کریں گے۔ ان بحری جہازوں کے نام ’آئی این ایس (انڈین نیوی شپ) سورت‘، ’آئی این ایس نیل گیری‘ اور ’آئی این ایس واگھ شیر‘ ہیں۔
 ان جنگی جہازوں کوبحریہ میں شامل کرنے سے ہندوستان کا دفاعی نظام   مزید مضبوط ہوگا ۔ ان جہازوں میں آئی این ایس سورت انتہائی طاقتور جنگی جہاز ہے کیونکہ اس میں ’پی ۱۵؍بی گائیڈیڈ میزائل‘ کو تباہ کرنے کی اہلیت ہے اور یہ دنیا کے سب سے بڑے اور جدید میزائل تباہ کرنے والے جہازوں میں شمار ہوتا ہے۔ اس جہاز کا ۷۵؍ فیصد حصہ ہندوستان   ہی میں بنایا گیا ہے اور اس میں دفاعی نظام کی دیگر کئی بہترین تکنیک شامل ہیں۔ آئی این ایس نیل گیری بھی اپنی نوعیت کا جدید آلات سے لیس جنگی جہاز ہے جبکہ آئی این ایس واگھ شیر‘ پی ۷۵؍ اسکورپین پروجیکٹ‘ کا ’آبدوز‘ ہے جس سے ہندوستان کی آبدوز بنانے کی صلاحیت کا پتہ چلتا ہے۔
 قلابہ کا پروگرام ختم ہونے کے بعد وہ نوی ممبئی کے کھار گھر میں ’اسکان‘ (انٹرنیشنل سوسائٹی فار کرشنا کانشیئسنیس) کے سری سری رادھا مدن موہن جی مندر کا افتتاح کریں گے۔ یہ مندر ۷؍ ایکڑ پر پھیلا ہوا ہے ۔ اس میں ’ویدک ایجوکیشن سینٹر‘ بھی ہے ۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK