وزیراعلیٰ ایکناتھ شندے،نائب وزیراعلیٰ دیویندر فرنویس اور دیگر اہم شخصیات بھی موجود تھیں،ٹرین میں تیز رفتاری کے ساتھ متعدد قسم کی سہولیات بھی دستیاب
EPAPER
Updated: February 11, 2023, 9:26 AM IST | saeed Ahmed | Mumbai
وزیراعلیٰ ایکناتھ شندے،نائب وزیراعلیٰ دیویندر فرنویس اور دیگر اہم شخصیات بھی موجود تھیں،ٹرین میں تیز رفتاری کے ساتھ متعدد قسم کی سہولیات بھی دستیاب
سی ایس ایم ٹی سےشولاپور اور شرڈی کے لئے سینٹرل ریلوے کی پہلی وندے بھارت ٹرینوں کا جمعہ کی سہ پہر وزیر اعظم نریندر مودی کے ہاتھوں افتتاح عمل میںآیا۔سی ایس ایم ٹی سے وندے بھارت ٹرین شرڈی کے لئے ۴؍ بجےجبکہ شولاپور کیلئے ۳؍ بجکر ۵۵؍منٹ پر روانہ ہوئی۔ اس موقع پر وزیر اعظم مودی، وزیر اعلیٰ ایکناتھ شندے اور نائب وزیراعلیٰ دیویندر فرنویس کے علاوہ دیگر لوگوں نے ہاتھ ہلاکر مسافروں کو الوداع کہا اور خوشی کا اظہار کیا۔
ملکی سطح پر اپنی نوعیت کی منفرد یہ دسویں ٹرین ہے
یہ ٹرین تیز رفتار ہونے کے ساتھ جدید ٹیکنالوجی سے آراستہ ہے اپنی نوعیت کی آرام دہ ٹرین ہے۔ اس میں حفاظتی نقطہ نظر سےخاص توجہ دی گئی ہے۔ ڈبوں کو اس انداز میں بنایا گیا ہے کہ دوران سفر تیز رفتاری کےباوجود جھٹکا لگنے کا احساس کم ہو۔ اس کی رفتار ۱۶۰؍کلو میٹر فی گھنٹہ بتائی گئی ہے جو کہ دیگر ٹرینوں کے مقابلے کہیں زیادہ ہے لیکن اتنی تیز رفتاری سے چلانا ممکن نہیں ہوگا۔ اسے اس طرح بھی سمجھا جاسکتا ہے کہ ممبئی اور شرڈی کےدرمیان کا فاصلہ ۳۰۰؍کلومیٹر سے کچھ زیادہ ہےلیکن اس دوری کو طے کرنے میں وقت تقریبا۵؍گھنٹے لگا۔ البتہ دیگر ٹرینوں کے مقابلے اس ٹرین سے ڈیڑھ تا۲؍ گھنٹے وقت بچے گا۔
لوگوں کو سہولت ملے گی
وزیر اعظم مودی نے ہری جھنڈی دکھانے کے دوران اپنے مختصر خطاب میں کہا کہ یہ انتہائی خوشی کا موقع ہےجب مہاراشٹر کے لوگوں کو وندے بھارت ٹرین کا تحفہ ملا ہے۔ اس سے ان کا وقت بچے گا اور وہ آسانی کےساتھ درشن کے لئے شرڈی اور شولاپور جاسکیں گے۔ وزیر اعظم مودی نے بجٹ کے لئے بھی اپنی حکومت کی پیٹھ تھپتھپائی۔ اس کے علاوہ یہ بھی کہا کہ انفرااسٹرکچر بہتر ہونے سے کئی طرح کی سہولتیں ملیں گی۔
ڈبوں میں کس طرح کے انتظامات ہیں
ڈبےکے اندر وائی فائی سہولت، ہرسیٹ کے پاس چارجنگ سسٹم، ایمرجنسی بریک سسٹم، انڈیکیٹر، جی پی ایس سسٹم کے ذریعے ٹرین کہاں پہنچی ہے اس کی معلومات، سیٹ پر چائے اور ناشتے یا پڑھنے کے لئے ٹیبل ، بڑی بڑی کھڑکیاں جس سے باہر کے مناظر آسانی سےدیکھےجاسکتے ہیں، فائر سیفٹی، ا یمر جنسی حالات میں الارم اور خصوصی بٹن، شیشے توڑنے کے لئےہتھوڑی، سامان رکھنے کیلئے خوبصورت شیلف، بیت الخلاء، سیٹ کے نیچے پانی کی بوتل رکھنے کا نظم، اناؤنسمنٹ سسٹم جس میں لوکو پائلٹ کے ذریعے اطلاع دی جاتی ہے کہ دروازہ کدھر کھلے گا اورکب بند ہونے والا ہے وغیرہ دھوپ سے بچنے کے لئے کھڑکیوں پر خاص قسم کا شیشہ، دروازہ نہ کھلنے پر ایمرجنسی الارم کے علاوہ سیٹ کا رخ موڑنے کے لئے سسٹم موجود ہےکہ کھڑکی کی جانب یا دوسری طرف موڑاجاسکتا ہے اور بینکرس لگائے گئے ہیں جس سے گھاٹ چڑھنے میں مدد ملے گی۔ اس کے علاوہ کلاس کے حساب سے بیٹھنے کے لئے ڈبے میں ایک ساتھ تین اور دو سیٹوں کا نظم کیا گیا ہے۔
کس دن بند رہیں گی
شولاپور اور سی ایس ایم ٹی وندے بھارت ایکسپریس جمعرات کو بند رہے گی اور سی ایس ایم ٹی سائی نگر شرڈی منگل کوبندرہے گی۔ یہ۳۴۳؍کلومیٹرکاسفر۵؍ گھنٹے ۲۰؍منٹ میںطے کرے گی جبکہ شولاپور جانےوالی وندے بھارت ساڑھے۶؍گھنٹے میں پہنچے گی اور۴۵۵؍کلومیٹر کی دوری طے کرے گی۔