راہل گاندھی اُن کے آخری آرام گاہ ویر بھومی پہنچے، سونیا گاندھی، ملکارجن کھرگے اور دیگر لیڈروں نے پارلیمنٹ میں خراج عقیدت پیش کیا، پرینکا گاندھی نے جذباتی انداز میں اپنے والد کی خوبیاں گنائیں۔
EPAPER
Updated: August 21, 2024, 10:23 AM IST | Agency | New Delhi
راہل گاندھی اُن کے آخری آرام گاہ ویر بھومی پہنچے، سونیا گاندھی، ملکارجن کھرگے اور دیگر لیڈروں نے پارلیمنٹ میں خراج عقیدت پیش کیا، پرینکا گاندھی نے جذباتی انداز میں اپنے والد کی خوبیاں گنائیں۔
۲۰؍ اگست۱۹۴۴ء کو پیدا ہونے والے ملک کے آنجہانی وزیراعظم راجیو گاندھی کی ۸۰؍ویں سالگرہ کے موقع پر ملک کے اہم لیڈروں نے انہیں خراج عقیدت پیش کیا۔ وزیراعظم مودی، کانگریس سربراہ ملکارجن کھرگے، سونیا گاندھی، راہل گاندھی اور دیگر لیڈروں نے انہیں یاد کرتے ہوئے ان کی خدمات کو سراہا۔
وزیراعظم نریندر مودی نے ایک پوسٹ میں لکھا کہ’’ہمارے سابق وزیر اعظم راجیو گاندھی جی کو ان کے یوم پیدائش پر خراج عقیدت۔ ‘‘ملکارجن کھرگے، سونیا گاندھی اور دیگر لیڈروں نے انہیں پارلیمنٹ کے سینٹرل ہال میں خراج عقیدت پیش کیا جبکہ لوک سبھا میں حزب اختلاف کے لیڈر راہل گاندھی اپنے والد کی آخری آرام گاہ ’ویر بھومی‘ پہنچے۔یہاں انہوں نے شدید بارش کے درمیان اپنے والد کو خراج عقیدت پیش کیا۔ اس دوران ان کے بہنوئی رابرٹ واڈرا، بھانجے اور کانگریس کے کئی لیڈران بھی ان کے ساتھ موجود تھے۔ سچن پائلٹ کی بھیگتے ہوئے خراج عقیدت پیش کرنے کی تصویر سوشل میڈیا پر چھائی ہوئی ہے۔
خیال رہے کہ اپنی والدہ وزیر اعظم اندرا گاندھی کے قتل کے بعد راجیو گاندھی نے۱۹۸۴ء میں کانگریس پارٹی کی باگ ڈور سنبھالی تھی۔ وہ اکتوبر۱۹۸۴ء میں۴۰؍ سال کی عمر میں ہندوستان کے سب سے کم عمر وزیر اعظم بنے تھے۔ وہ۲؍ دسمبر۱۹۸۹ء تک وزیر اعظم کے عہدے پر فائز رہے۔ ۲۱؍ مئی۱۹۹۱ء کو ایک انتخابی ریلی کے دوران ایل ٹی ٹی ای کے ایک حملے میں ان کی موت ہوگئی تھی۔
کانگریس صدر ملکارجن کھرگے نے سابق وزیر اعظم راجیو گاندھی کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے سوشل میڈیا پر لکھا کہ ’’آج ملک خیر سگالی کا دن منا رہا ہے۔سابق وزیر اعظم راجیو گاندھی ہندوستان کے عظیم فرزند تھے۔انہوں نے کروڑوں ہندوستانیوں میں امید کی کرن جگائی اور اپنے بے مثال تعاون سے ہندوستان کو۲۱؍ویں صدی میں پہنچایا۔ ووٹنگ کی عمر کو۱۸؍ سال تک کم کرنے، پنچایتی راج کو مضبوط کرنے، ٹیلی کام اور آئی ٹی انقلاب لانے، کمپیوٹرائزیشن پروگرام کو نافذ کرنے، مسلسل امن معاہدے کرنے، خواتین کو بااختیار بنانے، عالمی ویکسی نیشن پروگرام کا حصہ بننے اور جامع تعلیم پر زور دینے والی نئی تعلیمی پالیسی جیسے ان کے بہت سے خوش کن اقدامات ہیں جو ملک میں تبدیلی لانے کا سبب بنے۔ ہم ’بھارت رتن‘ راجیو گاندھی جی کو ان کے یوم پیدائش پر دل کی گہرائیوں سے خراج عقیدت پیش کرتے ہیں۔‘‘
پرینکا گاندھی نے اپنے والد کو نہایت جذباتی انداز میں یاد کیا۔ اپنے والد کیلئے انہوں نے لکھا کہ ’’ایک قربت جس نے محبت کا سبق سکھایا، ایک احساس،جس نے دکھ بانٹنے کی اہمیت بتائی۔ایک خواب جس نے نوجوانوں کی طاقت والے ہندوستان کا راستہ دکھایا، ایک عزم، جس نے ٹیکنالوجی، سائنس اور معلومات کے میدان میں ایک انقلابی قدم اٹھایا اورایک سوچ، جس کا مقصد گورننس کی چابی گاؤں کے ہاتھ میں دینا تھا۔‘‘