Inquilab Logo

وزیراعظم مودی کی لگاتار ریلیاں کھرگے بھی خیمہ زن

Updated: December 03, 2022, 9:24 AM IST | Ahmedabad

گجرات میں انتخابی مہم فیصلہ کن موڑ پر ،آج آخری دن ،پاٹن اوربناس کانٹھا میں مودی کی ریلیاں جبکہ احمد آباد میں روڈ شو ، کانگریس صدر اراولی ضلع میں ، امیت شاہ کا بڑودہ میں روڈ شو

After holding rallies in various districts, PM Modi again held a road show in Ahmedabad: PTI
وزیر اعظم مودی نےمختلف اضلاع میں ریلیاں کرنے کے بعد احمد آباد میں پھر ایک روڈ شو کیا:پی ٹی آئی )

   گجرات میں جاری اسمبلی انتخابات کے دوسرے مرحلے کی تشہیر کے لئے تمام سیاسی پارٹیوں نے اپنی پوری طاقت جھونک دی ہے جس کی وجہ سے وہاں انتخابی سرگرمیاں عروج پر پہنچ گئی ہیں۔ ایک طرف وزیر اعظم مودی ہیں جنہوں نے اپنی پے در پے ریلیوں سے گجرات کے انتخابی ماحول کو گرم کر رکھا ہے تو دوسری طرف کانگریس صدر ملکارجن کھرگے ہیں جو مسلسل مودی سرکار اور بی جے پی کو نشانہ بنارہے ہیں۔ ان کے ساتھ ہی عام آدمی پارٹی بھی میدان میں ہے جو چھوٹی چھوٹی کارنر میٹنگوں کے ذریعے رائے دہندگان کو ہموار کرنے کی کوشش کررہی ہے۔  واضح رہے کہ دوسرے مرحلے کی  انتخابی تشہیر کا  ۳؍ دسمبر یعنی سنیچر کو آخری دن ہے۔ ۵؍ دسمبر کو دوسرے مرحلے میں گجرات میں ووٹ ڈالیں جائیں گے جبکہ نتائج کا اعلان ۸؍ دسمبر کو ہو گا۔ ایسے میں مختلف پارٹیوں کے لیڈر اور امیدوار جمعہ کی شام تک روڈ شو، پیدل یاترا اور جلسہ عام سمیت تمام طرح کی تشہیر کر تے رہے ۔  واضح رہے کہ اس مرحلے میں بی جے پی نے ۵؍ ریاستوں کے وزرائے اعلیٰ ، ۴۰؍ سے زائد مرکزی وزراء اور ۱۵۰؍ سے زیادہ دیگر ریاستوں کے وزراء کو میدان میں اتارا ہے جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ بی جے پی کتنی طاقت لگارہی ہے۔ 
وزیر اعظم مودی کی ریلیاں اور روڈ شو  
 وزیر اعظم مودی جو اس انتخاب میں بھی بی جے پی کا اصل چہرہ ہیں، نے پاٹن ضلع اور بناس کانٹھا ضلع میں انتخابی ریلیوں سے خطاب کیا۔ انہوں نے دونوں جگہوں پر کانگریس کو نشانہ بناتے ہوئے اسے گجرات کی ترقی روکنے کے لئے ذمہ دار قرار دینے کی کوشش کی ۔ مودی نے پاٹن میں کہا کہ کانگریس نے انگریزوں کے ساتھ کام کرتے کرتےان کی غلامانہ ذہنیت کو بھی اپنالیا تھا اسی لئے وہ سردار پٹیل جیسے لیڈر کو بھول گئی۔ مودی نے کےاس کے بعد آنند ضلع کا  بھی دورہ کیا جہاں انہوں نے انتخابی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کانگریس کےانگریزوں سے مدد لینے والا  بیان دہرایا اور گجرات کے عوام سے اپیل کی کہ وہ کانگریس کی باتوں میں نہ آئیں بلکہ ترقی کے نام پر صرف بی جے پی کو ہی ووٹ دیں۔ انہوں نے شام کے اوقات میں بناس کانٹھا کا دورہ کرتے ہوئے یہاں پرکانگریس کے ۷۰؍ سال کے دور کو یاد دلایا اور پوچھا کہ اس دوران گجرات کی ترقی کیوں نہیں ہو سکی ؟ اس نے گجرات کے تمام بڑے پروجیکٹ کیوں روک رکھے تھے؟ دوسری طرف وزیر داخلہ امیت شاہ بڑودہ میں ریلیاں کررہے ہیں۔ انہوںنے یہاں ایک روڈ شو بھی کیااور بی جے پی امیدوار کیلئے ووٹ مانگے۔ 
 کھرگے نے بے روزگاری کا موضوع اٹھایا
 کانگریس صدر ملکارجن کھرگے جو گزشتہ کئی دنوں سے گجرات کے دورے پر ہیں اور مسلسل انتخابی ریلیوں اور چھوٹی چھوٹی کارنر میٹنگوں سے خطاب کررہے ہیں ،نے اراولی ضلع کے گائوں بھیلوڈا میں انتخابی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے  ایک مرتبہ پھر بےروزگاری کا موضوع اٹھایا ۔ انہوں نے  الزام لگایا کہ بی جے پی گجرات میں ۵؍ لاکھ سے زائد خالی سرکاری اسامیوں کو محض اس لئے پُر نہیں کررہی ہے کیوں کہ ان میں سے ۷۰؍ فیصد دلتوں، ایس ٹی اور اوبی سی کو مل جائیں گی۔ انہوں نے الزام لگایا کہ بی جے پی کی ریاستوں میں دلتوں اور قبائلیوں کے خلاف جرائم میں ۱۷؍ سے ۲۰؍ فیصد تک کا اضافہ ہوا ہے ۔کھرگے نے ڈبل انجن کی سرکار کے نعرے پر بھی طنز کیا اور کہا کہ اگر واقعی ڈبل انجن کی سرکار ہے توگجرات میں ۳؍ مرتبہ وزیر اعلیٰ کو تبدیل کیوں کیا گیا ؟ 
عام آدمی پارٹی بھی تیار ہے 
 عام آدمی پارٹی کے لیڈران بڑی ریلیاں تو نہیں کررہے ہیں لیکن وہ زمینی سطح پر چھوٹی چھوٹی میٹنگوں کے ذریعے اپنی راہ ہموار کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔ اسی کے تحت آنندضلع ، پاٹن ضلع اور پڑوسی اضلاع کی تمام سیٹوں پر پارٹی کی جانب سے مقامی لیڈران تشہیر کررہے ہیں۔ وہ چھوٹی چھوٹی کارنر میٹنگوں کے علاوہ گھرگھر جاکر تشہیر کررہے ہیں۔  ان کا کہنا ہے کہ ان کارنر میٹنگوں کا ہی زیادہ فائدہ ہو گا

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK