• Sun, 08 September, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

وزیر اعظم مودی نے ممبئی میں ۲۹؍ ہزار کروڑ روپے کےمنصوبوں کا افتتاح کیا

Updated: July 14, 2024, 10:25 AM IST | Iqbal Ansari | Mumbai

وزیر اعظم مودی نے سنیچر کو اپنے ممبئی دورے پر انفرا اسٹرکچراورریلوے کے ۲۹؍ ہزار۴۰۰؍ کروڑ روپے کے متعدد پروجیکٹوں کاافتتاح کیا۔

Chief Minister Shinde and Deputy Chief Ministers Farnavis and Ajit Pawar presented the tunnel model to Prime Minister Modi. Photo: INN
وزیر اعلیٰ شندے اور نائب وزرائے اعلیٰ فرنویس اور اجیت پوار نے وزیر اعظم مودی کو ٹنل کا ماڈل پیش کیا۔ تصویر : آئی این این

وزیر اعظم مودی نے سنیچر کو اپنے ممبئی دورے پر انفرا اسٹرکچراورریلوے کے ۲۹؍ ہزار ۴۰۰؍ کروڑ روپے کے متعدد پروجیکٹوں کاافتتاح کیا۔ اس موقع پر انہوں نے مہاراشٹر کوملنے والےمتعدد پروجیکٹوں کا ذکر کرتے ہوئے ریاست کو  وسائل کا سب سے بڑا مرکز بنانے کا بھی عزم کیا۔ انہوں نے یقین دلایاکہ ممبئی کو اس کے آس پاس کے علاقوں سے جوڑنے کے جو پروجیکٹ  مہا یوتی سرکار لارہی ہے اس سے نہ صرف شہریوں کو آمد و رفت میں سہولت ہوگی بلکہ ان کے وقت اور ایندھن کی بچت بھی ہو گی۔ ساتھ ہی  ان پروجیکٹوں سے روزگار کے مواقع پر بھی فراہم ہوں گے۔ یہ افتتاحی تقریب گوریگاؤں میں واقع نیسکو ایگزیبیشن سینٹر  میں منعقد کی گئی تھی۔ وزیر اعظم نے یہ بھی یقین دلایا کہ این ڈی اے کے تیسرے دور میں تین گنا رفتار سے ترقی کے کام ہوں گے۔ واضح رہے کہ وزیر اعظم  مودی مکیش امبانی کے بیٹے اننت امبانی کی شادی کےاستقبالیہ میں شرکت کے لئے خصوصی طور پر تشریف لائے تھے۔
   وزیر اعظم مودی نے گوریگاؤں ملنڈ لنک روڈ کے تیسرے مرحلے کی سرنگ کا سنگ بنیاد رکھنے کے علاوہ  تھانے۔بوریولی کے جڑواں ٹنل کا سنگ بنیاد،کلیان یارڈ ری۔  ماڈلنگ کا سنگ بنیاد، تربھے میں تیزرفتار ملٹی ماڈل کارگو ہب کا سنگ بنیاد،لوکمانیہ تلک ٹرمنس کے نئے پلیٹ فارم کو قوم کے سپرد کرنے،سی ایس ایم ٹی کے پلیٹ فارم نمبر ۱۰؍ اور ۱۱؍ کی توسیع کو قوم  کے نام وقف کرنے، مکھیہ منتری یووا کاریہ پرشکشن یوجنا  کا افتتاح اور۲۷؍ کروڑ روپے کے فنڈ سے تربھے میں گتی شکتی ملٹی ماڈل کارگو ٹرمنس کا سنگ بنیاد رکھا ۔  
 وزیر اعظم نے مراٹھی کے کچھ جملوں کے ساتھ اپنی تقریر شروع کی ۔ انہوں نے کہا کہ  مہاراشٹر وہ  ریاست ہے جس کا ’وکست بھارت‘ کی تشکیل میں اہم رول ہے۔ مہاراشٹر کے  پاس انڈسٹری، ایگری کلچر اور  فائنانس سیکٹر کی طاقت ہے اور اسی طاقت نے ممبئی کو  ملک کا فائنانشل ہب بنایا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ مہاراشٹر سیاحت میں نمبر ایک ریاست بنایا جاسکتا ہے کیوں کہ یہاں پرشیواجی مہاراج کے قلعوں،کوکن کے ساحلوں  اور سہیادری کی پہاڑیوں کا بہترین خزانہ ہے۔گویا ہم مہاراشٹر نئی تاریخ لکھنے جارہے ہیں ۔ نریندر مودی نے اس دوران اپوزیشن پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ حال ہی میں آر بی آئی نے ایک رپورٹ جاری کی ہے جس کے مطابق گزشتہ ۳۔۴؍برسوںمیں ملک میں ۸؍ کروڑ روزگار کے مواقع ملے ہیں ۔ ان اعداد و شمار نے جھوٹی کہانیاں بنانے والوںکی بولتی بند کر دی ہے۔  یہ لوگ دیش ، انفرا اسٹرکچرکی ترقی اور بھارت کی ترقی کے دشمن ہیں۔ 
  وزیر اعظم سے قبل وزیر اعلیٰ ایکناتھ شندے نے اپنے خطاب میں وزیر اعظم مودی کے گُن گاتے ہوئے کہا کہ ’’آپ کے تن میں اور آپ کے کام میں پربھو رام ہے اور  آپ کے ساتھ بابا صاحب کا سنویدھان ہے ۔ اینرجی ، اسپیڈ  اور کمٹمنٹ  ان سب کا ایک ہی مطلب ہےنریندر مودی۔‘‘ وزیر اعلیٰ نے مودی کو پوری دنیا میں ملک کا نام روشن کرنے والی واحد شخصیت قرار دیا۔ وزیر اعلیٰ کے علاوہ نائب وزرائے اعلیٰ فرنویس اور اجیت پوار نے بھی خطاب کیا۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK