وزیراعظم نےفرانسیسی صدر ایمانوئل میکرون کے ساتھ پیرس میں ۱۴؍ویں ہندوستان-فرانس سی ای او فورم سے خطاب کیا۔
EPAPER
Updated: February 14, 2025, 1:05 PM IST | Agency | New Delhi/ Paris
وزیراعظم نےفرانسیسی صدر ایمانوئل میکرون کے ساتھ پیرس میں ۱۴؍ویں ہندوستان-فرانس سی ای او فورم سے خطاب کیا۔
وزیر اعظم نریندر مودی نے فرانسیسی کمپنیوں کو ہندوستان میں سرمایہ کاری اور کاروباری ماحول میں بہتری کیلئے اٹھائے گئے ٹھوس اقدامات سے آگاہ کرتے ہوئے دفاع، توانائی، شاہراہوں، شہری ہوا بازی، خلائی تحقیق، صحت کی خدمات اورفِن ٹیک کے شعبوں میں سرمایہ کاری کی دعوت دی ہے۔
فرانس کے دورے پر وزیر اعظم مودی نے صدر ایمانوئل میکرون کے ساتھ پیرس میں ۱۴؍ویں ہندوستان-فرانس سی ای او فورم سے خطاب کیا۔ اس فورم کے ذریعے دفاع، خلائی ٹیکنالوجی، اہم اور ابھرتی ہوئی ٹیکنالوجیز، بنیادی ڈھانچے، جدید ٹیکنالوجی پر مبنی مینوفیکچرنگ، مصنوعی ذہانت (اے آئی)، لائف سائنسز، فلاح و بہبود اور طرز زندگی، نیز خوراک اور میزبانی جیسے شعبوں میں باہمی تعاون کو فروغ دینے کیلئے دونوں ممالک کی کمپنیوں کے اعلیٰ عہدیداروں (سی ای اوز) کو جوڑا گیا ہے۔وزیر اعظم کے دفتر کی جانب سے جاری کردہ ایک بیان کے مطابق مودی نے اپنی تقریر میں ہندوستان میں ایک مستحکم سیاسی نظام اور بھروسے مند پالیسی ماحول پر روشنی ڈالی جس کی وجہ سے ہندوستان سرمایہ کاری کیلئے ایک پرکشش مقام بن چکا ہے۔
انہوں نے حال ہی میں پیش کئے گئے بجٹ۲۶-۲۰۲۵ءمیں اعلان کردہ اصلاحات کا بھی ذکر کیا جن میں انشورنس کے شعبے میں ۱۰۰؍ فیصد براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری (ایف ڈی آئی)، چھوٹے اور مائیکرو نیوکلیئر ری ایکٹر ٹیکنالوجیز پر مبنی جوہری توانائی کے منصوبوں میں نجی شراکت داری کو رعایت، کسٹم ڈیوٹی اسٹرکچر کو معقول بنانے اور نئی انکم ٹیکس کوڈ کے نفاذ جیسے فیصلے شامل ہیں۔
وزیر اعظم نے ہندوستان اور فرانس کے درمیان تجارتی اور اقتصادی تعاون کے فروغ اور اس سے دونوں ممالک کے درمیان اسٹریٹجک شراکت داری کو ملنے والی تقویت کا بھی ذکر کیا۔