تھائی لینڈ کی وزیر اعظم پیتونگ تارن شیناواترا سے ملاقات، دونوں لیڈروں نے دو طرفہ تعاون کے پورے دائرہ کار کا جائزہ لیا۔
EPAPER
Updated: April 04, 2025, 11:21 AM IST | Bangkok
تھائی لینڈ کی وزیر اعظم پیتونگ تارن شیناواترا سے ملاقات، دونوں لیڈروں نے دو طرفہ تعاون کے پورے دائرہ کار کا جائزہ لیا۔
وزیر اعظم نریندر مودی نے جمعرات کو بنکاک میں تھائی لینڈ کی وزیر اعظم پیتونگ تارن شیناواترا سے ملاقات کی۔ گورنمنٹ ہاؤس پہنچنے پر وزیر اعظم شیناواترا نے ان کا شاندار استقبال کیا۔ یہ ان کی دوسری ملاقات تھی۔ اس سے قبل دونوں لیڈروں کی ملاقات اکتوبر ۲۰۲۴ء میں وینتیانے میں آسیان سے متعلق سربراہی اجلاس کے موقع پر ہوئی تھی۔
قبل ازیں وزیر اعظم نریندر مودی بمسٹیک چوٹی کانفرنس میں شرکت کیلئے جمعرات کو تھائی لینڈ کے بنکاک پہنچے۔ مودی آج ( جمعہ کو) بنکاک میں منعقد ہونے والی۶؍ویں بمسٹیک چوٹی کانفرنس میں شرکت کریں گے اور تھائی قیادت کے ساتھ بات چیت بھی کریں گے۔ وزارت خارجہ کے ترجمان نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر ایک پوسٹ میں کہا کہ وزیر اعظم کا ہوائی اڈے پر نائب وزیر اعظم اور وزیر ٹرانسپورٹ سوریا جنگنگرینگ کٹ نے استقبال کیا۔ بعدازاں وزیر اعظم نے تھائی لینڈ کی وزیر اعظم پیتونگ تارن شیناواترا سے ملاقات کی۔ دونوں لیڈروں نے ہندوستان اور تھائی لینڈ کے درمیان دو طرفہ تعاون کے پورے دائرہ کار کا جائزہ لیا۔ انہوں نے سیاسی تبادلوں، دفاعی اور سیکوریٹی شراکت داری، اسٹریٹجک مصروفیات، تجارت اور سرمایہ کاری نیز عوام سے عوام کے تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے طور طریقوں پر تبادلۂ خیال کیا۔ انہوں نے رابطے، صحت، سائنس و ٹیکنالوجی، اسٹارٹ اپس، اختراع، ڈیجیٹل، تعلیم، ثقافت اور سیاحت میں تعاون بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے انسانی اسمگلنگ، منشیات کی ا سمگلنگ اور سائبر کرائم سمیت بین الاقوامی منظم جرائم سے نمٹنے کے لئے تعاون کو مضبوط کرنے کے طریقوں پر بھی تبادلہ خیال کیا۔ دونوں وزرائے اعظم نے عالمی مسائل پر تبادلہ خیال کیا اور ذیلی علاقائی اور کثیر جہتی فورموں بشمول بمسٹیک، آسیان اور میکونگ گنگا میں قریبی تعاون کو فروغ دینے کےطور طریقوں پر بھی تبادلۂ خیال کیا۔
دونوں لیڈروں نے ہندوستان-تھائی لینڈ اسٹریٹجک پارٹنرشپ کے قیام کے بارے میں ایک مشترکہ اعلامیہ کا تبادلہ کیا۔ انہوں نے ڈیجیٹل ٹیکنالوجی، بہت چھوٹی، چھوٹی اور اوسط درجے کی صنعتوں (ایم ایس ایم ای) اور سمندری ورثے کے شعبوں میں مفاہمت نامے کا تبادلہ بھی کیا۔ دونوں لیڈروں نے ہندوستان-تھائی لینڈ قونصلر مذاکرات کا بھی خیرمقدم کیا جس سے دونوں ممالک کے درمیان عوام سے عوام کے رابطوں کو مزید سہولت ملے گی۔
خیر سگالی کے طور پر تھائی حکومت نے وزیر اعظم کے دورے کے موقع پر۱۸؍ویں صدی کی رامائن کی پینٹنگز کی عکاسی کرنے والا ایک خصوصی ڈاک ٹکٹ جاری کیا۔ دونوں ممالک کے درمیان قریبی ثقافتی اور مذہبی روابط کو اجاگر کرتے ہوئے وزیر اعظم کو وزیر اعظم شیناواترا نے پالی میں بدھ مت کے مقدس صحیفے ٹی آئی-پی آئی ٹی اے کے اے کا خصوصی ایڈیشن پیش کیا۔ ہندوستان اور تھائی لینڈ کے درمیان قریبی تہذیبی تعلقات کو مزید مضبوط کرنے کے طور پر وزیر اعظم نے گجرات سےکھدائی کرکے لائے گئے بھگوان بدھ کے باقیات کو تھائی لینڈ بھیجنے کی پیشکش کی تاکہ لوگ ان کے تئیں احترام پیش کر سکیں۔ گزشتہ سال بھگوان بدھ اور ان کے۲؍ شاگردوں کے مقدس باقیات ہندوستان سے تھائی لینڈ پہنچے تھے اور۴۰؍ لاکھ سے زائد ا فراد نے انہیں خراج عقیدت پیش کیا تھا۔