• Sun, 24 November, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

پرنس ہیری کی کتاب پر شہزادہ ولیم کی خاموشی

Updated: January 14, 2023, 11:59 AM IST | London

شہزادہ ہیری کی دھماکہ خیز انکشافات پر مبنی کتاب کی مارکیٹ میں ہاتھوں ہاتھوں فروخت کے بعد برطانوی شاہی خاندان کے افراد پہلی مرتبہ عوامی سطح پر نمودار ہوئے

Prince William with wife Kate
پرنس ولیم اہلیہ کیٹ کے ساتھ

شہزادہ ہیری کی دھماکہ خیز انکشافات پر مبنی کتاب کی مارکیٹ میں ہاتھوں ہاتھوں فروخت کے بعد برطانوی شاہی خاندان کے افراد پہلی مرتبہ عوامی سطح پر نمودار ہوئے۔تاہم انہوں نے اس مقصد کیلئے اپنے آبائی علاقے کا انتخاب  کیا اور ایسے مقامات کا دورہ کیا جو لندن کے بر عکس شہریوں اور میڈیا کی گہما گہمی سے محفوظ ہے۔ شہزادہ ولیم اور ان کی اہلیہ جن کا ذکر ہیری نے اپنے یادداشتوں پر مبنی کتاب میں بھی بطور خاص کیا ہے اس کتاب پر کچھ نہ بولے۔اگرچہ گھر سے نکلنے کی اس سرگرمی کے موقع پر ان سے اس موضوع پر صرف ایک ہی شہری نے سوال کیا تھا اور وہ سوال بھی کوئی ایسا چبھتا ہوا نہیں تھا۔ شہری نے شہزادہ ولیم سے بس یہ پوچھا’’ `سر ! کیا آپ نے کبھی ہیری کی کتاب پر تبصرہ کرنے کا سوچا ہے؟‘‘ اس پر شہزادہ اور ان کی اہلیہ سوال کرنے والے کو نظرانداز کرتے ہوئے آگے بڑھ گئے۔  یا د رہے کہ پرنس ہیری نے اپنی کتاب میں شہزادہ ولیم پر الزام لگایا ہے کہ انہوں نے ہیری کا گریبان پکڑ کر ان کے ساتھ بد تمیزی کی تھی۔ 
 شہزادہ ولیم اور ان کی اہلیہ کیٹ اپنے آبائی علاقے  میں بظاہر کافی پر سکون نظر آئے۔وہ ایک اسپتال کے انتہائی نگہداشت کے یونٹ کے وزٹ کیلئے وارڈ کے اندر گئے، نرسوں سے ملے اور ان کے ساتھ  سیلفیاں بھی کھنچوائیں۔دوسری جانب شاہ چارلس سوم نے اسی روز اسکاٹ لینڈ کا دورہ کیا تاکہ مقامی لوگوں سے مل کر تنہائی کا مقابلہ کرنے کا اہتمام کریں۔یہاں شاہ چارلس نے ` بہادر اسکاٹ لینڈ ` کی دھنیں سنیں اور پھر ابردین شائر کے ایسے علاقے میں چلے گئے جہاں نہ بولنے والے پتھر اور لکڑی تراش خراش کرنے والوں کی وجہ سے اور بھی بھلے لگتے ہیں۔واضح رہے شہزادہ ہیری نے اپنے یادداشتوں کو’ا سپیئر‘ کے نام سے مرتب کر کے اپنے گھریلو حالات کی عکاسی کی ہے اور ان چیزوں کا بھی اظہار کیا ہے جو ان کیلئے ان کے بڑے بھائی اور سوتیلی والدہ کی طرف سے تکلیف کا باعث بنتی رہیں۔ہیری کی یہ کتاب شاہی خاندان کیلئے بھی تکلیف کا باعث بنی ہے مگر شاہی خاندان اس بارے میں اپنے روایتی  انداز میں خاموش رہنے میں قدرے عافیت محسوس کر رہا ہے۔ پبلشر کے مطابق کتاب نے ایک ہی دن میں ۱ء۴؍ملین کی فروخت کا نیا ریکارڈ قائم کیا ہے۔ یہ ریکارڈ مشیل اوبامہ کی ۲۰۱۸ء میں شائع ہونے والی کتاب سے بھی بڑ ہے۔ مشیل اوبامہ کی کتاب کی ایک ہفتے کے دواران فروخت ۱ء۴؍ ملین تک پہنچی تھی۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK