۶؍ لاکھ ۲۲؍ ہزار سے زائد ووٹ حاصل کئے ، حمایت دینے پرعوام کا شکریہ ادا کیا ، کہا کہ ’’ میں وائناڈ کے عوام کی آواز بنوں گی ‘‘
EPAPER
Updated: November 23, 2024, 11:30 PM IST | Wayanad
۶؍ لاکھ ۲۲؍ ہزار سے زائد ووٹ حاصل کئے ، حمایت دینے پرعوام کا شکریہ ادا کیا ، کہا کہ ’’ میں وائناڈ کے عوام کی آواز بنوں گی ‘‘
کانگریس کی جنرل سیکریٹری اور وائناڈ سے کانگریس اتحاد کی امیدوار پرینکا گاندھی وڈرا نےضمنی انتخاب میں ۴؍ لاکھ ۱۰؍ ہزار ۹۳۱؍ ووٹوں کے بڑے فرق سے کامیابی حاصل کرتے ہوئے تاریخ رقم کردی ہے۔پرینکا گاندھی نے پہلی مرتبہ انتخابی سیاست میں اترنے کے بعد اس شاندار جیت کے ذریعے پارلیمنٹ میں داخلہ حاصل کرلیا ہے۔ یہ پہلی مرتبہ ہو گا کہ اب گاندھی خاندان کے تینوں ستون سونیا گاندھی ، راہل گاندھی اور پرینکا گاندھی پارلیمنٹ میں ہوں گے ۔
پرینکا گاندھی کی یہ فتح کتنی اہم ہے ؟
پرینکا گاندھی کی یہ فتح اس لئے بھی بہت بڑی ہے کیوں کہ انہوں نے اپنے بھائی اور لوک سبھا میں اپوزیشن لیڈر راہل گاندھی کے اسی سیٹ سے جیتنے کے فرق کے ریکارڈ کو بھی توڑ دیا۔ راہل نے اپریل کے لوک سبھا انتخابات میں وائناڈ حلقہ سے ۳؍ لاکھ ۶۴؍ ہزار ووٹوں سے فتح حاصل کی تھی لیکن ۲۰۱۹ء میں راہل گاندھی نے وائناڈ سیٹ سے ۴؍ لاکھ ۳۱؍ ہزار ووٹوں کے فرق سے جیت حاصل کی تھی جسے پرینکا توڑنے سے رہ گئیں۔ ضمنی انتخاب میں پرینکا کو ۶؍ لاکھ ۲۲؍ ہزار ۳۳۸؍ ووٹ ملے جبکہ ان کے حریف اور لیفٹ ڈیموکریٹک فرنٹ (ایل ڈی ایف) کے امیدوار ستین موکیری کو۲؍ لاکھ ۱۱؍ ہزار ۴۰۷؍ ووٹ ملے۔ اسی طرح بی جے پی امیدوار نویہ ہری داس کوایک لاکھ ۹؍ ہزار ۹۳۹؍ ووٹ ملے ۔
پرینکا گاندھی نے سبھی کا شکریہ ادا کیا
وائناڈ سیٹ پر جیت کی مہر لگنے کے بعد پرینکا گاندھی نے عوام کا شکریہ ادا کیا ۔ انہوں نے عوام کے ساتھ ساتھ پارٹی کارکنان اور اپنے اہل خانہ کو بھی شکریہ کہا ۔ اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ ’’وائناڈ کے میرے پیارے بھائیوں اور بہنوں، آپ نے مجھ پر جو بھروسہ ظاہر کیا ہے، اس کے لئے میں آپ سبھی کی بہت بہت شکرگزار ہوں۔ میں یہ یقینی بنائوں گی کہ آپ محسوس کریں کہ یہ جیت آپ کی جیت ہے اور جس شخص کو آپ نے اپنا نمائندہ منتخب کیا ہے، وہ آپ کی امیدوں اور خوابوں کو سمجھتا ہے اور آپ کے لئے لڑتا ہے۔ میں پارلیمنٹ میں آپ کی آواز بننے کے لئے پُرجوش ہوں۔‘‘اس پیغام میں پرینکا گاندھی نے یہ بھی کہا کہ مجھے یہ عزت دینے کے لئے اور جس طرح سے آپ نے مجھے بے پناہ محبت دی ہے، اس کے لئے آپ سبھی کا بہت بہت شکریہ۔ انہوں نے پارٹی کارکنان کا بھی شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ’’یو ڈی ایف میں میرے ساتھی، کیرالا کے لیڈران، کارکنان اور میرے دفتر کے ساتھی، جنھوں نے اس مہم میں سخت محنت کی، دن میں ۱۲؍ ۱۲؍گھنٹے (بغیر کھانا کھائے، بغیر آرام کئے) لگاتار کام کیا اور جنہوںنے مجھ پر اعتماد کیا، ان سبھی کا بہت بہت شکریہ۔پرینکا گاندھی نے اپنے اہل خانہ کے تعلق سے کہا کہ ’’میری ماں، رابرٹ اور میرے دو بچے ریحان و مرایا... آپ نے مجھے جو محبت اور طاقت دی ہے، اس کے لئے آپ سبھی کا شکریہ۔ میرے بھائی راہل، تم بہت بہادر ہو... مجھے راستہ دکھانے اور ہمیشہ میرا ساتھ دینے کے لئے دل کی گہرائیوں سے اظہارِ تشکر۔
ملکارجن کھرگے سے ملاقات
پرینکا گاندھی نے نتیجہ آنے کے بعد دہلی میں کانگریس صدر ملکارجن کھرگے کی رہائش گاہ پر جاکر ان سے ملاقات کی۔ اس موقع پر کھرگے نے پرینکا کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ مجھے یقین ہے کہ پرینکا گاندھی پارلیمنٹ میں وائناڈ اور ملک کے لوگوںکے لئے ایک مضبوط آواز بنیں گی۔ انہوں نے کہا کہ پرینکا کی قابل قیادت، ہمدردی، شائستگی اور عزم اور آئین کے اصولوں سے ان کی وابستگی انہیں مزید تقویت بخشے گی۔
راہل گاندھی نے بھی مبارکباد دی
راہل گاندھی نے بھی ٹویٹ کرکے پرینکا گاندھی کو فتح کی مبارکباد دی اور امید ظاہر کی کہ وہ وائناڈ حلقے کی نمائندگی کا پورا حق ادا کریں گی۔