• Thu, 24 October, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

پرینکا گاندھی نے وائناڈ لوک سبھا سیٹ سے کاغذات نامزدگی داخل کردئیے ، روڈ شو میں لوگوں کا جم غفیر

Updated: October 23, 2024, 11:14 PM IST | Wayanad

راہل گاندھی ،سونیا گاندھی، ملکارجن کھرگے اور دیگر لیڈران ساتھ موجود تھے ، پارٹی کا طاقت کا مظاہرہ ، پرینکا نے کہا کہ’’ اب تک اپنی والدہ اور بھائی کیلئے ووٹ مانگتی تھی لیکن آج اپنے لئے حمایت اور محبت مانگنے آئی ہوں ‘‘

Priyanka Gandhi filing nomination form from Wayanad. (Photo: PTI)
پرینکا گاندھی وائناڈ سے پرچہ نامزدگی داخل کرتے ہوئے۔(تصویر: پی ٹی آئی )

 کیرالہ کے وائناڈ سے ضمنی الیکشن میں کانگریس کی امیدوار اور جنرل سیکریٹری پرینکا گاندھی نے پارٹی کے سینئر لیڈران کے ہمرا ہ اپنے کاغذات نامزدگی داخل  کردئیے ۔ یہاں سے ان کے بھائی راہل گاندھی نے الیکشن جیتا تھالیکن  رائے بریلی  سے انتخاب جیتنے کے بعد  انہوں نے یہ سیٹ چھوڑ دی۔ اب یہاں سےپرینکا گاندھی کو میدان میں اتارا گیا ہے جہاں ۱۳؍  نومبر کوالیکشن ہوگا۔ یہ پرینکا گاندھی کا پہلا الیکشن ہے ۔ حالانکہ وہ ۱۹۹۹ء سے ہی سیاست میں سرگرم ہیں اور  انہوں نے ۱۹۹۹ء میں اپنی والدہ سونیا گاندھی کے لئے امیٹھی اور ۲۰۰۴ء میں رائے بریلی میں پارٹی کے  لئے تشہیر میں حصہ لیا تھا، لیکن باضابطہ طور پر وہ ۲۰۱۹ء میں سیاست کے میدان میں اتریں۔ 
  پرینکا گاندھی نے ضمنی انتخاب کے  لئے بدھ کو جب  وائناڈ پارلیمانی حلقہ سے اپنے کاغذات نامزدگی داخل  کئے تو اس دوران کانگریس پارلیمانی پارٹی کی صدر سونیا گاندھی، کانگریس صدر ملکارجن کھرگے، لوک سبھا میں اپوزیشن لیڈر راہل گاندھی، کانگریس تنظیم کے جنرل سیکریٹری کے سی وینوگوپال، کرناٹک کے وزیر اعلیٰ سدارمیا سمیت لوگوں کا جم غفیر ساتھ  تھا  جو انہیں ہر پل اپنی حمایت کا احساس دلارہا تھا ۔  
   اس سے قبل پرینکا نے زبردست روڈ شو کیا جس میں لوگوں کا جم غفیر موجود تھا ۔اس کے بعد منعقد ہونے والےجلسہ سے خطاب کرتے ہوئے کانگریس صدر کھرگے نے وائناڈ کے لوگوں سے اپیل کی کہ وہ پرینکا کو اب تک کے سب سے زیادہ ووٹوں کے فرق سے جیتنے میں مدد کریں۔ انہوں نے بتایا کہ وائناڈ کے لوگوں نے پرینکا گاندھی سے ضمنی انتخاب لڑنے کا مطالبہ کیا تھا۔ اب یہ ان کا فرض ہے کہ پرینکا کو کامیاب بنائیں۔پرینکا گاندھی ایک مضبوط، بہادر اور ہمدرد لیڈر ہیں، جو پارلیمنٹ میں عوام کی سب سے مضبوط آواز ثابت ہوں گی۔
 اس موقع پرپرینکا گاندھی نے لوگوں کو یقین دلایا کہ وہ پارلیمنٹ میں ان کی آواز بنیں گی اور انہیں کبھی مایوس نہیں کریں گی۔ انہوںنے کہاکہ آپ میرے اپنے خاندان کی طرح ہیں اور میں آپ کو بتانا چاہتی ہوں کہ میں یہاں آپ کے  لئے لڑنے، آپ کے ساتھ کھڑا ہونے، آپ کی آواز بننےآئی ہوں، میں آپ کو کبھی مایوس نہیں ہونے دوں گی۔وائناڈ کے لوگوں کی خدمت کرنا میرے  لئے اعزاز کی بات ہوگی۔ پرینکا نے کہا کہ اب تک میں اپنی والدہ اور اپنے بھائی کے لئے ووٹ مانگتی تھی لیکن اب میں اپنے لئے آپ کی محبت اور حمایت مانگنے آئی ہوں۔  انہوں نے کہا کہ راہل گاندھی اور ان کا خاندان ہمیشہ وائناڈ کے لوگوں کا شکر گزار اور مقروض رہے گا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK