• Thu, 31 October, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

پرینکا گاندھی وائناڈ میں خیمہ زن،لگاتار عوامی اجلاس اور ریلیاں

Updated: October 29, 2024, 11:12 PM IST | Wayanad

وزیراعظم مودی کی پالیسیوں کو نشانہ بنایا، کہا: وہ صرف کاروباری دوستوں کو فائدہ پہنچا ر ہے ہیں، عام شہریوں کو نہیں

People gathered on rooftops to catch a glimpse of Priyanka (Photo: PTI)
پرینکا کی ایک جھلک پانے کیلئے لوگ چھتوں پرجمع ہوگئے (تصویر: پی ٹی آئی)

لوک سبھا میں اپوزیشن لیڈر راہل گاندھی کے استعفیٰ کے بعد خالی ہونےوالی کیرالا کی وائناڈ لوک سبھا سے پرینکا گاندھی کانگریس کی امیدوار ہیں۔ پرچہ نامزدگی کے بعد ہی سے وہ لگاتار انتخابی مہم چلا رہی ہیں ۔ پیر کو وائناڈ دورے کے بعد سے وہ وہیں پر خیمہ زن ہیں اور ا س دوران وہ مسلسل عوامی اجلاس سے خطاب کررہی ہیں اور ریلیاں نکال رہی ہیں۔ پیر کو انہوں نے ایک روڈ شو بھی کیا جس میں ہزاروں افراد نے شرکت کی۔ وہ پوری توانائی کے ساتھ مہم چلا رہی ہیں۔ منگل کو بھی انہوں نے متعدد کارنر میٹنگوں اور عوامی جلسوں سے خطاب کیا۔اپنی تقریر میں وائناڈ کی تاریخ کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہاں کے لوگوں نے ہمیشہ سچائی کے ساتھ کھڑے رہنے کا عزم کیا ہے۔
 پرینکا گاندھی نے کہا کہ ’’وائناڈ کی تاریخ بہت بھرپور ہے، جہاں لوگوں نے برطانوی حکمرانی کے خلاف لڑائی لڑی اور بھائی چارے کے ساتھ زندگی گزاری۔ یہ ہمارے ملک کی خوبصورتی کی عکاسی کرتا ہے۔‘‘ انہوں نے مزید کہا کہ ہندوستان کی آزادی محبت، سچائی، مساوات، انصاف اور سیکولرازم کے اصولوں پر بنی تھی، جو آج بھی ہمارے آئین کی بنیاد ہیں۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ آج کے دور میں بھی ان اصولوں کی حفاظت کی ضرورت ہے۔
 پرینکا گاندھی نے مودی سرکار کی پالیسیوں  پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ’’ گزشتہ ۱۰؍ برسوں لوگوں کی ضروریات کو نظر انداز کیا گیا ہے۔ مودی کی پالیسیاں صرف ان کے بڑے کاروباری دوستوں کو فائدہ پہنچا رہی ہیں، عام شہریوں کو نہیں۔‘‘
 کانگریس جنرل سیکریٹری نے کسانوں کی حالت پر بھی روشنی ڈالی، جوایم ایس پی کی ضمانت کے باوجود اپنے حقوق سے محروم ہیں۔ انہوں نے قبائلیوں پر ہونے والے حملوں اور ان کی زمینوں کی بڑی کاروباری افراد کو حوالگی پر بھی تشویش کا اظہار کیا۔انہوں نے کہا کہ ملک میں بے روزگاری عروج پر ہے لیکن روزگار فراہمی کا کوئی انتظام نہیں کیا ہے۔اسی طرح ملک میں صحت کا نظام بری طرح بگڑا ہوا ہے لیکن حکومت اس جانب توجہ نہیں دے رہی ہے۔ انہوں نے پیچیدہ جی ایس ٹی نظام کو بھی نشانہ بنایا جو چھوٹے کاروباروں کیلئے مشکلات پیدا کر رہا ہے۔
 پرینکا گاندھی نے اپنے خطاب میں کہا کہ ’’ہمارا ایک عزم ہے کہ ہم ان مسائل کے خلاف کھڑے ہوں گے۔ کانگریس پارٹی آپ کے حقوق کی حفاظت کرے گی اور آپ کی آواز بنے گی۔‘‘اجلاس کے دوران کانگریس پارٹی نے سوشل میڈیا پر ایک پیغام بھی جاری کیا، جس میں پرینکا گاندھی کی تقریر کو توانائی اور عزم سے بھرپور قرار دیا گیا۔ اس پیغام میں یہ بھی ذکر کیا گیا کہ وائناڈ کے عوامی اجتماع میں پرینکا گاندھی نے لوگوں کی توجہ حاصل کی۔
 اجلاس کے اختتام پر پرینکا گاندھی نے لوگوں سے حمایت کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ ’’ہمیں مل کر اس جدوجہد میں شامل ہونا ہے تاکہ ہم اپنے حقوق اور ہماری روایات کا تحفظ کر سکیں۔‘‘

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK