• Mon, 23 December, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

وزیراعظم کا مقصد ریزرویشن ختم کرنا ہے: پرینکا

Updated: April 18, 2024, 12:03 PM IST | saharanpur

سہارنپور میں کانگریس امیدوار عمران مسعود کی حمایت میں روڈ شوسے خطاب کرتے ہوئے پرینکا گاندھی نے کہا کہ مودی۴۰۰؍سیٹیں جیتنے کا جو دعویٰ کررہے ہیں اس کے پیچھے ان کا مقصدبابا صاحب امبیڈکر کا آئین تبدیل کر نا ہے، آئین اور جمہوریت بچانے کی اپیل۔

Priyanka Gandhi during a roadshow in Saharanpur. Photo: PTI.
پرینکا گاندھی سہارنپور میں روڈ شوکے دوران۔ تصویر: پی ٹی آئی۔

کانگریس جنرل سیکریٹری پرینکا گاندھی واڈرا نے یہاں پارٹی کے امیدوار عمران مسعود کے حق میں بدھ کو انتخابی روڈ شوکرتے ہوئے بی جے پی کو جم کر نشانہ بنایا۔ بی جے پی کو ہدف تنقید بناتے ہوئے انہوں نے بدھ کو کہا کہ آئین تبدیل کرنے کی بات کرنے والے حقیقت میں ریزرویشن ختم کرنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ الیکشن عوامی مسائل پر ہونا چاہئے۔ وزیر اعظم نریندر مودی اور ان کے لیڈر بے روزگاری، مہنگائی، کسان، خواتین کی بات نہیں کررہے ہیں بلکہ ادھر ادھر کی بات کررہے ہیں۔ 
پرینکا نے وزیر اعظم سے پوچھا کہ ان کے لیڈر جگہ جگہ آئین کو تبدیل کرنے کی باتیں کیوں کررہے ہیں۔ یہ باتیں آخر کہاں سے آئی ہیں جب آئین تبدیل کریں گے تب ریزرویشن کا کیا ہوگا۔ عام لوگوں کو ووٹ کے حق کا کیا ہوگا۔ انہوں نے مودی سے کہا کہ ڈرئیے مت کہنا کافی نہیں ہوگا ہم تو ویسے بھی نہیں ڈرتے ہیں۔ 
انہوں نے کہا کیا مودی جی نے پہلے سے گڑبڑی کررکھی ہے جو انہیں پتہ ہے کہ انہیں ۴۰۰؍ سے زیادہ سیٹیں ملیں گی۔ پرینکا گاندھی نے کہا کہ الیکٹورل بونڈ کی فہرست سپریم کورٹ کے ذریعہ سامنے لانے پر بی جے پی کی قلعی کھل گئی ہے۔ ۱۸۰؍کروڑ روپئے سالانہ کمانے والی کمپنی۱۱۰۰؍ کرور روپئے چند ہ بی جے پی کو دے رہی ہے۔ ایک گھنٹے سے زیادہ روڈ شو میں انڈیا اتحاد کے امیدوار عمران مسعود کو جیت دلانے کی اپیل کرتے ہوئے کانگریس لیڈر نے کہا کہ۱۹؍اپریل کو ہونے والی ووٹنگ میں سبھی لوگ بڑھ چڑھ کر شرکت کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ مودی۴۰۰؍سیٹیں جیتنے کا جو دعویٰ کررہے ہیں اس کے پیچھے ان کا مقصدبابا صاحب بھیم راؤ امبیڈکر کا آئین تبدیل کرنا اور سبھی طرح کا ریزرویشن ختم کرنا ہے۔ 
پرینکا گا ندھی کے بقول ’’آئین اور جمہوریت بچانے کی یہ آخری لڑائی نہ ثابت ہوجائے۔ اسے روکنے کے لئے ایک ہی ترکیب آپ لوگوں کو کرنا ہے کہ آپ یہاں سے انڈیا اتحاد کے نوجوان امیدوار عمران مسعود کو کثیر ووٹوں سے کامیاب کریں۔ وہیں انہوں نے کیرانہ سیٹ سے امیدوار اقراء حسن کو بھی جتانے کی اپیل ووٹروں سے کی۔ ‘‘
پرینکا گاندھی بدھ کی دوپہر۱۲؍ بجے سے کچھ دیر پہلے ہوائی جہاز سے سرساوا ائیرپورٹ پر پہنچیں۔ وہ عمران مسعود اور کانگریس کے سرکردہ لیڈروں کے ساتھ جین مندر گول کوٹھی پہنچیں۔ وہ عمران مسعود کے ساتھ گاڑی کی چھت پر بیٹھیں اور شرکاء کو ہاتھ دکھایا۔ گول کوٹھی سے ان کی گاڑی مشہور ٹیکسٹائل مارکیٹ رائے والا سے ہوتی ہوئی لکڑی کے نقش و نگار کے بازار سے ہوتی ہوئی بڑی بھیڑ کے درمیان امبالہ روڈ سے گردوارہ روڈ پر واقع کانگریس کے دفتر پہنچی۔ 
پرینکا گاندھی کی کار کے آگے اور پیچھے ایک کلومیٹر سڑک لوگوں سے پوری طرح سے بھری ہوئی تھی۔ اوپر سے دیکھنے پر ایسا لگتا تھا کہ جیسے سڑکوں پر عوامی سیلاب بہہ رہا ہے۔ یہاں کے لوگوں نے اس روڈ شو کو تاریخی قرار دیا ہے۔ روڈ شو میں ایس پی اور کانگریس کے اہم لیڈران شامل رہے۔ روڈ شوکے بعد ایک نیوز چینل سے گفتگو کرتے ہوئے پرینکا گاندھی نے کہا کہ ’’حکومت ہمیں نہ سکھائے کہ دیش بھکتی کیا ہے۔ ہمارےپریوارمیں لوگ شہید ہوئے ہیں اور ہم اچھی طرح جانتے ہیں کہ اصلی دھرم کیا ہے۔ ‘‘کنگنا رناوت کے تعلق سے سوال پرانہوں نے کہا ’’ ہم شکرگزار ہیں کہ وہ ہمارے بارے میں بول رہی ہیں لیکن آپ کیا چاہتے ہیں کہ میں ان کی بکواس کا جواب دوں ۔ ‘‘

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK