• Sat, 23 November, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

وائناڈ مجھے اپنے گھر جیسا لگتا ہے: پرینکا گاندھی

Updated: October 31, 2024, 10:14 AM IST | Wayanad

انتخابی مہم کے دوران عوام سے ملی محبت سے پرینکا گاندھی جذباتی ہوگئیں، کہا’’مجھے پتہ ہے کہ اقتدا ر میں بیٹھے لوگ آپ کی بات نہیں سن رہے ہیں ، اسلئے میں آپ کی آواز بننا چاہتی ہوں ‘‘، مودی حکومت پر وائناڈ لینڈ سلائیڈ کے متاثرین کو نظر انداز کرنے کا الزام لگایا۔

Priyanka Gandhi talking to a vulnerable woman in Wayanad. Photo: PTI.
پرینکا گاندھی وائناڈ میں ایک ضعیف خاتون سے گفتگو کرتے ہوئے۔ تصویر: پی ٹی آئی۔

کانگریس لیڈر اور یونائیٹڈ ڈیموکریٹک فرنٹ (یو ڈی ایف) کیرالا کے وائناڈ لوک سبھا ضمنی انتخاب کی امیدوار پرینکا گاندھی گزشتہ دو دنوں تک اپنے حلقہ انتخاب میں سرگرم رہیں۔ اس دوران جہاں انہوں نے مودی حکومت کی ناکامیاں اجاگر کیں وہیں کانگریس اور انڈیا اتحاد کے برسراقتدار میں آنے پر عوام کیلئے گارنٹیاں بھی بتائیں۔ انہوں نے وزیر اعظم مودی کی قیادت والی مرکزی حکومت پر کیرالا حکومت کو فنڈز دینے سے انکار کرنے اور وائناڈ کے تباہ کن لینڈ سلائیڈ سے بچ جانے والوں کی بحالی کے عمل کونظر انداز کرنے کا بھی الزام عائد کیا۔ پرینکا گاندھی نےیکے بعد دیگرے کئی عوامی جلسوں سے خطاب کیا۔ اسی کے ساتھ ملاپورم اور کوزی کوڈمیں روڈ شو بھی کیا۔ اس موقع پر انہوں نے مودی حکومت پر جم کر تنقید کی۔ انہوں نے کہا کہ لینڈسلائیڈنگ والے علاقوں کا دورہ کرنے کے بعد مرکزی حکومت نے ہر طرح کی مدد کا یقین دلایا تھا لیکن ابھی تک یہ وعدہ پورا نہیں کیا گیا ہے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ مودی نے ہماچل پردیش کی طرح کیرالا میں بھی لینڈسلائیڈنگ کو قومی آفت قرار نہ دے کر متاثرین کو نظر انداز کیا اور صورتحال سے نمٹنے کیلئے مناسب فنڈ بھی فراہم نہیں کیا۔ کانگریس جنرل سیکریٹری نے الزام عائد کیا کہ بی جے پی کی قیادت والی این ڈی اے حکومت نے مودی کی قیادت میں پچھلے۱۰؍ برسوں میں روزگار، تعلیم اور صحت کے شعبوں کو بری طرح نظر انداز کیا ہے۔ انہوں نے الزام لگایا کہ بی جے پی حکومت ملک کی جمہوریت اور آئینی حقوق کے خلاف کام کر رہی ہے اور پالیسیاں کچھ صنعت کاروں کی مدد کیلئے بنائی گئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ’’اگر آپ (وائناڈ کے لوگ) مجھے منتخب کرتے ہیں تو میں سماجی اقدار، سماجی ہم آہنگی اور سیکولرازم کو برقرار رکھنے اور تمام لوگوں کی خاطر سماجی انصاف کیلئے جدوجہد کرنے کا وعدہ کرتی ہوں۔ ‘‘ 
دو دنوں کے اس دورے میں وہ وائناڈ کے لوگوں سے ملنے والی محبت کی وجہ سے جذباتی بھی ہوگئیں۔ انہوں کہا کہ میں جب بھی وائناڈ آتی ہوں تو یہاں مجھے اپنے گھر جیسا گمان ہوتا ہے۔ انہوں نے وہ بات ایک بار پھردہرائی کہ میرے بھائی کے ساتھ جب کوئی نہیں تھا تو پورا وائناڈ ان کے ساتھ تھا۔ اپنی اس دلی کیفیت کا اظہار انہوں نے اپنے ’ایکس‘ ہینڈل پر بھی کیا۔ انھوں نے اپنی پوسٹ میں لکھا کہ ’’آپ کے پیار اور گرم جوشی کی وجہ سے وائناڈ مجھے گھر جیسا لگتا ہے، جو میرے دل کو گہرائی سے چھوتا ہے۔ ‘‘پرینکا گاندھی کے مطابق ’’انتخابی تشہیر کے دوران میں آپ سبھی کی باتیں سن رہی ہوں۔ کسان، نوجوان، خواتین اور سماجی کارکنان سبھی کی داستان اور سبھی کی فکر سن رہی ہوں۔ میں آپ کو بتانا چاہتی ہوں کہ میں ان مسائل کو اٹھانے اور آپ کے ساتھ مل کر کام کرنے کیلئے پوری طرح سے پرعزم ہوں ۔ ‘‘ چنگ تھارا علاقہ میں ایک انتخابی جلسے کے دوران تقریر کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ ’’میرے لئے اس سے بڑا کوئی اعزاز نہیں ہے کہ لوک سبھا میں آپ (وائناڈ والوں ) کی نمائندگی کروں۔ آپ مجھ میں ایک جنگجو دیکھیں گے۔ اگر آپ میری حمایت کریں گے اور اپنا رکن پارلیمان منتخب کریں گے تو میں وعدہ کرتی ہوں کہ میں آپ کو مایوس نہیں کروں گی۔ ‘‘پرینکا گاندھی اپنی تقریر کے دوران وائناڈ میں پیش آئے لینڈ سلائڈنگ کے واقعہ کا بھی تذکرہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ ’’جب وائناڈ میں قدرتی آفتی آئی تو کئی لوگوں کی روزی روٹی چلی گئی، کئی خاندان اپنے عزیزوں سے محروم ہو گئے۔ ‘‘ انہوں نے کہا کہ مجھے آپ کی پریشانیوں کا اندازہ ہے۔ میں جانتی ہوں کہ جولوگ اقتدار میں ہیں، وہ آپ کی نہیں سن رہے ہیں، اسلئے میں آپ کی آواز بننا چاہتی ہوں۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK