کانگریس لیڈر کابی جےپی ، بی آر ایس اور ایم آئی ایم میں ساز باز کا دعویٰ ۔
EPAPER
Updated: November 20, 2023, 11:24 AM IST | Agency | Hyderabad
کانگریس لیڈر کابی جےپی ، بی آر ایس اور ایم آئی ایم میں ساز باز کا دعویٰ ۔
کانگریس کی جنرل سیکریٹری پرینکا گاندھی نے کہا ہے کہ کانگریس تلنگانہ کی ترقی کا ویژن رکھتی ہے۔ اقتدار میں آنے کے بعد کانگریس ’جاب کیلنڈر‘ پر عمل کا وعدہ کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ کو ریاست کا درجہ سونیا گاندھی نے دلایا تھا ۔پرینکا گاندھی نے تلنگانہ کے خانہ پور میں انتخابی جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے الزام لگایا کہ چندر شیکھرراؤکے ۱۰؍ سالہ دور حکومت میں تلنگانہ کو لوٹا گیا۔ وعدوں کو پورا نہیں کیاگیا۔ ملازمتیں فراہم نہیں کی گئیں ۔ بے روزگاروں کو الاؤنس نہیں دیاگیا ۔انہوں نے کہاکہ مرکز کی مودی حکومت کارپوریٹس کے قرض معاف کررہی ہے۔انہوں نے الزام لگایا کہ مودی کانگریس اور اپوزیشن لیڈروں کو نشانہ بناتے ہوئے سی بی آئی اور ای ڈی کے ذریعہ کارروائی کروارہے ہیں ۔انہوں نے اپنی دادی و سابق وزیراعظم اندراگاندھی کی جینتی پر ان کو بھرپورخراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ’’ اندرا گاندھی کی موت کو۴۰؍سال گزر چکے ہیں لیکن لوگ آج بھی ان سے محبت کرتے ہیں۔‘‘
پرینکا گاندھی نے بی جے پی اور بی آر ایس میں ساز باز کا بھی الزام لگایا ۔انہوں نےکہا کہ بی آر ایس اور این ڈی اے ایک ساتھ ہیں جسے سمجھنے کی ضرورت ہے۔پرینکا گاندھی نے مجلس اتحاد المسلمین پر بھی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ اسد الدین اویسی مختلف ریاستوں میں کئی سیٹوں پر الیکشن لڑتے ہیں لیکن تلنگانہ کی ۱۱۹؍ سیٹو ں میں سےصرف ۹؍ سیٹوں پر کیوں لڑرہے ہیں ؟ پرینکا نے دعویٰ کیا کہ ’’ تلنگانہ میں اویسی جی بی آر ایس کو سپورٹ کرتے ہیں اور بی آر ایس مرکز میں بی جےپی کو سپورٹ کرتی ہے۔ آپ بی جےپی کو ووٹ دیں ، اس کا مطلب آپ نے بی آر ایس کو ووٹ دیا ، آ پ ایم آئی ایم کو ووٹ دیں یعنی آپ نےبی آر ایس کوووٹ دیا ۔‘‘وزیر اعظم مودی کو نشانہ بناتے ہوئے انہوں نے کہا کہ’’ وہ کالیشورم آبپاشی پروجیکٹ میں بی آر ایس کی بدعنوانیوں پر اورشراب گھوٹالے پر خاموش ہیں لیکن ای ڈی اور سی بی آئی جیسی مرکزی ایجنسیوں کوتفتیش کیلئے کانگریس لیڈروں کے گھروں پر بھیجتے ہیں ۔یہاں جو گھوٹالے ہوئے، مودی نے ان کی تحقیقات کے بارے میں نہ کچھ کیا اور نہ کچھ کہا۔‘‘