امریکی صدربائیڈن نے امید ظاہر کی کہ ہم ایک معاہدے تک پہنچنے کے قریب ہیں۔ دوحہ میں مذاکرات جاری۔
EPAPER
Updated: September 02, 2024, 10:01 AM IST | Washington
امریکی صدربائیڈن نے امید ظاہر کی کہ ہم ایک معاہدے تک پہنچنے کے قریب ہیں۔ دوحہ میں مذاکرات جاری۔
غزہ میں جنگ بندی مذاکرات کے تعلق سے امریکی صدر جوبائیڈن نے اس امید کا اظہار کیا ہے کہ ’’میرا خیال ہے کہ ہم غزہ میں ایک معاہدے تک پہنچنے کے قریب ہیں۔ ‘ان کا یہ بیان ایک ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب دوسری جانب حماس اور اسرائیل کے درمیان قیدیوں کے تبادلے اورغزہ میں جنگ بندی کیلئے بالواسطہ بات چیت جاری ہے مگر اس میں کسی بڑی پیش رفت کی تصدیق نہیں ہوسکی۔
ڈیلا ویر ریاست کے ریہوبتھ بیچ پرواقع اپنی رہائش گاہ پرگزشتہ روز صحافیوں سے بات کرتے ہوئے صدر بائیڈن نے کہا کہ ’’مجھے لگتا ہے کہ ہم اس جنگ کو ختم کرنے کے راستے پر ہیں۔ ‘‘’رائٹرس‘ کے مطابق انہوں نے مزید کہا کہ’’ہمیں یقین ہے کہ ہم معاہدے کو مکمل کرنے کی پوزیشن میں ہیں۔ فریقین جنگ روکنے کے بنیادی اصولوں پر متفق ہیں ‘‘۔
امریکی صدر کا یہ بیان اس وقت سامنے آیا ہے جب سنیچر کو ایک امریکی اہلکار نے انکشاف کیا تھا کہ چند روز قبل دوحہ میں تمام فریقین کی نمائندگی کرنے والی منی تکنیکی کمیٹیوں کے درمیان شروع ہونے والی بات چیت تفصیلی اور تعمیری تھی۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس ہفتے کی ملاقاتوں میں تمام فریقوں کی نمائندگی شامل تھی۔ حل طلب نکات پر مشاورت بدستور جاری ہے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ’’ہم فی الحال معاہدے پر عمل درآمد کی تفصیلات پر تبادلہ خیال کر رہے ہیں لیکن انہوں نے مزید تفصیلات بتانے سے انکار کرتے ہوئے ایک بار پھر زور دیا کہ مشاورت جاری ہے۔
واضح رہے کہ جمعہ کوسینئر امریکی اور اسرائیلی حکام نے بھی بات چیت کو حوصلہ افزا قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ دونوں فریقوں نے بالواسطہ بات چیت کے دوران پیش رفت ہوئی ہے لیکن وہ ابھی تک کسی مکمل معاہدے پر نہیں پہنچے۔ انہوں نے انکشاف کیا کہ حماس نے اسرائیل کو حراست میں لئے گئے اسرائیلیوں کی ایک فہرست سونپی ہے جنہیں متوقع معاہدے کے پہلے مرحلے کے حصے کے طور پر رہا کیا جا سکتا ہے۔
یہ باتیں اسی وقت سامنے آئیں جب اسرائیلی حکومت نے فلاڈیلفیا راہداری (صلاح الدین محور) میں اپنے فوجیوں کی تعداد اور ان کی تعیناتی کے مقامات کے نقشے جاری کئے ہیں۔ تاہم اسرائیل کا کہنا ہے کہ وہ فلاڈیلفیا کوریڈور سے فوج نہیں ہٹائے گا۔