ممبئی میں واقع انٹرنیشنل ایئر پورٹ سے سفر کرنا بین الریاستی اور بین الاقوامی مسافروں کیلئے مہنگا ہوسکتا ہے ۔
EPAPER
Updated: March 19, 2025, 11:22 AM IST | Shahab Ansari | Mumabi
ممبئی میں واقع انٹرنیشنل ایئر پورٹ سے سفر کرنا بین الریاستی اور بین الاقوامی مسافروں کیلئے مہنگا ہوسکتا ہے ۔
ممبئی میں واقع انٹرنیشنل ایئر پورٹ سے سفر کرنا بین الریاستی اور بین الاقوامی مسافروں کیلئے مہنگا ہوسکتا ہے ۔ایئر پورٹ کی توسیع اور بہتر سہولیات کیلئے یہاں واقع ’ٹرمینل ایک‘ (ٹی۔۱) کو منہدم کرکے اس کی از سر نو تعمیر کا منصوبہ بنایا گیا ہے لیکن ایئر پورٹ چلانے والی اڈانی کمپنی نے اس پروجیکٹ کے اخراجات مسافروں سے وصول کرنے کی تجویز پیش کی ہے۔
یہ بھی پڑھئے: جذبہ، جوش، جشن: خلا باز سنیتا ولیمزکی زمین پر واپسی
اس فیصلہ پر کئی افراد نے سوشل میڈیا پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ جب ان تعمیرات سے ہونے والی کمائی کا فائدہ ایم آئی اے ایل اور اڈانی کمپنی کو ہوگا تو اس کی تعمیر کیلئے عوام سے کیوں پیسہ لیاجارہا ہے۔’ممبئی انٹرنیشنل ایئر پورٹ لمیٹڈ‘ (ایم آئی اے ایل) نے ایک پریس ریلیز کے ذریعہ اطلاع دی ہے کہ ممبئی کے چھترپتی شیواجی مہاراج انٹرنیشنل ایئر پورٹ کی حالت خستہ ہوتی جارہی ہے، اس کے ٹی وَن کی از سر نو تعمیر اور یہاں جدید سہولیات فراہم کرنے کیلئے ۲۰۲۱ء کے بعد پہلی مرتبہ ’یوزر ڈیولپمنٹ فیس‘ (یو ڈی ایف) میں اضافہ کی تجویز پیش کی گئی ہے۔ اس اضافہ کیلئے ’ایئر پورٹ اکنامک ریگولیٹری اتھاریٹی‘ (اے ای آر اے) کو درخواست بھیج دی گئی ہے۔
واضح رہے کہ اب تک ممبئی ایئر پورٹ پر بین الریاسی مسافروں سے سفر کیلئے کوئی فیس نہیں لی جاتی تھی لیکن اب ڈومیسٹک مسافروں سے ۳۲۵؍ روپے بطور یو ڈی ایف جبکہ بین الاقوامی مسافروں سے ۶۵۰؍ روپے وصول کرنے کا منصوبہ بنایا گیا ہے۔ اب تک انٹرنیشنل مسافروں سے یو ڈی ایف کے نام پر محض ۱۸۷؍ روپے وصول کئے جاتے تھے جو بڑھ کر ۳۲۵؍ روپے ہو جائیں گے۔