گائے چوری اورملزم کوچھوڑنے پر برہمی کااظہارکرتے ہوئے سماجی خدمت گاروں اورکمیونسٹ پارٹی (مالونی یونٹ) کی جانب سے آج( پیر کو)آزاد میدان میں احتجاج کیا جائے گا۔
EPAPER
Updated: December 23, 2024, 10:56 AM IST | Saeed Ahmad Khan | Mumbai
گائے چوری اورملزم کوچھوڑنے پر برہمی کااظہارکرتے ہوئے سماجی خدمت گاروں اورکمیونسٹ پارٹی (مالونی یونٹ) کی جانب سے آج( پیر کو)آزاد میدان میں احتجاج کیا جائے گا۔
گائے چوری اورملزم کوچھوڑنے پر برہمی کااظہارکرتے ہوئے سماجی خدمت گاروں اورکمیونسٹ پارٹی (مالونی یونٹ) کی جانب سے آج( پیر کو)آزاد میدان میں احتجاج کیا جائے گا۔ اس تعلق سے آزاد میدان پولیس سے اجازت حاصل کرلی گئی ہے۔ دراصل ۵؍اکتوبر ۲۰۲۴ء کو مالونی چرچ کے قریب ہنومان مندر کے پاس واقع ایک کمپاؤنڈ سے سماجی خدمت گاراورکانگریس کے رکن ابراہم تھامس نامی شخص کی گائے چوری ہوگئی تھی۔ انہوں نے ۷؍اکتوبر کو مالونی پولیس اسٹیشن میں ایف آئی آردرج کرائی تھی۔ اس سے قبل چارکوپ گاؤں سے ۴؍اکتوبر کو۵؍گائیں چوری کی گئی تھیں۔ اس جرم میں چندریش یادو کوگرفتار کیا گیا تھا مگرپولیس کے نرم رویے کے سبب اس کو ضمانت مل گئی۔ اس کے خلاف گائے چوری کے اورکئی کیسز ہیں۔ اس تعلق سےشکایت کنندہ نے اے سی پی سے ملاقات کی تھی، اس وقت کہاگیا تھا کہ سخت ایکشن لیا جائے گا مگر کچھ نہیں ہوا۔
ابراہم تھامس کے مطابق سب سے اہم سوال یہ ہےکہ ’’چوری کے الزام میں ملزم پکڑا گیا لیکن اسے سخت سزا دینے کے بجائے نرم رویہ کیوں اپنایا گیا اورکس طرح اسے ضمانت مل گئی؟ حالانکہ گائے کے نام پر ایک کمیونٹی کو مسلسل ہراساں کیا جارہا ہے اور ایک طبقہ مسلمانوں کے خلاف نفرت پھیلارہا ہے، اس لئے اس کے خلاف آوازبلند کرتے ہوئے یہ بتانا ہے کہ گائے کےنام پرکیاکھیل کھیلا جارہا ہے ؟‘‘
دھرنے کے اہتمام میں پیش پیش رہنے والے کمیونسٹ پارٹی آف انڈیا (مالونی )کے شاکھا پرمکھ رئیس شیخ نے کہاکہ ’’ اس معاملے میں بھی پولیس دوہرا رویہ اپنارہی ہے۔ ہم نے آزادمیدان پولیس کو تحریری طور پر مطلع کرتے ہوئے یہ مطالبہ کیا ہےکہ دھرنے والے دن ہم کو وزیرداخلہ سے بھی ملنا ہے۔ اس پرپولیس کی جانب سے کہا گیا کہ محکمہ داخلہ کےسیکریٹری سے آپ لوگوں کی ملاقات کروائی جائے گی، وہاں آپ اپنا مدعا رکھ سکتے ہیں۔ ‘‘
انہوں نےیہ بھی کہاکہ ’’ احتجاج کا مقصد یہ بتانا ہے کہ گائےکے نا م پر مسلمانوں کو نشانہ تو بنایا جارہا ہے مگر یہ سب کچھ وہی طبقہ کررہا ہے جو اس کھیل کا ماسٹر مائنڈ ہے۔ ‘‘