شرومنی گردوارہ پربندھک کمیٹی کے کارکنوں کا سنیما گھروں کے باہر احتجاج، وزیراعلیٰ بھگونت مان سے پنجاب میں فلم پر پابندی عائد کرنے کا مطالبہ۔
EPAPER
Updated: January 18, 2025, 11:34 AM IST | Agency | Chandigarh
شرومنی گردوارہ پربندھک کمیٹی کے کارکنوں کا سنیما گھروں کے باہر احتجاج، وزیراعلیٰ بھگونت مان سے پنجاب میں فلم پر پابندی عائد کرنے کا مطالبہ۔
کنگنا رناوت کی فلم ’ایمرجنسی‘ریلیز ہوتے ہی تنازعات کا شکار ہوگئی ہے۔ شرومنی گردوارہ پربندھک کمیٹی (ایس جی پی سی) کے شد ید احتجاج کی وجہ سے پنجاب کے ایک بھی تھیٹر میں فلم ریلیز نہیں ہوسکی جبکہ ایس جی پی سی نے وزیراعلیٰ بھگونت مان کو مکتوب روانہ کرکے پنجاب میں مذکورہ فلم پر پابندی عائد کرنے کی مانگ ہے۔
ایس جی پی سی صدر ایڈوکیٹ ہرجندر سنگھ دھامی کی ہدایت پر تنظیم کے کارکنوں نے پورے پنجاب میں سینما گھروں کے باہر شدید احتجاج کیا۔ صورتحال کے بگڑنے کے اندیشوں کو دیکھتے ہوئے انتظامیہ نے ہنگامی طو رپرکسی بھی تھیٹر میں فلم’’ایمرجنسی‘‘کی نمائش نہ کرنے کا فیصلہ کیا۔ اس فیصلے کے بعد ایس جی پی سی احتجاج تو ختم کردیا مگر وزیراعلیٰ سے فلم پر پنجاب میں پابندی کا اس کا مطالبہ برقرار ہے۔ جمعرات کو ہی مکتوب روانہ کر کے وزیراعلیٰ بھگونت مان کو متوجہ کیاگیاتھا کہ فلم کے ذریعہ ’’تاریخ کو مسخ اور سکھوں کے جذبات مجروح کرنے‘‘کی کوشش کی جارہی ہے۔ ملک میں ایمرجنسی کے نفاذ کے حوالے سے بنائی گئی اس فلم میں کنگنا رناوت نے سابق وزیراعظم اندراگاندھی کا کردار نبھایا ہے۔ جمعہ کو فلم ریلیز ہونے کےبعد ناقدین نے اسے ریٹنگ نہیں دی ہے بلکہ زیادہ تر لوگوں نے ایک یا آدھااسٹار ہی دیا۔ جمعہ کو سنیما گھروں میں فلم کی ریلیز کے پہلے ہی دن اسے فلاپ قرار دیا جانے لگا ہے۔
اس فلم کی نمائش میں اس سے قبل سینسر بورڈ کا سرٹیفکیٹ نہ ملنے کی وجہ سےتاخیر ہو چکی ہے۔ بورٹ نے فلم کے کئی مناظر کو ہٹانے کی ہدایت دی اور اس کے بعد کہیں جاکر اس کی ریلیز کی راہ ہموار ہوئی۔