جن آکروش مورچے میں ’’والمیک کراڈ کو پھانسی دو ‘‘ کا نعرہ بلند کیا گیا۔
EPAPER
Updated: January 06, 2025, 1:57 PM IST | Ali Imran/Agency | Pune/ Nagpur
جن آکروش مورچے میں ’’والمیک کراڈ کو پھانسی دو ‘‘ کا نعرہ بلند کیا گیا۔
یہاں اتوار کو بیڑ کےسرپنچ سنتوش دیشمکھ کے قتل کیس اور سومناتھ سوریہ ونشی کی حراستی موت معاملے میں جن آکروش مورچہ نکالا گیا۔ اکھنڈ مراٹھا سماج کی مقامی یونٹ کی قیادت میں صبح ۱۰؍ بجے شنی وار واڑے کے پاس واقع لال محل کے پاس سے ریلی نکالی گئی جو پونے ضلع کلکٹر کے دفتر پر پہنچی۔ اس مورچے میں مظاہرین نے بڑی تعداد میں شرکت کی اور ’’والمیک کراڈ کو پھانسی دو، قاتلوں کو سخت سزادو‘‘ جیسے نعرے بلند کئے گئے۔ ریلی میں شامل کچھ مظاہرین نے سنتوش قتل معاملے کے مبینہ ملزم والمیک کراڈ کی تصویر پر چپلیں برسائیں۔ اس احتجاجی ریلی کے سبب پھڑکے حوض چوک سے لے کر داروالا پل، کھڑیچے میدان او رکلکٹر آفس تک ٹریفک نظام متاثر رہا۔
جرنگے پاٹل کو احتجاج ادھورا چھوڑکر جانا پڑا
مراٹھا ریزرویشن تحریک کے لیڈر منوج جرنگے پاٹل نے بھی اتوار کو پونے میں منعقدہ اس ریلی میں شرکت کی لیکن ان کے چچازاد بھائی کے ایک حادثے میں ہلاک ہوجانے کی خبر ملنے پر انہیں اچانک احتجاج ادھورا چھوڑکر اپنے گاؤں (انتر والی سراٹی) روانہ ہونا پڑا ہے۔
کسی کو بخشا نہیں جائے گا: دیویندر فرنویس
وزیر اعلیٰ دیویندر فرنویس نے اتوار کو ناگپور میں میڈیا کے نمائندوں سے بات کرتے ہوئے سنتوش دیشمکھ کے قتل معاملے میں کہا کہ ’’حکومت اور پولیس کارروائی کر رہی ہے۔ چاہے کچھ بھی ہو جائے، اس معاملے میں کوئی بھی کسی کو بچانے کی کوشش کرے، جو قصوروار ہے اس پر ہم کارروائی کریں گے۔ وزیراعلیٰ فرنویس یہاں بی جے پی شہر یونٹ کی جانب سے منعقدہ پارٹی کی رکنیت سازی مہم کی تقریب میں شرکت کیلئے آئے تھے، اس موقع پر فرنویس نے ناگپور میں میڈیا سے بات چیت کی۔ اس موقع پر انہوں نے سنتوش دیشمکھ کے قتل معاملے پر پوچھے گئے ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ’’ سنتوش دیشمکھ کے قتل کے خلاف بیڑ، پربھنی اور پونے میں احتجاجی مارچ نکالے گئے، احتجاج کرنے کا حق ہر شہری کو حاصل ہے۔ بیڑ معاملے میں حکومت اور پولیس پوری طاقت سے کارروائی کر رہی ہے۔ چاہے کچھ بھی ہو جائے، اس معاملے میں کوئی بھی کسی کو بچانے کی کوشش کرے، جو قصوروار ہے اس پر ہم کارروائی کریں گے۔ اس معاملے میں کسی کو بخشا نہیں جائے گا۔ جب ان کی توجہ انجلی دمانیا کو دی جانیوالی دھمکیوں کے معاملے پر مبذول کی گئی تو فرنویس نے کہا کہ اگر ایسا کچھ ہوا ہے تو انہیں اس کی اطلاع پولیس کو دینی چاہے، پولیس کارروائی کرے گی۔
مجھے دھمکیاں دی جارہی ہیں :انجلی دمانیا
سماجی کارکن انجلی دمانیا بھی بیڑ میں مساجوگ گاؤں کے سرپنچ سنتوش دیشمکھ کے قتل پر احتجاج کررہی ہیں۔ انجلی دمانیا نےاس معاملے میں منڈے خانوادہ پر سوال قائم کرتے ہوئے دعویٰ کیا تھا کہ بیڑ کے سرکاری دفاتر میں کئی اعلیٰ عہدوں پر پرلی کے بنجارہ سماج کے لوگ قابض ہیں۔ اب دمانیا نے دعویٰ کیا کہ پنکجا اور دھننجے منڈے کے حامیوں کی جانب سے مسلسل دھمکی آمیز فون آرہے ہیں۔ اتوار کو انہوں نے پریس کانفرنس کی اور دھننجے منڈے پر کئی سنگین الزامات لگائے۔ انہوں نے کہا کہ ’’مجھے ڈرانے اور دھمکانے کیلئے میرا نمبر سوشل میڈیا پر عام کیا گیا ہے۔ ‘‘