• Thu, 16 January, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo

بابا رام گیری کی زہرافشانی کے خلاف کئی مقامات پر احتجاج

Updated: August 17, 2024, 10:51 AM IST | Agency | Ahmednagar

اہانت آمیز کلمات کے سبب مسلمانوں میں ناراضگی، احمد نگر، اورنگ آباد اور ایولہ میں مظاہرے ، مالیگائوں میں بابا کے خلاف کارروائی کا مطالبہ، مختلف مقامات پر معاملہ درج۔

And in Nigabad and Ahmednagar, large numbers of people took to the streets. Photo: INN
اور نگ آباد اور احمد نگر میں بڑے پیمانے پر لوگ سڑکوں پر اتر آئے۔ تصویر : آئی این این

سرلابیٹ کے مہنت رام گیری مہاراج نے اپنے ایک پروگرام میں اہانت آمیز کلمات کہے ہیں جس کی وجہ سے مسلمانوں کے غم و غصہ پایا جا رہا ہے۔ رام گیری مہاراج کے خلاف ریاست کے مختلف مقامات پر جمعہ کے روز احتجاج کیا گیا۔ سب سے بڑا احتجاج اورنگ آباد کے ویجا پور علاقے میں ہوا جہا ں پولیس نے حکم امتناع جاری کر دیا ہے۔ ساتھ ہی بابا کا یا پھر احتجاج کا ویڈیو شیئر کرنے پر پابندی عائد کر دی ہے۔ 
اطلاع کے مطابق  بابا رام گیری نے اپنے ایک پروگرام میں پیغمبر اسلامؐ کے تعلق سے گستاخانہ کلمات ادا کئے تھے جس کا ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو گیا۔ اس کے بعد ناسک ضلع کے ایولہ میں بابا کے خلاف احتجاج کیا گیا ۔ مظاہرین نے بابا کو گرفتار کرنے کا مطالبہ کیا۔ ایولہ میں بابا کے خلاف معاملہ درج کر لیا ہے۔ جمعہ ہی کو اورنگ آباد کے ویجا پور علاقے میں مسلمانوں نے بڑی تعداد میں سڑک پر اتر کر احتجاج کیا۔ شہر کے امبیڈکر چوک پر بابا صاحب امبیڈکر کے مجسمے کے پاس مسلمانوں کی بڑی تعداد مجتمع ہوئی اور بابا کی گرفتار کا مطالبہ کرنے لگے۔ اورنگ آباد (دیہی) کے سپرنٹنڈنٹ آف پولیس ونایک کمار راٹھو موقع پر پہنچے اور انہوں نے بھیڑ کو سمجھانے کی کوشش کی۔ اطلاع کے مطابق ویجا پور میں بھی بابا کے خلاف معاملہ درج کیا گیا ہے۔   ایس پی نے ویجا پور میں حکم امتناع نافذ کر دیا ہے۔ ۱۶؍ اگست کی رات ۱۲؍ بجے سے ۱۹؍ اگست تک یہ پابندی عائد رہے گی۔ ایس پی نے اپیل کی ہے لوگ افواہوں پر توجہ نہ دیں اور کسی بھی متنازع ویڈیو کو شیئر نہ کریں ورنہ ان کے خلاف کارروائی کی جائے گے۔ 
 احمد نگر میں احتجاج اور ایس پی کو میمورنڈم
 اس دوران احمد نگر میں بھی سیکڑوں مسلمانوں نے سڑک پر اتر کر بابا رام گیری کے خلاف احتجاج کیا۔ انہوں نے پولیس سے مطالبہ کیا کہ اس گستاخ کو فوری طور پر گرفتار کیا جائے۔ لوگ اتنی بڑی تعداد میں سڑک پر اترے تھےکہ ایک سرے سے دوسرے سرے تک سر ہی سر دکھائی دے رہے تھے۔  کچھ نوجوانوں ہاتھ میں بینر اٹھا رکھا تھا جس پر بابا رام گیری کی گرفتاری کا مطالبہ کیا گیا تھا اور اسکی تصویر پر ضرب کا نشان لگا ہوا تھا۔  پولیس نے بھیڑ کو سمجھا بجھا کر واپس بھیجا۔ مسلمانوں کے ایک وفد نے دوران  احتجاج ہی ایک میمورنڈم ضلع ایس پی کے حوالے کیا جس میں مطالبہ کیا گیا کہ اپنے  منافرت آمیز بیان سے ماحول خراب کرنے والے بابا رام گیری کو فوری طور پر گرفتار کیا جائے۔
مالیگائوں میں سماج وادی پارٹی کی پریس کانفرنس
اس دوران مالیگائوں سماج وادی پارٹی کے لیڈر مستقیم ڈگنیٹی نے ایک پریس کانفرنس منعقد کرکے  پولیس سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ فوری طور پر بابا رام گیری کے خلاف ایف آئی آر درج کرے۔ مستقیم ڈگنیٹی نے کہا کہ ’’ہم حضور اقدس ؐ کی شان میں گستاخی کبھی برداشت نہیں کر سکتے۔ مالیگائوں ایک حساس شہر ہے۔ پولیس کو چاہئے کہ وہ شہر کے عوام کے جذبات کا احترام کرتے ہوئے بابا رام گیری کے خلاف معاملہ درج کرے۔‘‘ مستقیم ڈگنیٹی نے کہا کہ ’’حالانکہ بعض شہروں میں بابا کے خلاف معاملہ درج کیا گیا ہے لیکن  جب تک ایسے لوگوں کے خلاف زیادہ سے زیادہ ایف آئی آر درج نہیں کی جائے گی۔ یہ لوگ راہ راست پر نہیں آئیں گے۔‘‘ انہوں نے کہا کہ ’’ حکومت نےمنافرت آمیز تقریر کے خلاف جو نئے قوانین نافذ کئے ہیں، پولیس کو چاہئے کہ ان قوانین کااستعمال کرتے ہوئے بابا رام گیری کے خلاف کارروائی کی جائے۔ ‘‘ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK