• Tue, 17 September, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

مسلم مخالف اور اشتعال انگیز سیاست کے خلاف مختلف مقامات پر احتجاج

Updated: September 07, 2024, 2:04 PM IST | Ali Imran | Nagpur

شیر پور میں سماج وادی پارٹی نے پولیس کو میمورنڈم دیا، ناندیڑ میں ایس ڈی پی آئی نے ضلع کلکٹر دفتر پر احتجاج کیا، ناگپور میں سماجی تنظیم کی جانب سے ’دھرنا آندولن‘ کا انعقاد۔

Address of police in Sherpur. Photo: INN.
شیرپور میں پولیس کا مکتوب۔ تصویر: آئی این این۔

مسلمانوں کے خلاف نفرت آمیز بیانات اور اشتعال انگیز سیاست کے خلاف ریاست کے مختلف علاقوں میں احتجاج کیا جا رہا ہے۔ اسی سلسلے میں ناگپور میں جمعہ کو بڑے پیمانے پر دھرنا دیا گیا۔ یہاں اہل سنت والجماعت و رضائے نظامی ویلفیئر کی جانب سے اہانت آمیز بیان دینے والے رام گیری اور مسلمانوں کو مسجد میں گھس کر مارنے کی دھمکی دینے والے نتیش رانے کی گرفتاری کیلئے فاروق نگر کے شاہین باغ میدان میں دھرنا دیا گیا۔ اس میں شہر کے جعفر نگر، ٹیکا، شانتی نگر، بھالدارپورہ، مومن پورہ، تاج باغ نگر و دیگر مسلم علاقوں سے ہزاروں مسلمانوں نے شرکت کی۔ اس موقع پر علمائے کرام نے کہا کہ مسلمان کسی بھی حال میں حضوراکرمؐ کی شان میں گستاخی برداشت نہیں کریں گے۔ ہم موجودہ حکومت سے درخواست کرتے ہیں کہ وہ ان نام نہاد دھرم گروؤں کو لگام دیں، اور گستاخی کرنے والے رام گیری اور مسلمانوں کو دھمکی دینے والے نتیش رانے کو فوراً گرفتار کرے۔ اس موقع پر ایک شکایتی مکتوب بھی ضلع کلکٹر کے توسط سے ریاستی حکومت کو دیا گیا ہے۔ 
ناندیڑ میں ایس ڈی پی آئی کا احتجاج
اس دوران ناندیڑ میں سوشل ڈیموکریٹک پارٹی آف انڈیا (ایس ڈی پی آئی) کے ضلع صدر محمد اعجاز کی قیادت میں ضلع کلکٹر دفتر کے سامنے احتجاج کیا گیا۔ مظاہرین نے مسلمانوں کے خلاف جاری نفرت کی سیاست کو بند کرنے کا مطالبہ کیا۔ نیز گستاخ رام گیری اور منافرت آمیز بیان دینے والے نتیش رانےکو گرفتار کرنے کا مطالبہ کیا۔ 
شیر پور میں سماج وادی پارٹی کا مظاہرہ 
دھولیہ ضلع کے شیرپور علاقے میں سماج وادی پارٹی کے وفد نے جمعہ کو پولیس کو مکتوب پیش کرکے رام گیری اور اس کی پشت پناہی کرنے والے رکن اسمبلی نتیش رانے کی گرفتاری کا مطالبہ کیا۔ پارٹی کے تعلقہ صدر الطاف امیر بیگ نے انتباہ دیا کہ اگر پولیس نے فوری طور پر ان دونوں کو گرفتار نہیں کیا تو ریاست گیر سطح پر احتجاج کیا جائے گا۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK