• Tue, 17 September, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

جنگ بندی اور یرغمالوں کی رہائی کیلئے اسرائیل میں لگاتار دوسرے دن احتجاج

Updated: September 04, 2024, 1:45 PM IST | Agency | Tel Aviv-Yafo

نیتن یاہو پر شدید دباؤ، مظاہرین رہائش گاہ تک پہنچ گئے، منتشر کرنے کیلئے پولیس کو طاقت کا استعمال کرنا پڑا، کئی زخمی، ۱۲؍ گرفتار۔

Israeli citizens protested for the second day in a row in Tel Aviv on Monday for a ceasefire and hostage release agreement. Photo: AP
جنگ بندی اور یرغمالوں کی رہائی کے معاہدہ کیلئے تل ابیب میں پیر کو لگاتار دوسرے دن اسرائیلی شہری احتجاج کرتے ہوئے۔ تصویر :اے پی

غزہ میں۶؍ یرغمالوں کی موت سے بوکھلائے ہوئے اسرائیلی شہریوں  کا احتجاج پیر کو لگاتار دوسرے دن جاری رہا۔ غزہ میں   فوری جنگ بندی اور یرغمالوں  کی رہائی کے معاہدہ کا مطالبہ کرتے ہوئے مظاہرین پیر کی رات قیصریہ میں وزیراعظم نیتن یاہو کی ذاتی رہائش گاہ تک پہنچ گئے جنہیں  منتشر کرنے میں  اسرائیلی پولیس کو دانتوں تلے پسینے آگئے۔ پولیس کو طاقت کا استعمال کرنا پڑا جس میں  کئی مظاہرین زخمی ہوئے جبکہ ۱۲؍ کو گرفتار بھی کیاگیا ہے۔ 
’تم ہی ذمہ دار، تم ہی مجرم‘ کے نعرے
 مظاہرین نے غزہ میں   یرغمالوں   کی موت کیلئے براہ راست نیتن یاہو کو ذمہ دار ٹھہرایا ہے جو اپنے سیاسی مفادات کیلئے جنگ بندی اور یرغمالوں   کی رہائی کا معاہدہ نہیں  ہونے دے رہے ہیں ۔ قیصریہ میں  نیتن یاہو کی رہائش گاہ کے قریب ہزاروں   کے احتجاج کے ساتھ ہی مغربی القدس، تل ابیب اور ہائفہ سمیت کئی دیگر شہروں میں  بھی پیر کو لگاتار دوسرے دن زبرست مظاہرے ہوئے۔ قیصریہ میں اسرائیلی  وزیراعظم کی رہائش گاہ کے قریب مظاہرہ میں شامل افراد یرغمالوں کی واپسی کا مطالبہ کرتے ہوئے ’’گھر واپس لاؤ... فوراً.... ابھی‘‘ اور ’’ بی بی قیدیوں کورہا کراؤ‘‘ کے نعروں کے ساتھ ہی نیتن یاہو کو براہ راست ذمہ دار ٹھہراتے ہوئے یہ نعرہ بھی بلند کررہے تھے کہ ’’اصل ذمہ دار تم ہی ہو... تم ہی مجرم ہو۔ ‘‘ 
 مظاہرین کے خلاف طاقت کا استعمال
 یروشلم میں  مظاہرین کو پولیس کی جانب سے سخت تشدد کا سامنا کرنا پڑا۔ یہاں  پولیس نے مظاہرین کو پیچھے دھکیلتے ہوئے ۱۲؍ سے زائد مظاہرین کو حراست میں  لیا۔ یروشلم میں مظاہرین نے شنکھ نما شئے بجا کر اپنی آواز اسرائیلی حکومت کے کانوں  تک پہنچانے کی کوشش کی۔ اس کے علاوہ احتجاج میں شامل افراد نے بعض مقامات پر سڑکوں پر آگ جلا کر راستے بند کردیئے تاکہ حکومت ان کے مطالبات کی جانب متوجہ ہو۔ 
یرغمال اسرائیلی حملے میں  مرے
  اس بیچ حماس نے واضح کیا ہے کہ غزہ میں جن ۶؍  اسرائیلی یرغمالوں کی لاشیں  ملی ہیں وہ اسرائیل کے حملوں میں مارے گئے ہیں۔ حماس نے اعلان کیا ہے کہ ’’اسرائیلی قیدی، امریکی اسلحہ سے فلسطینی عوام کو قتل کرنے کیلئےکی گئی بمباری میں ہلاک ہوئے ہیں۔ ‘‘
’’ وزیراعظم نے لاوارث چھوڑ دیا‘‘
حماس کے ذریعہ یرغمال بنائے گئے غادی موزیس کے چچازاد بھائی شائی موزیس جو احتجاج میں  شامل تھے، نے مظاہروں کا مقصد بیان کرتے ہوئے کہا کہ ’’اسرائیل کے عوام کو سڑکوں   پر اترنا پڑ رہاہے کیوں  کہ وہ سمجھ چکے ہیں کہ وزیراعظم نے اپنےلوگوں  کو مرنے کیلئے بے یارو مدد گار چھوڑ دیاہے۔ ‘‘جنگ بندی اور یرغمالوں کی رہائی کے معاہدے میں  نیتن یاہو کے ذریعہ رکاوٹ کھڑی کئے جانے کا حوالہ دیتے ہوئے شائی موزیس نے الزام لگایا کہ وہ ’’اپنی سیاسی بقا‘‘ کیلئے یہ سب کررہے ہیں۔ 

یرغمالوں کی رہائی کیلئے نیتن یاہو کے اقدامات ناکافی: بائیڈن
اسرائیل میں شہریوں کی بے چینی  اور وزیراعظم  نیتن یاہو کے خلاف ان کے احتجاج کی تائید کرتےہوئے امریکی صدر جو بائیڈن نے بھی تسلیم کیا ہے کہ یرغمالوں کی رہائی کیلئے اسرائیلی وزیراعظم  کے اقدامات ناکافی ہیں۔  اس کے ساتھ ہی انہوں نے کہا ہے کہ وہ جلد ہی اس سلسلے میں نیتن یاہو سے گفتگو کریں  گے۔  اس سے قبل انہوں نے  امریکہ کی قومی سلامتی ٹیم کے ساتھ غزہ میں جنگ بندی اور قیدیوں کی رہائی  کی جانب ہونے والی  پیش رفت کا جائزہ لیا۔ انہوں نے بتایا کہ ’’میں قیدیوں کی رہائی کیلئے  مصر اور قطر  کے صدور  کے ساتھ رابطے میں ہوں۔‘‘

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK