Inquilab Logo Happiest Places to Work

پہلگام میں بزدلانہ حملے کی مذمت میں شہر و مضافات میں احتجاج

Updated: April 25, 2025, 11:43 PM IST | Saeed Ahmed Khan and Iqbal Ansari | Mumbai

جمعہ کی نماز کے بعد مینارہ مسجد ،بھنڈی بازار ،وکھرولی ، اتن ،دھاراوی ،ممبرا اور کوسہ میں مظاہرے، دہشت گردی مردہ باد کے نعرے بلند، حملہ آوروں کیخلاف سخت کارروائی کا مطالبہ

mumbra
ممبرا

کشمیر کے پہلگام میں ہونے والے  دہشت گردانہ حملے کے خلاف شہر ومضافات میں مساجد کے باہر جمعہ کو بھی صدائے احتجاج بلند کرنے کا سلسلہ جاری رہا۔ مظاہرین نے دہشت گردی مردہ باد!، آتنک واد کا کوئی مذہب نہیں ہوتا! اور دہشت گردوں کو کیفر کردار تک پہنچاؤ انہیں مٹی میں ملادو!، کے نعرے بلند کئے۔
حکومت سخت ایکشن لینے میں تاخیر نہ کرے
 مینارہ مسجد کے باہر رضا اکیڈمی کی جانب سے زبردست احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ اس موقع پر رضا اکیڈمی کے سربراہ محمد سعید نوری نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ’’اب دہشت گردوں کو مٹی میں ملانے کا وقت آ چکا ہے، مزید تاخیر کئے بغیر سخت قدم اٹھانا ہوگا۔ چونکہ ملک کے دشمن اب کھلے عام چیلنج پر اتر آئے ہیں، اس لئے انہیں ان کے انداز میں منہ توڑ جواب دینا ضروری ہوگیا ہے۔‘‘
  مولانا اعجاز احمد کشمیری نے متعصب میڈیا پر سخت تنقید کی اور کہا کہ’’آتنک وادیوں کا کوئی مذہب نہیں ہوتا، سبھی اس حملے کی مذمت کررہے ہیں۔ میڈیا کو چاہئے کہ وہ دہشت گردی کو کسی مخصوص مذہب سے جوڑ کر نفرت پھیلانے کا کام بند کرے۔ یہ رویے ملک کے اتحاد و سالمیت کیلئےخطرناک ہیں۔‘‘
بھنڈی بازار جنکشن پر این سی پی کا احتجاج
  بھنڈی بازار جنکشن پر احتجاج کرتے ہوئے این سی پی اجیت پوار گروپ کے قومی ترجمان ایڈوکیٹ سید جلال الدین نے کہا کہ پہلگام دہشت گردانہ حملے کی جتنی مذمت کی جائے کم‌ہے، ایسے امن اور انسانیت دشمنوں کے خلاف سخت کارروائی ضروری ہے۔ اس موقع پر این سی پی کے دیگر عہدیداران فیض اللہ خان، حاجی ارشد اور حذیفہ الیکٹرک والا کے علاوہ مظاہرین کی بڑی تعداد موجود تھی ۔ مظاہرین آتنک وادیوں کو سخت سزا دینے کا مطالبہ کررہے تھے۔ 
وکھرولی جامع مسجد کے باہر احتجاج
  وکھرولی جامع مسجد کے باہر جمعہ کی نماز کے بعد مظاہرین نے سخت الفاظ میں دہشت گردانہ حملے کی مذمت کی اور کہا کہ حکومت ایسے امن دشمنوں کو منہ توڑ جواب دے۔ مظاہرین نے متعصب میڈیا کے رویے پر بھی ناراضگی ظاہر کی جو اس مشکل وقت میں بھی اس حملے کو ایک مخصوص طبقے سے جوڑنے سے باز نہیں آرہا ہے۔ اس مظاہرے میں عبدالرحمن انصاری، واجد قریشی، ماجد انصاری، وارث علی شیخ، عبدالحق، مہیندر گمرے اور پروین بنسوڑے کے علاوہ دیگر مظاہرین شامل تھے۔
 بالے شاہ درگاہ پر احتجاج اور حملے کی مذمت
  میرا بھائندر اتن میں واقع حضرت بالے شاہ درگاہ پر بھی پہلگام حملے کیخلاف مظاہرہ کیا گیا۔ مظاہرین نے ہندوستان  زندہ باد اور پاکستان مردہ باد، کے نعرے بلند کئے۔ اس موقع پر ڈاکٹر احمد‌ رانا صدیقی ، امجد شیخ، مولانا شاہ عالم، ڈاکٹر آصف شیخ وغیرہ موجود تھے۔
 دھاراوی میں احتجاج
  دھاراوی میں جمعرات کی شب میں ممبئی کانگریس اور دیگر مقامی تنظیموں کے ذمہ داران نے مظاہرہ کیا۔ اس موقع پر رکن پارلیمنٹ ورشا گائیکواڑ بھی موجود تھیں۔ مظاہرین بینر اٹھائے ہوئے تھے جس پر دہشت گردانہ حملے کی مذمت کی گئی تھی۔ ورشا گائیکواڑ نے کہا کہ بے قصور سیاحوں کو قتل کرنا درندگی ہے، آتنک وادیوں کا کوئی دھرم نہیں ہوتا، وہ انسانیت کے دشمن ہیں، ان کے ساتھ ویسا ہی برتاؤ کیا جائے۔
 بزدلانہ حملے کے خلاف ممبرا  اورکوسہ میں احتجاج
 کشمیر کے سیاحتی مقام پہلگام میں دہشت گردانہ حملے کے خلاف جمعہ کی نماز کے بعد ممبرا  جامع مسجد، دارالفلاح مسجد، کوسہ جامع مسجد  کے باہر اور سڑکوں پر بھی اتر کر شہریوں نے احتجاج کیا ۔مظاہرین نے سیاہ جھنڈےلے کر حملے کی مذمت کی اور ترنگا بھی لہرا۔ عوا م د ارالفلاح سے امرت نگر تک سڑک پر اتر کر احتجاج کرتے ہوئے نظر آئے۔اس موقع پر ہم سب ایک ہیں!، دہشت گردی بند کرو!اور پاکستان مردہ باد کے نعرے بلند کئے گئے۔یہ احتجاج رکن اسمبلی جتیندر اوہاڑکی اپیل پر کیا گیاتھا۔ دارالفلاح مسجد کے باہر ہونے والے احتجاج میں سیاہ فیتہ باندھے ہوئے رکن اسمبلی جتیندر اوہاڑ اور این سی پی کے ممبرا کلوا اسمبلی حلقہ کے صدر شمیم خان، سابق کارپوریٹر اشرف( شانو ) پٹھان ، اعجاز ببلواور ممبرا جامع مسجد کے مظاہرے میں سید علی اشرف( بھائی صاحب) ، عمران قریشی، ببلو سید اور مقامی لیڈر اور علما کرام موجود تھے۔
 رکن اسمبلی نے پہلگام میں ہونے والے دہشت گردانہ حملے کو مرکز کی  ناکامی قرار دیا اور کہاکہ جب کشمیر  کےسیاحتی مقام  میں دنیا بھر لوگ آنے لگے تھے اور وہاں کے لوگوں کو روزگار فراہم ہو نے لگا تھا تو اس طرح کے حملے کر کے کشمیر کے عوام کا روزگار چھیننے کی کوشش کی گئی۔ اس حملے کی ہم سخت لفظوں میں مذمت کرتے ہیں۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK