• Sun, 22 December, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

پونے میں شہری انتظامیہ سخت، ۱۰۵؍ تعمیراتی کام رکوائے

Updated: December 15, 2024, 11:46 AM IST | Inquilab News Network | Pune

شہر میں ٖفضائی آلودگی کی سطح میں اضافے کے بعد میونسپل کارپوریشن نے ایسی کنسٹرکشن کمپنیوں کو نوٹس جاری کیا جنہوں نے حکام کے رہنما خطوط کو نظرانداز کیا تھا۔

Pune Municipal Corporation has tightened its stance. Picture: INN
پونے میونسپل کارپوریشن نے اپنا رویہ سخت کر لیا ہے۔ تصویر: آئی این این

پونے میں ان دنوں فضائی آلودگی بڑھ گئی ہے۔ شہر کی فضا میں دھول مٹی  کے سبب سانس لینا بیماریوں کو دعوت دینا ثابت ہو سکتا ہے۔ اب انتظامیہ نے اس معاملے میں سخت اقدامات شروع کر دیئے ہیں۔ میونسپل کارپوریشن نے  ۱۰۵؍ ایسے کنسٹرکشن ورک (تعمیراتی کام) پر روک لگا دی ہے جہاں فضائی آلودگی سے متعلق رہنما خطوط  پر عمل نہیں کیا گیا تھا۔ ساتھ ہی پونے میونسپل کارپوریشن نے ٹینکر کے ذریعے شہر کی مختلف سڑکوں پر پانی کا چھڑکائو کرنے کا فیصلہ کیا ہے تاکہ دھول مٹی کو کم کیا جاسکے۔ 
تعمیراتی کاموں کے سبب فضائی آلودگی میں اضافہ 
پونے شہر میں ان دنوں مختلف مقامات پر بلڈنگوں کے علاوہ فلائی اوور، سڑکوں اور دیگر پلوںکی تعمیرات کے سبب فضائی آلودگی میں اضافہ ہوا ہے۔  اس  کے علاوہ تعمیراتی کاموں کیلئے ریت، مٹی ، پتھر اور سیمنٹ وغیرہ لانے لے جانے والی گاڑیوں کی بلا روک ٹوک آمدورفت کے سبب بھی شہر کی سڑکوں  کے  آس پاس بھی چلنا خطرناک ہو گیا ہے کیونکہ ان گاڑیوں کے سبب دھول مٹی اڑتی ہے جو فضا کو آلودہ کر رہی ہے۔   ایک رپورٹ میں انکشاف ہوا ہے کہ پونے شہر میں فضائی آلودگی کی سطح میں اضافہ ہوا ہے جس کے بعد میونسپل کارپویشن  نے سخت اقدامات کی شروعات کر دی ہے۔ 
 ۱۰۵؍ تعمیراتی کام روکنے کا حکم 
اس دوران میونسپل کارپوریشن نے تعمیراتی کام کرنے والی ایسی کمپنیوں پر کارروائی شروع کر دی ہے  جنہوں نے فضائی آلودگی سے متعلق قوانین کا خیال نہیں رکھا۔ گزشتہ ۲؍ دنو ں میں انتظامیہ نے ۱۰۵؍  تعمیراتی کمپنیوں کو نوٹس جاری کیا ہے اور ان کا کام روک دینے کا حکم دیا ہے۔ وجہ یہ ہے کہ ان کمپنیوں نے نہ صرف فضائی آلودگی کے قوانین کی خلاف ورزی کی ہے بلکہ ای میل کے ذریعے انہیں دی گئی وارننگ کو بھی نظر انداز کیا ہے۔  پونے میونسپل کارپوریشن نے  حال ہی میں شہر میں جاری کنسٹرکشن ورک کی ذمہ دار کمپنیوں کو ای میل کے ذریعے اطلاع دی تھی کہ مہاراشٹر پولیشن کنٹرول بورڈ نے فضائی آلودگی  پر قابو پانے کیلئے کچھ رہنما خطوط جاری کئے ہیں۔ تمام کمپنیاں ان ہدایات پر عمل کریں ورنہ کارروائی کی جائے گی۔ لیکن بیشتر کمپنیوں نے اس ای میل کو نظر انداز کر دیا اور اپنی مرضی کے مطابق کام کرتی رہیں۔
   انتظامیہ نے باقاعدہ سروے کروایا اور جہاں کہیں ان ہدایات کی خلاف ورزی دکھائی دی وہاں کاموں کو رکوا دیا۔  میونسپل کارپوریشن نے جمعہ کے روز ۹۱؍ کمپنیوں کو نوٹس جاری کیا اور ان کا کام روک دینے کا حکم دیا جبکہ دوسرے دن یعنی سنیچر کو ۱۴؍ مزید کمپنیوں کے نام نوٹس جاری کیا گیا۔ انہیں بھی کام روک دینے کیلئے کہا گیا۔ نوٹس  میں سختی کے ساتھ یہ بات کہی گئی ہے کہ اگر اس نوٹس کے بعد کنسٹرکشن کا کام بند نہیں کیا گیا تو   قانون کی رو سے پولیس کے ذریعے کارروائی کیا جائے گی۔ 
 راستوں پر پانی کا چھڑکائو
 اس کے علاوہ پونےمیونسپل کارپوریشن نے ایک اور اقدام شروع کیا ہے۔ شہر کی سڑکوں پر اور مختلف علاقوں میں  جہاں فضا میں دھول مٹی پائی جاتی ہے وہاں پانی کا چھڑکائو کروانے کا فیصلہ کیا ہے۔ یاد رہے کہ نیشنل کلین ایئر پروگرام ( قومی پروگرام برائے شفاف ) کے تحت پونے میونسپل کارپوریشن کو ۳؍ ٹرک فراہم کئے تھے جن کا استعمال فضائی آلودگی کی سطح کو کم کرنے کیلئے کہا گیا تھا۔ گزشتہ ۳؍ سال سے یہ ٹرک بے کار کھڑے تھے۔ ان کا کوئی استعمال نہیں ہوا تھا۔ لیکن اب پونے میونسپل کارپوریشن نے فیصلہ کیا ہے کہ ان ٹرکوں کے ساتھ ٹینکر کو منسلک کرکے  شہر بھر میں پانی کے چھڑکائو کیلئے استعمال کیا جائے۔   فی الحال یہ پروجیکٹ ۲؍ سال کیلئے منظور کیا گیا ہے جس پر ۸۴؍ لاکھ ۹۰؍ ہزار روپے کا خرچ آئے گا ۔ اس بجٹ کو میونسپل کارپوریشن میں منظور کروا لیا گیا ہے۔ 
اطلاع کے مطابق پونے میں کاٹرج ۔ کونڈوا روڈ، کھراڑی میں واقع  آئی ٹی پارک روڈ،  اسی طرح  ہانڈے واڑی تا فرسونگی کچرا ڈپو تک صفائی کی  جائے گی ۔ مجموعی طور پر ۱۶؍ مقامات پر پانی کا چھڑکائو کیا جائے گا۔ تاکہ شہر میں فضائی آلودگی کی سطح کو کم کیا جائے۔  

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK