• Sat, 23 November, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

پونے کلکٹر دِیواسے نے مجھے پہلے دن سے ہراساں اور ذلیل کیا، پوجا کھیڈکر کا الزام

Updated: August 12, 2024, 12:26 PM IST | Inquilab News Network | Pune

مہاراشٹر کے ایڈیشنل چیف سیکریٹری کو بھیجے گئے مکتوب میں معطل ٹرینی افسرنے کیبن اورسہولیات کے مطالبےکے متعلق صفائی پیش کی۔

Puja Khedkar. Photo: INN
پوجا کھیڈکر۔ تصویر : آئی این این

معطل ٹرینی آئی اے ایس افسر پوجا کھیڈکر نے پونے ضلع کلکٹر کے خلاف سنگین الزام لگائے ہیں۔ اس ضمن میں  پوجا کھیڈکر نے مہاراشٹر کے ایڈیشنل چیف سیکریٹری کو مکتوب بھیجا ہے۔ لائیو ہندوستان کی رپورٹ کے مطابق یہ مکتوب پوجا نے پونے سے واشم تبادلہ کئے جانے کے ۱۱؍دنوں  کے بعد چیف ایڈیشنل سیکریٹری کو بھیجا تھا۔ 
مذکورہ بالا مکتوب میں پوجا نے الزام لگایا ہے کہ پونے کے ضلع کلکٹر سُہاس دِیواسے نے پونے ضلع کلکٹریٹ کے دفتر میں ان کی ٹریننگ کے پہلے دن سے انہیں ہراساں  اور ذلیل کرنے کا کام کیا ہے۔ دھیان رہے کہ زیر تربیت آئی اے ایس افسر پوجا کھیڈکر کو ان کے مبینہ مغرور رویہ اور مراعات و سہولیات کے متعلق بیجا مطالبات کئے جانے پر ۸؍جولائی ۲۰۲۴ءکو پونے سے واشم ٹرانسفر کردیا گیا تھا۔ اس کے بعد پونے ضلع کلکٹر سہاس دیواسے نے ایڈیشنل چیف سیکریٹری نتن گدرے کو مکتوب بھیجا تھا۔ جس میں  انہوں  نے کھیڈکر کے غیرمناسب رویہ کی شکایت کی تھی۔ اسکے جواب میں پوجا کھیڈکر نے بھی ایڈیشنل چیف سیکریٹری کو خط لکھا تھا اور اس میں سہاس دیواسے پر الزامات لگائے تھے۔ پوجا نے اس خط میں  دعویٰ کیا کہ دیواسے نے اُن کی بارہا بے عزتی کی۔ پوجا نے کہا کہ میڈیا میں  مختلف طرح کی خبریں  شائع ہونے سے ان کی شبیہ کو نقصان پہنچاہے۔ 

یہ بھی پڑھئے:’’لوک سبھا انتخابات میں `مہاوکاس اگھاڑی کے ساتھ ساتھ بی جے پی نے جھوٹ سے بھی مقابلہ کیا‘‘

پوجا نے کیا کہا؟
مراٹھی زبان میں  تحریر کردہ۳؍صفحاتی مکتوب میں انہوں  نے کہا کہ ’’اس (تنازع )سے مجھے ذہنی صدمہ پہنچ رہا ہے اور میں  بے حد پریشان ہوں۔ مجھے وجہ نہیں  پتہ لیکن جس دن سے میں نے پروبیشنری افسر کے طور پر جوائننگ کی ہے، پونے کلکٹر مجھے ذلیل کررہے ہیں۔ ‘‘ اس خط میں  پوجا نے ایڈیشنل کلکٹر کے ’اینٹے چیمبر‘ پر ان کے ذریعہ قبضہ کئے جانے الزام کا بھی جواب دیا ہے۔ انہوں  نے کہا کہ’’میرے والد دلیپ کھیڈکر کھانے کا ڈبہ دینے کیلئے کلکٹریٹ میں آئے تھے۔ ان کے خلاف دھمکی دینے کا الزام عائد کیا گیا ‘‘معلوم ہوکہ پولیس نے حال ہی میں دلیپ کھیڈکر پر پونے کلکٹریٹ میں ایک تحصیلدار کے ذریعہ درج کرائی گئی شکایت کی بنیاد پر ایک پبلک سرونٹ پر غیر ضروری دباؤ ڈالنے کا کیس درج کیا ہے۔ 
پوجا نے مکتوب میں  لکھا کہ ’’ایڈیشنل کلکٹر اجئے مورے نے بذات خود مجھے اینٹے چیمبر دینے کی پیشکش کی تھی۔ اور اپنے اسٹاف کو میرے لئے اس چیمبر کو تیار کرنے کا حکم دیا تھا۔ ایک دن کے بعد جب ضلع کلکٹر دیواسے دفتر آئے تو کسی نے انہیں میرے علاحدہ کیبن میں  بیٹھنے کی بات بتائی۔ اس پر وہ ناراض ہوگئے، انہوں  نے متعلقہ افسر کو بلایا اور میرے فرنیچر کو کیبن سے ہٹانے کا حکم دیا۔ میں  نے ان سے بات کی تو انہوں  نے الزام لگایا کہ میں نے علاحدہ کیبن کیلئے تجاوز کیا، اور میری کوئی بات نہیں سنی۔ ‘‘ پوجا نے مزید بتایا کہ’’ اگلے دن میں نے دیواسے سر سے ملنے کی کوشش کی لیکن نہیں مل سکی۔ میں نے ان سے معافی مانگی اور کہا کہ وہ میرے بیٹھنے کے انتظام کے متعلق جو بھی فیصلہ کریں گے میں اسے قبول کروں گی۔ ‘‘
کلکٹر نے کیا کہا؟
 اس ضمن میں  کلکٹر سہاس دیواسے پچھلے ہفتے ہی ایسے تمام الزامات مسترد کرچکے ہیں۔ انہوں نے انڈین ایکسپریس سے بات چیت میں  کہا تھا کہ ’’پوجا کھیڈکر کے ذریعے مجھ پر لگائے گئے تمام الزامات بے بنیاد ہیں۔ ‘‘

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK