سنیچر کی رات ڈھائی بجے یہ دل دہلادینے والا حادثہ ہوا، کار چلانے والا نابالغ شراب کے نشے میں دھت تھااور اندھادھندطریقے سے کارچلاتے ہوئے اس نے موٹر سائیکل اور دیگر گاڑیوں کو ٹکر ماری، جائے وقوعہ پربھیڑ نے ملزم اور اس کے ساتھیوں کو بری طرح پیٹا۔
EPAPER
Updated: May 20, 2024, 12:15 PM IST | Pune
سنیچر کی رات ڈھائی بجے یہ دل دہلادینے والا حادثہ ہوا، کار چلانے والا نابالغ شراب کے نشے میں دھت تھااور اندھادھندطریقے سے کارچلاتے ہوئے اس نے موٹر سائیکل اور دیگر گاڑیوں کو ٹکر ماری، جائے وقوعہ پربھیڑ نے ملزم اور اس کے ساتھیوں کو بری طرح پیٹا۔
شہر کے کلیانی نگر میں سنیچر کی رات کو ایک دل دہلادینے والا معاملہ پیش آیا۔ یہاں شراب کے نشے میں دھت ایک نابالغ نے ایک موٹر سائیکل کو بری طرح ٹکر ماری۔ جس میں موٹر سائیکل چلانے والا شخص بری طرح زخمی ہوااور دوران علاج اسپتال میں چل بسا۔ جبکہ بائیک پر پیچھے بیٹھی ہوئی خاتون کو سر پر شدید چوٹیں آئیں اور اس نے جائے حادثہ پر ہی دم توڑدیا۔ ٹی وی نائن کی رپورٹ کے مطابق سنیچر کی شب ایک سے دو بجے کے درمیان ملزم تیزرفتاری سے گاڑی چلارہا تھا۔ اس دوران یہ حادثہ پیش آیا۔
پولیس سے حاصل کردہ اطلاعات کے مطابق انیس اولیا اور اشوینی کوستاموٹر سائیکل پراپنے دیگر دوستوں کے ساتھ کلیانی نگر سے یروڈا کی طرف جارہے تھے۔ اسی دوران یہاں ایک تیزرفتار کار بے قابو ہوکر موٹر سائیکل اور دیگر گاڑیوں سے ٹکرائی۔ حادثے کے بعد ملزم اور کار میں سوار افرادکو وہاں موجود بھیڑ نے بری طرح پیٹا۔ اطلاع ملتے ہی یروڈاپولیس اسٹیشن کی ٹیم وہاں پہنچی اور ملزم کو حراست میں لیا۔ پولیس کے مطابق جس وقت حادثہ ہوا کار کی رفتار تقریباً ۲۰۰؍کلومیٹر فی گھنٹے تھی۔ کار چلانے والا نابالغ شراب کے نشے میں دھت تھا۔ پونے مرر کی رپورٹ کے مطابق نابالغ ملزم وشال اگروال کا بیٹا بتایا جارہا ہے۔ وشال اگروال کنسٹرکشن کمپنی برہماریالٹی اینڈ انفراسٹرکچر کے مالک ہیں۔ متوفین کے دوست عاقب رمضان ملا کی شکایت پر پولیس نے ایف آئی آردرج کرلی ہے۔ رپورٹ کے مطابق نابالغ اور اس کے دوست پب سے لوٹ رہے تھے، جس وقت یہ حادثہ ہوا۔ کار کے موٹر سائیکل اور دیگر گاڑیوں سے ٹکرانے کاویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگیا ہے۔