• Mon, 27 January, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo

پونے : گولین بیرے سنڈروم نامی بیماری کا اثر، ۶۴؍مریض پائے گئے

Updated: January 25, 2025, 11:57 AM IST | Agency | Pune

۱۳؍ افراد آئی سی یو میں ،انتظامیہ نے طبی سروے شروع کیا، متاثرہ افراد کے نمونے جانچ کیلئے بھیجے گئے۔

Medical personnel in Pune have been alerted. Photo: INN
پونے میں طبی اہلکاروں کو چوکنا کر دیا گیا ہے۔ تصویر: آئی این این

ریاست میں ان دنوں گولین بیرے سنڈروم نامی نئی بیماری تیزی سے پھیلتی جا رہی ہے۔ اس بیماری میں مریض کی نسیں ڈھیلی پڑ جاتی ہیں جس کی وجہ سے اس کے بدن میں کمزوری آنے لگتی ہیں ہڈیوں کے جوڑ میں درد رہنے لگتا ہے، حتیٰ کہ مریض فالج تک پہنچ جاتا ہے۔ ایک اطلاع کے مطابق ریاست میں فی الوقت اس کے ۶۷؍ مریض پائے گئے ہیں جن میں سے ۱۳؍ مریض وینٹی لیٹر پر ہیں۔ ان میں سب سے زیادہ مریض پونے میں ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ پونے ضلع انتظامیہ اب مستعد ہو گیا ہے۔ 
اطلاع کے مطابق ریاست میں اب تک پائے گئے ۶۷؍ مریضوں میں سے ۴۳؍ مرد ہیں جبکہ ۲۴؍ خواتین۔ اس بیماری کے مریضوں کی تعداد پونے میں تیزی سے بڑھ رہی ہے۔ اس وقت پونے میونسپل کارپوریشن کی حدود میں یعنی شہری علاقے میں ۱۳؍ مریض ایسے ہیں جو گولین بیرے سنڈروم کا شکار ہیں۔ اسکے علاوہ پونے ضلع کے دیہی علاقوں میں ۳۹؍ افراد اس مرض میں مبتلا پائے گئے ہیں۔ جبکہ پمپری چنچور کارپوریشن کی حدود میں بھی ۱۲؍ مریض ایسے ہیں جن میں گولین بیرے سنڈروم کی علامتیں پائی گئی ہیں۔ 
اب پونے میونسپل کارپوریشن، پمپری چنچوڑ میونسپل کارپوریشن اور پونے ضلع انتظامیہ نے مشترکہ طور پر ایک طبی سروے شروع کیا ہے جس کیلئے کئی ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں۔ طبی اہلکار گھر گھر جا کر لوگوں کی جانچ کر رہے ہیں اور گولین بیرے سنڈروم کے مرض کی علامت پائے جانے پر مریضوں کو اسپتال میں بھرتی کروا رہے ہیں۔ مریضوں کے خون وغیرہ کی جانچ کی جا رہی ہے۔ ساتھ ہی جن علاقوں میں مریض پائے گئے ہیں وہاں سے پانی کے نمونے حاصل کرکے انہیں بھی لیب میں جانچ کیلئے بھیجا جا رہا ہے۔ 
ضروری ہدایات
اس بیماری کے تعلق سے ماہرین نے کچھ ہدایتیں بھی جاری کی ہیں جوحسب ذیل ہیں :
۱۔ پانی ابال کر پئیں۔ سبزی ترکاری اور پھلوں کو اچھے دھولیں اس کے بعد کھائیں۔ مرغی مٹن کو اچھے سے پکالیں اس کے بعد ہی کھائیں۔ انڈے اور مچھلی کو کچا کھانے سے بچیں۔ کھانے سے پہلے اور واش روم سے نکلنے کے بعد ہاتھوں کو اچھی طرح دھوئیں۔ کھانے کے برتن دوسروں کو نہ دیں، نہ ان سے لیں۔ کچا اناج اور پکا ہوا اناج الگ الگ رکھیں۔ گندے برتنوں کو کھانا پکانے کی جگہ سے دور رکھیں۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK