پنجاب اسمبلی الیکشن میں ایک ہزارروپےدینے کاوعدہ پورا نہ کرنے کا الزام۔
EPAPER
Updated: January 05, 2025, 12:00 PM IST | Agency | New Delhi
پنجاب اسمبلی الیکشن میں ایک ہزارروپےدینے کاوعدہ پورا نہ کرنے کا الزام۔
دہلی میں سیاسی گہما گہمی بڑھتی جارہی ہے اورعام آدمی پارٹی حکومت کے خلاف عوام کا ایک طبقہ سرگرم ہورہا ہے۔ سنیچر کوپنجاب کی خواتین نے سابق وزیراعلیٰ اروند کیجریوال کی رہائش گاہ کے باہر احتجاج کیا۔ احتجاج کرنے والی خواتین کا کہنا تھا کہ عام آدمی پارٹی (آپ) نے پنجاب اسمبلی انتخابات کے دوران انہیں ایک ہزار روپے دینے کا وعدہ کیا تھا لیکن یہ وعدہ پورا نہیں کیا گیا۔ یہ خواتین امرتسر سے آئی تھیں۔ اروند کیجریوال نےدعویٰ کیا ہےکہ احتجاج کرنے والے بی جےپی اور کانگریس کے کارکنان ہیں۔ خواتین نے اپنے احتجاج کے دوران کہا کہ یہ وعدہ پورا نہ ہونے کی وجہ سے وہ کیجریوال کے گھر کے باہر احتجاج کر رہی ہیں ۔ ایک خاتون نے کہا کہ’’ ہم امرتسر سے یہاں اپنا مسئلہ لے کر آئے ہیں۔ آپ دہلی کی خواتین کو دھوکہ نہ دوجس طرح آپ نے پنجاب کی خواتین کو دیا۔ دہلی کی خواتین کو ۲۱۰۰؍ روپے دینے کا وعدہ نہ کرو۔ ــ‘‘
کانگریس پارٹی نے اس معاملے پر شدید رد عمل ظاہر کرتے ہوئے ’آپ‘ پر جھوٹے وعدوں کا الزام عائد کیا۔ پنجاب کانگریس کے صدر، امریندر سنگھ راجہ واڈنگ نے ایک پریس کانفرنس میں کہا کہ یہ احتجاج پنجاب میں ’آپ‘ حکومت کے وعدوں کی تکمیل نہ ہونے کی وجہ سے ہو رہا ہے۔ انہوں نے الزام لگایا کہ عام آدمی پارٹی نے پنجاب میں خواتین کو ایک ہزار روپے دینے کا وعدہ کیا تھا لیکن وہ وعدہ آج تک پورا نہیں کیا گیا۔
راجہ واڈنگ نے کہا ’’پنجاب میں آپ کی حکومت کو تین سال ہو گئے ہیں اور عوام نے ان کے وعدوں پر بھروسہ کر کے انہیں اکثریت دی تھی لیکن ان وعدوں میں سے کوئی بھی پورا نہیں ہوا۔ ‘‘اس احتجاج کے جواب میں اروند کیجریوال نے ایک پریس کانفرنس میں کہا’’یہ خواتین کانگریس اور بی جےپی کارکنان تھیں، ان دنوں پارٹیوں کو باضابطہ اعلان کردینا چاہئے کہ وہ دہلی انتخابات مل کر لڑرہی ہیں۔ ‘‘