چینی صدر نے دونوں ملکوں کے درمیان اعتماد میں اضافے پر مسرت کا اظہار کیا، یوکرین اور غزہ میں جاری جنگ کے بیچ دونوں کی ملاقات پر پوری دنیا کی نظر
EPAPER
Updated: October 19, 2023, 10:10 AM IST | Beijing
چینی صدر نے دونوں ملکوں کے درمیان اعتماد میں اضافے پر مسرت کا اظہار کیا، یوکرین اور غزہ میں جاری جنگ کے بیچ دونوں کی ملاقات پر پوری دنیا کی نظر
چینی صدر شی جن پنگ نے منگل کو ’’اپنےعزیز دوست‘‘ روسی صدر ولادیمیر پوتن کا بیجنگ میں خیرمقدم کرتے ہوئے اس بات پر خوشی کااظہار کیا کہ دونوں ملکوں کے درمیان تعاون اور اعتماد میں اضافہ ہورہاہے۔ بیجنگ اس وقت ایک کثیرجہتی سربراہی اجلاس ہورہا ہے جن میں ۱۳۰؍ ممالک شریک ہیں۔ یہ اجلاس ایسے وقت میں منعقد ہورہا ہے جب غزہ پر اسرائیل کی بمباری جاری ہے اور روس یوکرین کے ساتھ حالت جنگ میں ہے۔
بیجنگ اس وقت شی جن پنگ کے وسیع تجارتی اور انفرااسٹرکچر کے منصوبے ’دی بیلٹ اینڈ روڈ انیشی ایٹو (بی آر آئی) فورم‘ کی تقریب میں ۱۳۰؍ ممالک کے نمائندگان کی میزبانی کر رہا ہے۔ مہمانوں کی فہرست میں سب سے اوپر روسی صدر پوتن ہیں، جو ماسکو کے یوکرین پر حملے کے ردعمل میں روس کو عالمی سطح پر اکیلا چھوڑ دیئے جانے کے بعد پہلی بار ایک بڑی عالمی طاقت کے دورے پر ہیں۔ دونوں لیڈروں کی ملاقات مذکورہ فورم کے آغاز کے موقع پر ہوئی، روس کی وزارت خارجہ کی طرف سے پوسٹ کئے گئے ویڈیوز میں پوتن اور شی جن پنگ کو پرتپاک انداز میں ہاتھ ملاتے اور گفتگو کرتے ہوئے دیکھا جاسکتاہے۔
تقریب میں موجود لیڈروں سے خطاب میں شی جن پنگ نے حالیہ جغرافیائی سیاسی تنازعات کا حوالہ دیا اورکہا کہ قیام امن کی کوششیں جاری رکھنے کا رجحان کبھی نہیں تھمے گا۔انہوں نے کہا کہ اگرچہ آج دنیا پرامن نہیں ہے، عالمی معیشت پر دباؤ بڑھ رہا ہے اور عالمی ترقی کو بہت سارے چیلنجز کا سامنا ہے، مگر ہم پختہ یقین رکھتے ہیں کہ امن، ترقی، تعاون اور مشترکہ فتح کے تاریخی رجحانات کو روکا نہیں جا سکتا۔