• Wed, 23 October, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

پائیدھونی:عید کے پیش نظر عارضی بازارکی پولیس نے اجازت نہیں دی

Updated: April 04, 2024, 11:04 PM IST | Saadat Khan | Mumbai

دکاندار پریشان۔ مقامی رکن اسمبلی امین پٹیل کی پولیس سے اجازت دینے کی اپیل۔ جلدمسئلہ حل ہونے کی اُمید۔ ابراہیم رحمت اللہ پر۴۰؍ سال سے ۱۰؍ دن کیلئے مارکیٹ لگتا تھا۔

The market has not opened on Ibrahim Rahmatullah Road due to the lack of permission from the police. Photo: Inquilab
ابراہیم رحمت اللہ روڈ پرپولیس کی اجازت نہ ملنے سے بازار نہیں لگا ہے۔ تصویر: انقلاب

عید کی خریداری کی مناسبت سے پائیدھونی جنکشن سے مانڈوی پوسٹ آفس تک ابراہیم رحمت اللہ روڈ پر گزشتہ ۴۰؍سال سے ۱۰؍دن کیلئے عارضی  بازار لگتاہے لیکن امسال مقامی لوگوں کی شکایت پر پائیدھونی پولیس اسٹیشن نے یہ بازار لگنے نہیں دیا جس کی وجہ سے یہاں ۱۰؍دن کاروبار کرنے والے دکاندار پریشان ہیں۔ دکانداروں اورسماجی کارکنوںکےمطابق ویسے بھی اس علاقہ میں ہمیشہ ٹریفک کا مسئلہ رہتا ہے، صرف ۱۰؍دن کیلئے لگنےوالے بازار سے کوئی بڑی پریشانی نہیں ہوتی ہے۔ قابل ذکر بات یہ ہے کہ ابراہیم رحمت اللہ روڈکے مقابل  بھنڈی بازار سے جے جےجنکشن کی طرف جانےوالی سڑک پر جے جے پولیس نے بازار لگانےکی اجازت دی ہے۔

یہ بھی پڑھئے: تکنیکی خرابی کے سبب میٹرو ریل خدمات بری طرح متاثر

واضح رہےکہ ابراہیم رحمت اللہ روڈ پر گزشتہ ۴۰؍ سال سے ۱۰؍دن کایہ عارضی بازار لگایاجارہاہےلیکن امسال پولیس نے اس کی اجازت نہیں دی ساتھ ہی یہاں متعدد مقامات پر پولیس وین تعینات کردی ہے تاکہ دکاندار کاروبار نہ کرسکیں۔ یہاں کے دکانداروں نے اس تعلق سے  مقامی رکن اسمبلی امین پٹیل سے ملاقات کرکے اپنی پریشانی بیان کی۔ امین پٹیل نے علاقے کے اعلیٰ پولیس افسران سے اس بارےمیں بات چیت کی ہے لیکن اب بھی پائیدھونی پولیس نے دکان لگانےکی اجازت نہیں دی ہے جبکہ عید کو کچھ ہی دن باقی ہیں۔
مقامی سماجی کارکن ساجد ہارون نے انقلاب کو بتایا کہ ’’پائیدھونی پولیس نے امسال ابراہیم رحمت اللہ روڈ پر گزشتہ ۴۰؍ سال سے عید کےموقع پرصرف ۱۰؍ دن کیلئے لگنےوالے بازار کی اجازت نہیں دی ہے جس کی وجہ سے سیکڑوں دکاندار پریشان ہیں۔ ان میں متعدد دکانداروں کو میں جانتا ہوں جنہوںنے عیدکے کاروبار کے پیش نظر کافی مال خرید لیاہے لیکن بازارنہ لگنے سے ان کا نقصان ہورہا ہے۔ ان کی سمجھ میں نہیں آرہاہےکہ جو مال انہوںنے عید کیلئے خریدا تھا۔ اس کاکیاکریں ؟ ‘‘ انہوں نےیہ بھی بتایا کہ ’’یہاں کے دکاندار مقامی رکن اسمبلی امین پٹیل کے پاس گئے تھے۔انہوںنے اعلیٰ پولیس افسران سے بات بھی کی ہے۔  بدھ کو ہمارے علاقے کے کچھ لوگ پائیدھونی پولیس اسٹیشن کے سینئر   انسپکٹر کے پاس بھی گئے تھے۔ انہوں نے کہاکہ ابھی اعلیٰ پولیس افسران کی طرف سے اس بارے میں ہدایت نہیں آئی ہے۔ اس لئے بازار لگانےکی ابھی اجازت نہیں دی گئی ہےجبکہ دوسری جانب مانڈوی پوسٹ آفس کےعین سامنے جےجے پولیس اسٹیشن نے عید کے موقع پر لگنےوالے اس طرح کےبازار کی اجازت دی ہے ۔بھنڈی بازار سے جے جے جنکشن کی طرف جانے والی سڑک پر معمول کےمطابق بازار لگا ہے۔‘‘ 
 مذکورہ شکایت سے متعلق انہوں نے بتایا کہ’’ شکایت صرف ایک خاص مقام کےسامنے بازارنہ لگانے کے تعلق سے کی گئی ہے لیکن پولیس نے ابراہیم رحمت اللہ روڈ کے پورے ۱۰؍روزہ بازار ہی کو  لگنے نہیں دیاہے۔‘‘
پائیدھونی کی سماجی کارکن ریحانہ عرفان کپاڈیہ کے مطابق ’’صرف عید کے موقع پر ۱۰؍دن کیلئے چھوٹے اور غریب دکاندار یہاں دکانیں لگاتےہیں۔ اگر ٹریفک کے مسئلہ سے پولیس نے بازارنہیں لگانےدیاہے تو بات سمجھ میں نہیں آتی کیونکہ اس علاقہ میں سال بھر ٹریفک کا مسئلہ رہتاہے۔ ۱۰؍ دن کےبازار سے کوئی بڑی پریشانی نہیں ہوتی۔ ۴۰؍سال سے یہ بازار لگ رہا ہے لیکن امسال پولیس نے یہ بازار نہیں لگنے دیا جس سے یہاں دکان لگانےوالے بہت پریشان ہیں۔ پولیس اور سیاسی نمائندوں سے اپیل کی گئی ہےکہ وہ اس مسئلہ کوحل کریں۔ ویسے بھی ۱۰؍ میں سے۴؍ دن گزرچکے ہیں۔‘‘
اس تعلق سے معلومات حاصل کرنےکیلئے رکن اسمبلی امین پٹیل سے بات چیت کرنے پر انہوں نے بتایا کہ ’’مقامی لوگوں کےسبب یہ مسئلہ پیداہواہے لیکن اُمید ہےکہ آج ( جمعرات) اس کاحل نکل آئے گا۔ اس تعلق سے میں نے ۲؍مرتبہ ڈی سی پی اور پائیدھونی پولیس اسٹیشن کے سینئر انسپکٹر سے بات چیت کی ہے۔ انہوںنے مسئلہ کوحل کرنےکاوعدہ کیاہے۔‘‘

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK