ہانڈی والی مسجد میں خصوصی دعا کا اہتمام ۔ ملاڈمالونی اور ممبرا میں احتجاج کرتے ہوئے ریلی نکالی گئی اور اسرائیلی جارحیت کے خلاف نعرے لگائے گئے۔ میراروڈ کی حیدری جامع مسجد میں خصوصی خطاب اورقبلہ اوّل کی بازیابی کیلئے دعا۔
EPAPER
Updated: March 29, 2025, 9:41 AM IST | Mumbai
ہانڈی والی مسجد میں خصوصی دعا کا اہتمام ۔ ملاڈمالونی اور ممبرا میں احتجاج کرتے ہوئے ریلی نکالی گئی اور اسرائیلی جارحیت کے خلاف نعرے لگائے گئے۔ میراروڈ کی حیدری جامع مسجد میں خصوصی خطاب اورقبلہ اوّل کی بازیابی کیلئے دعا۔
رمضان المبارک کے آخری جمعہ پر شہر و مضافات میں ’یومِ القدس‘ منایا گیا جس کے دوران بیت المقدس کے تحفظ اور مظلوم فلسطینیوں کیلئے خصوصی دعاؤں کا اہتمام کیا گیااور احتجاج بھی کیا گیا۔ اس موقع پر فلسطینیوں کے ساتھ ساتھ ممبئی ، مہاراشٹر اور ہندوستان کے مسلمانوں کی جان و مال کی ،مساجد و مدارس اور وقف املا ک کے تحفظ کیلئے بھی دعا کی گئی۔
یوم القدس پرخصوصی دعا
ممبئی میں ہانڈی والا مسجد، سیفی جبلی اسٹریٹ میں یوم القدس پر خصوصی دعا کا اہتمام کیا گیا۔ اس موقع پر محمد سعید نوری (جنرل سیکریٹری، رضا اکیڈمی) اور مولانا اعجاز کشمیری (خطیب و امام، ہانڈی والا مسجد) نے بیت المقدس کی بازیابی اور فلسطینی عوام کے لئے خصوصی دعائیں کیں۔اس موقع پر وقف ترمیمی بل۲۰۲۴ءکے خلاف بیدار ی لانے کیلئے دستخطی مہم بھی چلائی گئی۔ سعید نوری نے اس بل کے خطرناک پہلوؤں پر روشنی ڈالتے ہوئے اسے دستورِ ہند اور مسلمانوں کے مذہبی حقوق کے منافی قرار دیا۔
وقف ترمیمی بل۲۰۲۴ءکے ممکنہ خطرات کے بارے میں انہوںنے بتایاکہ ’’وقف املاک پر قبضے کا خطرہ ہے۔ اس بل کے نفاذ کے بعد وقف کی جائیدادوں سے مسلمانوں کا کنٹرول ختم ہونے کا یقین ہے۔ وقف بورڈ کا نام تبدیل کرنے کی تجویز:نام کی تبدیلی سے وقف کی مذہبی اور قانونی حیثیت متاثر ہو سکتی ہے، جس سے جائیدادوں کا اصل وقف تصور ختم ہو جائے گا۔ بورڈ میں غیر مسلم ممبران کی شمولیت: مجوزہ بل میں دو تہائی غیر مسلم ممبران کو لازمی قرار دیا گیا ہے جبکہ مندروں اور مٹھوں کے انتظامیہ میں صرف ہندوؤں کی شمولیت کی شرط برقرار رکھی گئی ہے۔ عدالتی فیصلوں کی روشنی میں یہ امتیازی رویہ ناقابلِ قبول ہے۔‘‘
مولانا اعجاز احمد کشمیری نے عوام سے اپیل کی کہ وہ اس بل کے خلاف متحد ہوں اور اپنے دستوری حقوق کی حفاظت کے لئےآواز بلند کریں۔
ملاڈ ،مالونی اورممبرا میں احتجاج اور دستخطی مہم
اسرائیل کے مظالم کے خلاف ملاڈ مالونی علاقے میں عوام کی جانب سے مختصراً ریلی نکالی گئی اور خصوصی دعا کابھی اہتمام کیاگیا۔ یہ ریلی مالونی گیٹ نمبر ۸؍ پر واقع شیعہ مسجد سے شروع ہوکر گیٹ نمبر ۷؍ زم زم ہوٹل کے قریب ختم ہوئی۔ ریلی میں مظاہرین نے متعدد پلے کارڈز اور ترنگا بھی لہرایا ۔ وہ نعرے لگا رہے تھے :تیرا میرا رشتہ کیا لا الہ اللہ ، نامنظور نامنظور اسرائیل نامنظور، ہندوستان زندہ باد نعرہ شامل تھے۔ اس مظاہرے کے تعلق سے غلام حسین نے بتایا کہ بیت المقدس کی بازیابی اور فلسطینیوں جس طرح ظلم کیا جا رہا ہے اس کے خلاف اللہ تعالیٰ سے دعا کی گئی ۔ اس مظاہرے میں سبھی مکتب فکر کے افراد نے شرکت کی اور ایک آواز ہو کر فلسطین کی حمایت اور اسرائیل کے خلاف نعرے لگائے۔
اسی طرح ملاڈ ہی میں دستخطی مہم بھی چلائی گئی اور ایک سگنیچر بورڈ پر شہریوں نے اپنی دستخط کر کے فلسطینیوں پر مظالم کو روکنے کا مطالبہ کیا۔
ممبرا میں جمعہ کی نماز کے بعد دارالفلاح مسجد کے قریب سوشل ڈیمو کریٹک پارٹی آف انڈیا ( ایس ڈی پی آئی) کی جانب سے خصوصی طور پر فلسطین کے مسلمانوں اور عمومی طور پر پوری دنیا کے مسلمانوں کی جان و مال کی حفاظت کیلئے خصوصی دعا کی گئی۔ اس موقع پر بیت المقدس زندہ باد ، اسپتال گرانا بند کرو، کاؤنٹ ڈاؤن اسرائیل جیسے نعرے لگائے گئے۔ مظاہرین نے اپنے بازو پر سیاہ فیتہ بھی باندھ رکھا تھا اور اس طرح وقف ترمیمی بل کے خلاف بھی انہوں نے اپنی ناراضگی کا اظہار کیا ۔
حیدری جامع مسجد میں خصوصی خطاب اور دعا
میراروڈ کے علاقے نیانگر کی حیدری جامع مسجد میں بعد نمازِ جمعہ خصوصی خطاب کا اہتمام کیا گیا اور قبلہ اوّل کی بازیابی اور غزہ کے مظلوموں کیلئے دعا کی گئی۔ مولانا فیضان جوادی نے اپنے خطاب میں کہا کہ آج ماہ رمضان مبارک کا آخری جمعہ ہے جسے جمعتہ الوداع بھی کہا جاتا ہے اس روز پوری دنیا کے مسلمان قبلہء اول کی بازیابی کیلئے یوم القدس کا اہتمام کرتے ہیں ۔ ہمیں مظلوم فلسطینیوں کے حقوق کیلئے آواز بلند کرنی چاہئے ۔ ڈیڑھ سال قبل اسرائیلی مصنوعات کے بائیکاٹ کی اپیل کی گئی تھی مگر بہت سے لوگ دھیرے دھیرے اسے بھولنے لگے ہیں ۔ہمیںیہ بائیکاٹ جاری رکھنا ہے ۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ ہمیں مظلوم فلسطینیوں کے حقوق کے لئے آواز بلند کرنی چاہئے۔ نہ صرف فلسطینی مسلمانوں کے لئے بلکہ جہاں کہیں بھی کوئی انسان مظلوم ہو، اس کے لئے بھی آواز اٹھانی چاہئے اور ان کی حمایت کرنی چاہئے ۔
حیدری جامع مسجد کے خطیب و امام مولانا حسن امام نے کہا کہ آج یوم القدس ہے۔ پوری دنیا میں مظلوموں کیلئے احتجاج ہو رہا ہے امام آیت اللہ العظمی خمینی رحمۃ اللّٰہ علیہ نے جس خلوص سے پکارا تھا اس کا نتیجہ ہے کہ آج دنیا بھر کے کونے کونے میں ہر مسلک کا مسلمان احتجاج کر رہا ہے ۔ انہوں نے مزید کہا قبلہ اول مسلمانوں کے ہاتھ میں ہوتا مگر مسلمانوں کے انتشار کی وجہ سے یہودیوں کے ہاتھوں میں ہے۔ اگر مسلمان متحد ہوتے تو اسرائیل کا وجود ختم ہو جاتا۔