ملکہ کا تابوت جلوس کی شکل میں ویسٹ منسٹر ایبے سے روانہ ہوا اور انکی آخری آرام گاہ سینٹ جارج چیپل تک لے جایا گیا صدر جمہوریہ دروپدی مرموسمیت۵۰۰؍ سے زائد عالمی لیڈروں نے شرکت کی، شاہ چارلس سوم نے لاکھوں افراد کا شکریہ اد ا کیا
EPAPER
Updated: September 20, 2022, 12:13 PM IST | Agency | London
ملکہ کا تابوت جلوس کی شکل میں ویسٹ منسٹر ایبے سے روانہ ہوا اور انکی آخری آرام گاہ سینٹ جارج چیپل تک لے جایا گیا صدر جمہوریہ دروپدی مرموسمیت۵۰۰؍ سے زائد عالمی لیڈروں نے شرکت کی، شاہ چارلس سوم نے لاکھوں افراد کا شکریہ اد ا کیا
پیر کو ملکہ برطانیہ کی آخری رسومات تاریخ کے سخت ترین حفاظتی انتظامات کے درمیان مکمل ہوگئی۔ یاد رہے کہ ملکہ ایلزبتھ دوم کا انتقال۸؍ستمبر کو اسکاٹ لینڈ میں واقع بالمورل محل میں ہوا تھا۔ میڈیارپورٹس کے مطابق پیر کو ملکہ کا تابوت جلوس کی شکل میں ویسٹ منسٹر ایبے سے روانہ ہوا اور انکی آخری آرام گاہ سینٹ جارج چیپل تک لے جایا گیا ۔ اس دوران برطانیہ بھر میں سوگ کا سماں رہا، کاروباری سرگرمیاں معطل کر دی گئیں۔اس موقع پر۱۰؍ ہزاراضافی پولیس افسر، ۱۵؍ سو فوجی اہلکار اور ایک ہزار رضاکارمامور کئےگئے ۔ملکہ کے آخری سفر کے دیدار کیلئے۱۰؍ لاکھ افراد وسطی لندن پہنچے جس کے سبب وسطی لندن میں ۲۲؍ میل طویل آہنی بیریئرز لگائےگئے۔ اس دوران فضاؤں میں ڈرونز اڑانے پر عارضی پابندی عائد رہی اور شورسے بچنے کیلئے پروازیں بھی ر وکی گئیں جس سے سو سے زائد پروازیں منسوخ کی گئی۔
ویسٹ منسٹر ایبے کے قریب انڈر گراؤند اسٹیشنز بھی بند رہے جبکہ گلیوںا ور سڑکوں پر موجود کوڑے دان اور سیورج سسٹم کی مکمل تلاشی لی گئی ۔عمارتوں کی چھتوں پر بھی پولیس اہلکار اور نشانے باز مامور کئے گئےجبکہ مختلف ممالک میں برطانیہ کے سفارتخانوں میں بھی پیر کو عام تعطیل رہی۔
پیر تک دنیا بھر سے ۵۰۰؍سے زائد سربراہان مملکت آنجہانی ملکہ ایلزبتھ دوم کی آخری رسومات میں شرکت کیلئے لندن پہنچے جہاں برطانیہ پر۷۰؍ سال تک حکمرانی کرنے والی آنجہانی ملکہ کی آخری رسومات سرکاری اعزاز کے ساتھ ادا کی گئیں۔
عینی شاہدین کے مطابق پیر کو ملکہ برطانیہ کے تابوت کے آخری دیدار کیلئے لندن کی سڑکوں پر لاکھوں افراد کی قطاریں لگی ہوئی تھیں جبکہ ویسٹ منسٹر ایبے کے اطراف کی سڑکوں کو بند کردیا گیا ۔ پیر کو دنیا بھر سے جو سربراہان مملکت آنجہانی ملکہ کی آخری رسومات میں شرکت کیلئے لندن میں موجود رہے ، ان میں ہندوستان کی صدر جمہوریہ دروپدی مرمو، امریکی صدر جو بائیڈن، چین کے نائب صدر وینگ کیشان، کناڈا کے وزیر اعظم جسٹن ٹروڈو، جاپان کے بادشاہ ناروہیٹو ، جنوبی افریقہ کے صدر سیرل رامافوسا، اور پاکستان کے وزیر اعظم شہباز شریف وغیرہ شامل ہیں،البتہ چند اہم سربراہان مملکت جیسے چین کے صدر شی جن پنگ، ہندوستانی وزیر اعظم نریندر مودی، عیسائیوں کے روحانی پیشوا پوپ فرانسس اور سعودی ولی عہد محمد بن سلمان وغیرہ دعوت نامہ ملنے کے باوجود تقریب میں شرکت نہیں کی جبکہ روس ، وینزویلا، شام ، میانمار اور افغانستان کو دعوت نامہ نہیں بھیجا گیا ،کیونکہ ان ممالک کے برطانیہ کے ساتھ سفارتی تعلقات نہیں ہیں۔امریکی صدر جو بائیڈن نے برطانیہ پر سب سے طویل حکمرانی کرنے والی ملکہ ایلزبتھ کو خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے لندن پہنچنے کے بعد کہا کہ برطانیہ کے عوام خوش قسمت ہیں کہ ان کو۷۰؍ سال حکمرانی کرنے والی ملکہ ایلزبتھ کا ساتھ ملا۔ برطانیہ کے مختلف علاقوں اور کاؤنٹیز سے شہری رکاوٹوں کو عبور کرتے ہوئے ملکہ کی آخری جھلک پانے کیلئے لندن کی سڑکوں پر لاکھوں افراد موجود رہے۔ملکہ کی آخری رسومات کے موقع پر ملک بھر میں عام تعطیل کا اعلان کیا گیا اور آخری رسومات کو سرکاری درجہ دیا گیا ۔آنجہانی ملکہ کی آخری رسومات کو ٹی وی چینلز پر بھی براہ راست نشر کیاگیا ۔ اس دوران لاکھوں کی تعداد میں برطانیہ کے باشندوں نے کی ملکہ کا آخری سفر ٹی وی پر بھی دیکھا۔ آنجہانی ملکہ ایلزبتھ کی آخری رسومات دیکھنے کیلئے پارکس، چوک، گرجا گھروں میں بھی اسکرینز لگائی گئیں۔ قبل ازیں شاہی خاندان کی جانب سے کہا گیا تھا کہ لاکھوں افراد ان کی شاندار زندگی کو یادگار خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے اکٹھے ہوں گے۔ اس کے مطابق ملکہ کی آخری رسومات میں شرکت کیلئے لاکھوں کی تعداد میں لوگ جمع ہوئے جن میں سے ایک۶۴؍ سالہ ایلسٹر کیمبل بھی ہیں۔ ایلسٹر کیمبل بنگس نے بتایا کہ وہ لندن جانے کیلئے آدھی رات کو اپنے گھر سے نکلے تھے۔انہوں نے کہا کہ ہم یہاں صرف ملکہ ایلزبتھ کو دیکھنے کیلئے جمع ہوئے ہیں، ہم نے محسوس کیا کہ ہمیں بھی اس موقع پر یہاں ہونا چاہئے کیونکہ ہمارے اوپر جب بھی بحران یا مشکل وقت آیا تو ملکہ نے ہمارا بہت ساتھ دیا۔ملکہ کا تابوت ویسٹ منسٹر ہال سے ایک جلوس کی صورت میں روانہ ہوا اور مقامی وقت کے مطابق دن میں۱۱؍ بجے دعائیہ تقریب منعقد ہوئی۔ملکہ کو کنگ جارج ششم میموریل چیپل میں سپرد خاک کیا گیا جس کے ساتھ ہی ملکہ راج کے خاتمے کا اعلان کیاگیا۔برطانیہ کے نئے بادشاہ اور آنجہانی ملکہ الزبتھ کے بیٹے شاہ چارلس کا کہنا تھا کہ والدہ کی آخری رسومات میں شرکت کیلئے آ نے والے لاکھوں افراد کا شکریہ ادا کرنا چاہتا ہوں جنہوں نے اس غم کے وقت میں ہمارا ساتھ دیا۔