۲۹؍اُردو اسکولوں کی شرکت، یہ کوئزٹائم کا ۲۴؍واں سالانہ مقابلہ ہے۔ ۵۱؍طلبہ کو حوصلہ افزائی کیلئے انعامات دیئے گئے۔
EPAPER
Updated: January 08, 2025, 1:06 PM IST | Inquilab News Network | Mumbai
۲۹؍اُردو اسکولوں کی شرکت، یہ کوئزٹائم کا ۲۴؍واں سالانہ مقابلہ ہے۔ ۵۱؍طلبہ کو حوصلہ افزائی کیلئے انعامات دیئے گئے۔
کوئز ٹائم ممبئی کے ۲۴؍ویں سالانہ جنرل نالج کوئز مقابلے کے سیمی فائنل اور فائنل مقابلے کل (۹؍جنوری ۲۰۲۵ءکو) دوپہر ڈیڑھ بجے، میسور آڈیٹوریم ،ماٹونگا میں منعقد ہوں گے۔
واضح رہےکہ ان مقابلے کیلئے شہر اور مضافات کے۲۹ ؍ اردو اسکولوں کے ۸۷؍طلبہ نے نیشنل گرلز ہائی اسکول اینڈجونیئر کالج باندرہ میں تحریری امتحان دیئےتھے۔امتحان میں کامیاب ہونے والے طلبہ کی ۱۲ ؍ٹیمیں سیمی فائنل کیلئے کوالیفائی ہوئی ہیں۔ تحریری امتحان سے قبل منعقدہ جلسہ میں پرنسپل علیمہ مومن نے سوالیہ پرچے کا اجراء کیا۔
اُردو چینل کے مدیرڈاکٹر قمر صدیقی، عظیم ملک، کمال اختر صدیقی، اظہر حسین اور محمد احمد شاہ نے بطور مہمان شرکت کی۔۲۹؍میں سے جو ۱۷؍ٹیمیں کوالیفائی نہیں کرپائی تھیں ، ان کے سبھی ۵۱؍ طلبہ کو کوئزٹائم ممبئی کی روایت کےمطابق حوصلہ افزائی کیلئے دلکش انعامات دیئے گئے۔
کوئز ٹائم ممبئی کے سربراہ حامد اقبال صدیقی کے ساتھ ڈاکٹر زاہدہ صدیقی، پرنسپل خان اخلاق احمد، نسرین شیخ، قاضی قدیر، صبا شاداب، تنزیل شیخ، مہک شیخ اور ماجد نائک کےعلاوہ نیشنل اُردو اسکول باندرہ کے عملہ نے امتحان کی تیاری میں تعاون پیش کیا۔
انجمن اسلام ڈاکٹر محمد اسحاق جمخانہ والا گرلز ہائی اسکول، باندرہ کی پرنسپل صباپٹیل نےکوئزٹائم ممبئی کے جنرل نالج کوئز مقابلے کے تعلق سے کہا کہ’’ کوئزکایہ واحد ایسا پروگرام ہے جس سے اُردو میڈیم کے طلبہ مستفید ہورہےہیں۔ اس مقابلے سےطلبہ کا ذاتی فائدہ اور ان کے علم میں اضافہ ہوتا ہے۔ ہمارے اسکول سے دسویں کی ۲؍اورنویں جماعت کی ایک طالبہ سیمی فائنل مقابلے میں حصہ لینےوالی ہیں۔ ان سے گفتگوکرنےپر احساس ہواکہ وہ مقابلہ میں حصہ لینےکیلئے بڑی پُرجوش ہیں۔ طلبہ کے علم میں اضافہ کرنےکا یہ ایک کاآمد پلیٹ فارم ہے۔ ‘‘
جو ۱۲؍ٹیمیں سیمی فائنل کیلئے کوالیفائی ہوئی ہیں ،ان میں انجمن اسلام سیف طیب جی گرلز ہائی اسکول، ناگپاڑہ، انجمن اسلام ڈاکٹر محمد اسحاق جمخانہ والا گرلز ہائی اسکول، باندرہ، مولانا آزاد ہائی اسکول (گرلز)، مومن پورہ، رائل گرلز اردو اسکول، میرا روڈ، مدنی ہائی اسکول (بوائز)، جوگیشوری، ملّت ہائی اسکول (بوائز)، جوگیشوری، صلاح الدین ایوبی میموریل اردو ہائی اسکول، (گرلز)، بھیونڈی، رفیع الدین فقیہ بوائز ہائی اسکول، بھیونڈی، نیشنل گرلز ہائی اسکول، باندرہ، الحمد ہائی اسکول (بوائز) بھیونڈی، ایس ایچ اے رئیس ہائی اسکول، بھیونڈی اور انجمن نور الاسلام اردو ہائی اسکول، ساکی ناکہ شامل ہیں۔