اردو کی سب سے بڑی تعلیمی تفریح کہلانے والی کوئز سیریز میں طلبہ نے معلوماتِ عامہ کا زبردست مظاہرہ کیا، گزشتہ ۲۴؍ برس سے جاری اس منفرد مقابلے کی اگلے سال سلور جبلی ہو گی۔
EPAPER
Updated: January 17, 2025, 6:44 PM IST | Mumbai
اردو کی سب سے بڑی تعلیمی تفریح کہلانے والی کوئز سیریز میں طلبہ نے معلوماتِ عامہ کا زبردست مظاہرہ کیا، گزشتہ ۲۴؍ برس سے جاری اس منفرد مقابلے کی اگلے سال سلور جبلی ہو گی۔
کوئز ٹائم ممبئی نے نہ صرف کوئز اور جنرل نالج کو اردو کے تعلیمی اداروں میں عام کیا بلکہ اردو میں ریالٹی شو کا آغاز بھی کیا۔ ممبئی اور مضافات کے اردو اسکولوں کے درمیان کوئز ٹائم ممبئی کے ۲۴؍ ویں سالانہ جنرل نالج کوئز مقابلے ’’دھمال ۲۰۲۵‘‘ کے سنسنی خیز فائنل میں اردو طلبہ نے معلوماتِ عامہ کا زبردست اور نہایت حیرت انگیز مظاہرہ کیا۔ ۹؍ جنوری کو میسور آڈیٹوریم، ماٹونگا ممبئی میں منعقدہ سیمی فائنل میں ۱۲؍ ٹیموں میں سے ۶ ؍ٹیمیں فائنل میں پہنچی تھیں۔ سیمی فائنل کی یہ ٹیمیں ۲۹ ؍اسکولوں کے درمیان ۲؍ جنوری کو ہونے والے تحریری امتحان کے ذریعے منتخب ہوئی تھیں۔ ’’اردو کی سب سے بڑی تعلیمی تفریح ‘‘ کی ٹیگ لائن کے ساتھ کوئز ٹائم ممبئی کے سربراہ اور اسٹار کوئز ماسٹر حامد اقبال صدیقی کی معلومات افروز اور نہایت جاندار نظامت اس پروگرام کی بنیادی خصوصیت تھی۔ پرنسپل خان اخلاق احمد، صبا شاداب اور تنزیل سلیم شیخ نے ان کا بخوبی ساتھ دیا۔ اردو میں اپنی طرز کا یہ نہایت منفرد مقابلہ ہے جس نے طلبہ میں اور خاص طور پر عروس البلاد کے طلبہ میں تعلیمی بیداری میں گرانقدر تعاون کیا ہے۔ اس مقابلے کو ۲۴؍ سال مکمل ہو گئے ہیں اور انشاء اللہ اگلے سال اس کی سلور جبلی بڑے پیمانے پر منائی جائے گی۔
اس موقع پر مہمانوں کی بڑی کہکشاں موجود تھی جن میں مہمانِ خصوصی پرنسپل محمد سہیل لوکھنڈوالا (سابق ایم ایل اے)، ڈاکٹر محمد علی پاٹنکر، صدرِ جلسہ ڈاکٹر شیخ عبداللہ (نائب صدر انجمن اسلام)، ڈاکٹر مصطفیٰ پنجابی، شکیل رشید (ایڈیٹر اردو نیوز)، فواد پاٹکا، عرفان جعفری، ڈاکٹر قاسم امام، نثار خان (ڈپٹی ایجوکیشن آفیسر)، سید شریف (صدر آئیٹا مہاراشٹر)، ڈکٹر کلیم ضیاء، فاروق سید، رفیق شیخ، شفیع مقری، پرنسپل ضیاء الرحمان انصاری، پرنسپل صبا پٹیل، پرنسپل علیمہ مومن، پرنسپل بے بی تبسم انصاری، پروفیسر سعید خان، فرید احمد خان، مخلص مدعو، زہرہ ساکریکر، عظیم ملک، یوسف دیوان، عادل راہی، ڈاکٹر عمران امین، کمال اخترصدیقی، اظہر حسین، اقبال شیخ (آئیڈیل) اور محمد احمد کے نام قابلِ ذکر ہیں۔ پروگرام کی کنوینر ڈاکٹر زاہدہ حامد اقبال صدیقی کے ساتھ ان کی ٹیم کے اراکین نسرین شیخ، قاضی قدیر، انصاری عبدالرحمان، عرفان بالوا، ارسلان شیخ، حنظلہ قاضی نے بہترین انتظامی امور انجام دئیے۔
کوئز ٹائم ممبئی کے ان مقابلوں کی سابقہ روایات کے مطابق اس بار بھی نعامات کا انبار تھا۔ مقابلے میں شریک سبھی۲۹؍ ٹیموں کے ۸۷ ؍طلبہ کے لئے بہت بڑی تعداد میں دلکش انعامات، سرٹیفکیٹ اور مومنٹو تھے۔ فائنل میں آنے والی ۶؍ ٹیموں کے انچارج ٹیچرس اور والدین کو بھی انعامات دیے گئے۔ ان کے علاوہ آڈینس راؤنڈز کے تحت کئی حاضرین نے بھی انعامات حاصل کئے۔
فائنل میں پہلی سے چھٹی پوزیشن حاصل کرنے والی ٹیمیں :
۱۔ مدنی ہائی اسکول (بوائز)، جوگیشوری (چارولیہ حسن شفیق، شیخ محمد طاہر محمد عامر، مومن محمد یوسف اظہر حسین)۔ یہ ٹیم فاتح رہی۔
۲۔ انجمن اسلام ڈاکٹر ایم آئی جے گرلز ہائی اسکول، باندرہ (عالیہ نظیر علی شیخ، عائشہ ظہور خان، عریشہ نفیس خان)
۳۔ ایس ایچ اے رئیس ہائی اسکول، بھیونڈی (انصاری محمد سمیر رئیس احمد۔ کوہلکر احمد رضا زکریہ، انصاری محمد عریض محمد آصف)
۴۔ انجمن اسلام سیف طیب جی گرلز ہائی اسکول، ناگپاڑہ (انصاری مریم محمد عمران، خان یسریٰ محمد جاوید، راین صوفیہ محمد جسیم)
۵۔ نیشنل گرلز ہائی اسکول، باندرہ (صدف افضل خان، ثانیہ بی ذاکر حسین شیخ، خطیبہ محمد عبدالعلیم صدیقی)
۶۔ الحمد ہائی اسکول، بھیونڈی (انصاری محمد عمر محمد اشرف، شیخ عبدالرحیم محمد زاہد، شیخ حسان محمد نسیم)