Inquilab Logo Happiest Places to Work

’’رانے کو بتانا چاہئے کہ سیاحوں کو بچاتے ہوئے جاں بحق ہونے والا عادل کون تھا؟‘‘

Updated: April 28, 2025, 12:09 PM IST | Iqbal Ansari | Mumbai

مذہبی منافرت پھیلانے والے وزیر نتیش رانے سےرکن اسمبلی رئیس شیخ کا سوال، کہا کہ کوئی بھی ایم ایل اے مذہبی منافرت پھیلا کر کسی مذہب کا لیڈر نہیں بنتا۔

Member of Assembly Raees Sheikh. Photo: INN.
رکن اسمبلی رئیس شیخ۔ تصویر: آئی این این۔

مسلمانوں کے خلاف نفر ت پھیلانے والے بیان دینے کیلئے بدنام ریاست کے ماہی گیری اور بندرگاہوں کی ترقی کے وزیر نتیش رانے نے گزشتہ دنوں کھلے عام مسلمانوں کا سماجی بائیکاٹ کرنے کا اعلان کیا ہے اور یہ کہا تھاکہ دکانداروں سے پہلے ان کانام پوچھو اور ہند وہونے ہی پر اس سے سامان خریدو۔ نتیش رانے کے اس بیان کی شدید مذمت کرتے ہوئے سماجوادی پارٹی کے رکن اسمبلی رئیس شیخ نے نتیش سے سوال کیا ہے کہ وہ یہ بتائیں کہ سید عادل جس نے سیاحوں کو بچانے کیلئے اپنی جان قربان کر دی وہ کون تھا؟ انہوں نے یہ بھی کہا کہ کوئی بھی ایم ایل اے مذہبی منافرت پھیلا کر کسی مذہب کا لیڈر نہیں بنتا۔ 
واضح رہے کہ جمعہ کو رتناگیری کے داپولی میں منعقدہ ہندو دھرم سبھا کی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے ریاستی وزیر برائے ماہی گیری نتیش رانے نے کہا تھا کہ چونکہ کشمیر میں سیاحو ں کو مذہب پوچھ پوچھ کر ہندؤں کو قتل کیاگیا ہے، اسی لئے ہندو مذہب کے ماننے والے دکاندار سے پہلے ان کا مذہب پوچھیں ، اتنا ہی نہیں بلکہ ہندو نام بتانے پر بھی دکاندار سے ہنومان چالیسہ پڑھنے کیلئے کہیں اور ہندو ہونے کی تصدیق ہونے کے بعد ہی ان کی دکان سے سامان خریدیں۔ 
اس ضمن میں ایم ایل اے رئیس شیخ نے کہا کہ’’۲۲؍اپریل کو پہلگام میں دہشت گردوں کی جانب سے مذہب پوچھ کر سیاحوں پر فائرنگ کرنا قابل مذمت ہے۔ ملک کا ایک بھی مسلمان دہشت گردوں کے اس بزدلانہ حملے کی حمایت نہیں کرتا۔ مسلمان اس معاملے میں پاکستان کے خلاف ہندوستان کے اقدامات کی حمایت کرتے ہیں لیکن سیاحوں کو بچاتے ہوئے دہشت گردوں سے لڑتے ہوئے شہید ہونے والے سید عادل حسین شاہ ایک مقامی مسلمان تھے۔ ۲۲؍ اپریل کے حملوں کے بعد مقامی افراد نے سیاحوں کو مفت ٹیکسیاں، مفت کھانا اور مفت رہائش فراہم کی۔ یہ سب مقامی مسلمان ہیں۔ جموں و کشمیر کی ہر مسجد اور درگاہ میں جاں بحق سیاحوں کیلئے دعائیں کی جارہی ہیں۔ ‘‘ ایم ایل اے رئیس شیخ نے پوچھا کہ وزیر نتیش رانے اس بارے میں بات کیوں نہیں کر رہے ہیں ؟
رئیس شیخ نے مزید کہا کہ ہندوستان ایک سیکولر ملک ہے۔ پاکستان کے برعکس ہم مذہب کی بنیاد پر ملک نہیں چلاتے۔ اس لئے نتیش رانے کا بیان قابل مذمت ہے۔ نتیش رانے کا کاروبار مذہب کی سیاست کرنا اور مسلمانوں کے خلاف نفرت پھیلانا بن گیا ہے۔ گوشت کی خریداری کے تناظر میں بھی حلال گوشت سے متعلق رانے کے بیان کو کسی نے اہمیت نہیں دی۔ 
ایم ایل اے رئیس شیخ نے الزام لگایا کہ جہاں وزیر اعظم نریندر مودی ملک کی تعمیر کا کام کر رہے ہیں وہیں ان کے بی جے پی وزیر نتیش رانے ملک کو توڑنے کا کام کر رہے ہیں۔ ہندوستان میں مذہبی سیاست کی قطعاً کوئی گنجائش نہیں ہے۔ رانے اپنا وزارتی حلف بھول گئے ہیں۔ ان کے اس طرح کے بیانات کو ان کی اپنی پارٹی سے بھی حمایت حاصل نہیں ہے۔ ایم ایل اے رئیس شیخ نے وزیر رانے کو راشٹریہ سویم سیوک سنگھ کے سربراہ موہن بھاگوت کے لیکچر کو تفصیل سے سننے کا مشورہ دیا ہے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK