’من کی بات‘ میں وزیر اعظم نے ہندوستانی سنیما کو عالمی سطح پر شناخت دلانے والے ستاروں کو یاد کیا، راج کپور، اکی نینی ناگیشور راؤ اور تپن سنہا کو بھی خراج عقیدت۔
EPAPER
Updated: December 30, 2024, 11:12 AM IST | Agency | New Delhi
’من کی بات‘ میں وزیر اعظم نے ہندوستانی سنیما کو عالمی سطح پر شناخت دلانے والے ستاروں کو یاد کیا، راج کپور، اکی نینی ناگیشور راؤ اور تپن سنہا کو بھی خراج عقیدت۔
وزیر اعظم نریندر مودی نے ہندوستانی سنیما کے درخشاں ستاروں راج کپور، محمد رفیع، اکی نینی ناگیشور راؤ اور تپن سنہا کو یاد کرتے ہوئے کہا کہ ان شخصیات نے ہندوستانی سنیما کو عالمی سطح پر شناخت دلائی۔ ان شخصیات کا امسال ۱۰۰؍ واں یوم پیدائش تھا ۔وزیر اعظم مودی نے کہا کہ۲۰۲۴ء میں ہم فلم انڈسٹری کی کئی عظیم شخصیات کی۱۰۰؍ ویں سالگرہ منا رہے ہیں۔ ان شخصیات نے ہندوستانی سنیما کو عالمی سطح پر پہچان دلائی۔ انہوں نے کہا کہ راج کپور جی نے فلموں کے ذریعے ہندوستان کی ’سافٹ پاور‘ کو دنیا کے سامنے متعارف کرایا۔ رفیع صاحب کی سحر انگیز آواز ہر سننے والے کے دل تک پہنچتی ہے۔ ان کی آواز حیرت انگیز تھی۔ وہ چاہے بھکتی کے گیت ہوں، رومانوی نغمے ہوں یا درد بھرے گانے، انہوں نے اپنی آواز سے ہر طرح کے جذبات کو زندہ کردیا۔ ایک آرٹسٹ کی حیثیت سے ان کی عظمت کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ آج بھی نوجوان نسل اسی جوش و خروش سے ان کے گانے سنتی ہے، یہ لازوال فن کی پہچان ہے۔ اکی نینی ناگیشور راؤ تیلگو سنیما کو نئی بلندیوں پر لے گئے ہیں۔ ان کی فلموں نے ہندوستانی روایات اور اقدار کو بہت بہتر ڈھنگ سے پیش کیا۔ تپن سنہا کی فلموں نے سماج کو ایک نیا وژن دیا۔ ان کی فلمیں سماجی شعور اور قومی اتحاد کا پیغام دیتی تھیں۔ ان مشہور شخصیات کی زندگی ہماری پوری فلم انڈسٹری کے لیے ایک تحریک ہے۔
مودی نے من کی بات پروگرام میں مزید کہا کہ میں آپ کو ایک اور اچھی خبر دینا چاہتا ہوں۔ ہندوستان کے تخلیقی ٹیلنٹ کو دنیا کے سامنے رکھنے کا ایک بہت بڑا موقع ہے۔ اگلے سال پہلی بار ہمارے ملک میں ورلڈ آڈیو ویژول انٹرٹینمنٹ سمٹ یعنی ویوز سمٹ کا انعقاد ہونے جا رہا ہے۔ آپ سبھی نے ڈیووس کے بارے میں ضرور سنا ہوگا جہاں دنیا کے بڑے معاشی ادارے جمع ہوتے ہیں۔ اسی طرح ویوز سمٹ میں دنیا بھر سے میڈیا اور انٹرٹینمنٹ انڈسٹری کے قدآور افراد آئیں گے، تخلیقی دنیا کے لوگ ہندوستان آئیں گے۔ یہ سمٹ ہندوستان کو عالمی مواد کی تخلیق کا مرکز بنانے کی سمت میں ایک اہم قدم ہے۔ مجھے یہ کہتے ہوئے فخر ہورہا ہے کہ ہمارے ملک کے نوجوان تخلیق کار بھی پورے جوش و خروش کے ساتھ اس سمٹ کی تیاریوں میں شامل ہو رہے ہیں۔ جیسا کہ ہم۵؍ ٹریلین ڈالر کی معیشت کی طرف بڑھ رہے ہیں، ہماری تخلیق کار معیشت ایک نئی توانائی لا رہی ہے۔ میں ہندوستان کی پوری انٹرٹینمنٹ اور تخلیقی صنعت سے اپیل کروں گا کہ چاہے آپ ایک نوجوان تخلیق کار ہوں یا قائم آرٹسٹ، بالی ووڈ سے وابستہ ہوں، یا علاقائی سنیما سے، ٹی وی انڈسٹری کے پیشہ ور افراد ہوں، یا اینی میشن کے ماہرین ہوں، گیمنگ سے وابستہ ہوں یا تفریحی ٹکنالوجی کے جدت طراز ہوں، آپ سبھی ویوز سمٹ کا حصہ بنیں۔ویوز سمٹ کا موازنہ ڈیووس جیسے عالمی پروگراموں سے کرتے ہوئے وزیر اعظم نے اس بات کو اجاگر کیا’’دنیا کے سامنے ہندوستان کی تخلیقی صلاحیتوں کو ظاہر کرنے کا ایک بہت بڑا موقع ہے۔واضح رہےکہ یہ سمٹ آئندہ سال ۵؍تا۹؍ فروری منعقد ہوگی۔