• Sun, 08 September, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

راہل اور نتیش کی تاریخی ملاقات ، اپوزیشن کو متحد رکھنے کا عزم

Updated: April 13, 2023, 1:08 AM IST | patna

کانگریس صدر ملکارجن کھرگے کی رہائش گاہ پر یہ ملاقات ہوئی ، ساتھ میں تیجسوی یادو بھی موجود تھے،راہل نے ملاقات کو ’سنگ میل ‘ قرار دیا، نتیش نے متحد رہنے پر زور دیا

Rahul Gandhi warmly shaking hands with Nitish Kumar. Along with Mallikarjun Kharge, Tejaswi Yadav and other leaders.(PTI)
راہل گاندھی نتیش کمار سے گرمجوشی سے مصافحہ کرتے ہوئے۔ ساتھ میں ملکارجن کھرگے ،تیجسوی یادو اور دیگر لیڈران ۔(پی ٹی آئی )

ملک میں اپوزیشن کے اتحاد کے سلسلے میں ایک اہم سنگ میل پار کرتے ہوئے  بہار کے وزیراعلیٰ نتیش کمارنےراہل گاندھی اور کانگریس کے صدر ملکارجن کھرگے سے ملاقات کی۔ اس تاریخی ملاقات کی وجہ سے ملک میں اپوزیشن کو مضبوط اور متحد کرنے کی سمت میں ایک اہم قدم بڑھایا گیا ہے۔  یہ ملاقات کانگریس صدر ملکارجن کھرگے کی سرکاری رہائش گاہ پر ہوئی۔ نتیش کمار نے اس ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کر تے ہوئے کہا کہ تمام باتیں ہوگئی ہیں۔ ہم لوگوں نے دیر تک تبادلۂ خیال کیا۔ پورے ملک میں زیادہ سے زیادہ پارٹیوں کو متحد کرنے کے  لئے کوشش کرنی ہے۔ ہم لوگ آگے ایک ساتھ کام کریں گے۔ اس بار حتمی بات ہوگئی ہے۔ بتایا جارہا ہے کہ راہل گاندھی اور نتیش کمار کے درمیان یہ ملاقات کافی پہلے سے طے تھی لیکن دونوں لیڈران اپنی اپنی مصروفیات کے سبب  نہیں مل پارہے تھے مگر اس مرتبہ تیجسوی یادو اور ملکارجن کھرگے نے پہل کرتے ہوئے اس میٹنگ کو ممکن بنایا۔ 
تاریخی میٹنگ 
  اس سے قبل کانگریس صدر ملکارجن کھرگے نے کہا کہ ہم نے آج تاریخی میٹنگ کی ہے۔ آج بہت سےمسائل پر تبادلۂ خیال ہوا۔طے  ہوا ہے کہ سبھی  پارٹیوں کو متحد ہو کر اگلاالیکشن  لڑنا ہے۔  انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کے اتحاد کے سلسلے میں ہم ہر قربانی دینے کو تیار ہیں لیکن بی جے پی کو ہٹانا چاہتے ہیں تاکہ وہ ملک کی جمہوریت کا مزید بیڑہ غرق نہ کرسکے۔
 راہل گاندھی نے میٹنگ کو مثبت قراردیا
 راہل گاندھی نے نتیش کمار اور تیجسوی یادو کے ساتھ کانگریس صدر کی رہائش پر ہوئی ملاقات کو انتہائی مثبت قرار دیا اور کہا کہ اپوزیشن کو متحد کرنےکے سلسلے میں یہ تاریخی قدم ہے، جتنی بھی اپوزیشن پارٹیاں ہمارے ساتھ آئیں گی انہیں ہم ساتھ لے کر چلیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس وقت ملک اور جمہوریت پر جو حملے ہو رہے ہیں اس کے خلاف ہم ایک ساتھ کھڑے ہوں گے اور لڑتے رہیں گے۔ کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی کا کہنا ہے کہ یہ نظریات کی لڑائی ہے جسے یکساں نظریات والی پارٹیوں کو ایک ساتھ مل کر لڑنا ہوگا۔   
جے ڈی یو کا ردعمل 
 اس دوران جے ڈی یو کے سینئر لیڈر کے سی تیاگی نے فون پر ’انقلاب‘ سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ میٹنگ بہت اچھی ہوئی ہے۔ دوبارہ پھر ملنے کا طے ہوا ہے۔ جتنے زیادہ سے زیادہ لوگ جڑسکتے ہیں ، انہیں جوڑنے کی کوشش کی جائے گی۔ نتیش جی اس سلسلے میں سبھی علاقائی پارٹیوں کے لیڈروں سے بات چیت کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ اتحا د کے لئے سبھی کو لچک دکھانی پڑے گی۔اس میں علاقائی پارٹیوں کے ساتھ ہی مرکزی کردار ادا کرنے والی پارٹی کانگریس کو بھی  یہی رویہ اپنانا پڑے گا۔ مدھیہ پردیش میں آپ سیٹ دو تو دہلی میں لو،راجستھا ن میں سیٹ دو تو گجرات میں لو، اتنا بڑا دل کروگے تو کام چلے گا۔ 
لیڈر کا نام ابھی طے نہیں 
 کے سی تیاگی نے کہا کہ متحدہ اپوزیشن کا لیڈر کون ہوگا،ابھی یہ طے نہیں ہوا ہےلیکن زیادہ تر رائے یہ بن رہی ہے کہ نتیش کمار کو علاقائی پارٹیوں سے بات کرنے کی ذمہ داری دی جائے۔ اس کی وجہ یہ ہے کہ نہ تو نوین پٹنائک ، نہ کے سی آر، نہ وائی ایس آر، نہ عام آدمی پارٹی ، نہ اکالی دل، نہ اوم پرکاش چوٹالہ ، ان میں سے کوئی بھی کانگریس کے ساتھ آنے کے  لئے تیار نہیں ہیں کیونکہ ان کے رشتے کانگریس سے خراب ہیں البتہ نتیش  کے روابط ان سب کے ساتھ اچھے ہیں۔باوثوق ذرائع کا کہنا ہے کہ نتیش کمار کو یو پی اے کا کنوینر بنایا جاسکتا ہے۔ا س تعلق سے انہوں نے ہامی بھری ہے۔
منوج جھا نے بھی اطمینان ظاہر کیا 
 اسی طرح میٹنگ میں موجودرہے آرجے ڈی کے قومی ترجمان پروفیسر منوج جھا نے بھی  میٹنگ کو تاریخی قرار دیا۔ انہوں نے ’انقلاب‘ کے سوال کے جواب میں کہا کہ یہ ایک تاریخی ملاقات تھی ۔ملک کے عوام کو ترقی پسند متبادل فراہم کرنے کے لئے اپوزیشن پارٹیوں کو ایک  پلیٹ فارم پر لانے کی کوشش کی جائے گی۔ 
میٹنگ میں کو ن کون تھا 
  اس اہم میٹنگ میں نتیش کمار اور تیجسوی یادو کے علاوہ جے ڈی یو کے قومی صدر راجیو رنجن عرف للن سنگھ ، بہار کے وزیراطلاعات وتعلقات عامہ سنجے جھا، آرجے ڈی کے قومی ترجمان پروفیسر منوج جھا اور کانگریس لیڈر سلمان خورشید بھی موجود تھے۔ نتیش کمار منگل کو پٹنہ سے دہلی پہنچے تھے اور اسی دن انہوں نےلالو پرساد یادو سے ملاقات کی تھی ۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK