کہا کہ ملک میں عدم مساوات کے موجودہ حالات کی وجہ سے کوٹہ سسٹم ختم نہیں کیا جاسکتا۔
EPAPER
Updated: September 11, 2024, 10:49 AM IST | Agency | Washington
کہا کہ ملک میں عدم مساوات کے موجودہ حالات کی وجہ سے کوٹہ سسٹم ختم نہیں کیا جاسکتا۔
لوک سبھا میں اپوزیشن لیڈر راہل گاندھی نے امریکہ کی جارج ٹاؤن یونیورسٹی میں طلبہ سے گفتگو کرتے ہوئے کئی اہم موضوعات پر روشنی ڈالی ۔انہوں نے ریزرویشن پر بطور خاص اپنے خیالات کا اظہار کیا اور کہا کہ ملک میں موجودہ حالات میں معاشی و سماجی طور پر عدم مساوات بہت زیادہ ہے۔ اس لئے فی الحال ریزرویشن ختم کرنے پر غور نہیں کیا جا سکتا۔ انہوں نےکہا کہ جب ہندوستان ایک منصفانہ جگہ بن جائے گا اور عدم مساوات نہ کے برابر ہو جائے گی تبھی ریزرویشن کو ختم کرنے پر بات کی جائے گی۔ انہوں نے اعدادوشمار کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ مالیاتی وسائل میں قبائلیوں کو ۱۰۰؍ روپے میں سے ۱۰؍ پیسے، دلتوں کو ۵؍ روپے اور او بی سی کو بھی اسی تناسب سے وسائل ملتے ہیں، جو ملک کے وسائل میں ان کے حصہ داری کم ہونے کی عکاسی ہے۔ ہماری کوشش ہے کہ یہ حصہ داری بڑھائی جائے۔
راہل گاندھی نے کہاکہ مسئلہ یہ ہے کہ ۹۰؍فیصد ہندوستان اپنے حقوق سے محروم ہے۔ ہندوستان کے کاروباریوں کی فہرست دیکھیں، ان میں نہ دلت ہیں، نہ قبائلی ہیں اور نہ اوبی سی ہیں۔ سر فہرست ۲۰۰؍ کاروباریوں میں سے میں سمجھتا ہوں کہ صرف ایک او بی سی ہے جبکہ حقیقت یہ ہے کہ ہندوستان کی ۵۰؍فیصد آبادی اوبی سی ہے لیکن ہم انہیں حصہ داری نہیں دے پارہے ہیں۔ راہل نے یہ بھی اعتراف کیا کہ ریزرویشن واحد حل نہیں ہے لیکن یہ ایک بہترین طریقہ ضرور ہے۔ یوسی سی پر راہل نے کہا کہ جب تک بی جے پی اس کا مسودہ نہیں عام کرتی ہم اس پر کوئی تبصرہ نہیں کریں گے ۔